سرٹیفکیٹ نہ ہونے کے سبب داخلے سے محروم رہ جانے والی حمنہ کو انقلاب کی خبر کی بدولت داخلہ مل گیا
EPAPER
Updated: December 24, 2020, 7:55 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
سرٹیفکیٹ نہ ہونے کے سبب داخلے سے محروم رہ جانے والی حمنہ کو انقلاب کی خبر کی بدولت داخلہ مل گیا
کاسٹ سرٹیفکیٹ ملنے میں ہونے والی تاخیر کے سبب مدنپورہ کی حمنہ عبدالسلام انصاری کا ایم بی بی ایس کا داخلہ منسوخ ہوگیاتھا جس کی مکمل رپورٹ ۲۲؍دسمبر۲۰۲۰ء کو روزنامہ اانقلاب میں شائع ہو ئی تھی۔ اس خبر کے شائع ہونےبعد کاسٹ ویلیڈٹی کمیٹی ممبئی کےذمہ داران نے حمنہ عبدالسلام انصاری کو ۲۲؍دسمبر کو ہی مذکورہ سرٹیفکیٹ دے دیا۔ ساتھ ہی اوپن زمرےمیں اورنگ آباد گورنمنٹ میڈیکل کالج میں اس کا داخلہ بھی ہوگیا۔ اطلاع کے مطابق ذمہ داران نے خود ہی بلاکہ طالبہ کو اس کا سرٹیفکیٹ اس کے حوالے کر دیا۔
اس ضمن میں اب تک حمنہ کے سرٹیفکیٹ کا سارا معاملہ دیکھنے والے آل انڈیا مومن کانفرنس مہاراشٹر کے جنرل سیکریٹری پرویز انصاری نے انقلاب کو بتایاکہ ’’ کاسٹ ویلیڈٹی کمیٹی ممبئی کے ذمہ داران کی لاپروائی سے حمنہ کا میڈیکل کالج میں داخلہ منسوخ ہوگیاتھا۔ لیکن روزنامہ انقلاب میں اس سے متعلق شائع ہونے والی خبر کا فوری اثر ہوا اور مذکورہ کمیٹی کے ذمہ داران نے خود ہی منگل کو ہمیں بلایااورسرٹیفکیٹ سے متعلق کچھ ضروری سوالات کرنےکےبعد سرٹیفکیٹ ہمارے حوالے کر دیا۔
اخبار میں خبر کیوں شائع کروائی؟
پرویز انصاری نے بتایا کہ افسران نے ان سے اخبار میں خبر شائع ہونے پر شکایت بھی کی۔ ان کے مطابق ’’ افسران نے کہاکہ آپ لوگوںنے اخبار میں اس بارےمیں خبر کیوں شائع کروائی؟ ہم سے آکر شکایت کرنی چاہئے تھی۔ ‘‘ پرویز انصاری کے مطابق ’’لیکن انہوں نے سرٹیفکیٹ دینے کے معاملے میں کوئی تامل نہیں کیابلکہ اس طرح کی گفتگو کے فوراً بعد مذکورہ سرٹیفکیٹ دے دیا۔‘‘انہوں نے بتایا کہ ’’سرٹیفکیٹ مل جانے کے بعد رکن اسمبلی امین پٹیل کی کوششوں سے حمنہ کا داخلہ اورنگ آباد کے میڈیکل کالج میں ہوگیا۔ داخلے کیلئے امین پٹیل نے میڈیکل ایجوکیشن کے کابینی وزیر امیت دیشمکھ کےعلاوہ ریاستی وزیر دھننجے منڈے اور وجئے ویٹی وار سے فوری طورپر رابطہ کیا اور حمنہ کو اوپن کیٹیگری میں ایم بی بی ایس میں داخلہ دلانےمیں اہم رول اداکیا۔‘‘
اس تعلق سے انقلاب نے حمنہ اور ان کے والد سےبھی گفتگو کی کوشش کی لیکن حمنہ اوراس کےوالد عبدالسلام انصاری بدھ کو داخلے کی کارروائی کے سلسلہ میں اورنگ آباد گئے ہیں اس لئے ان سے رابطہ نہیں ہوسکا۔ واضح رہے کہ حمنہ انصاری کو نیٹ امتحان میں ۷۰۰؍ میں سے ۶۱۲؍ مارکس حاصل ہوئے تھے لیکن کاسٹ سرٹیفکیٹ نہ ملنے کے سبب اس کا داخلہ منسوخ ہو گیا تھا۔