حاجیوں کو رقم ان کے اکاؤنٹ میں براہ راست منتقل کردی جائے گی۔ ممبئی سے جانے والے حجاج کو ۹؍ہزار ۲۱۲؍روپے لوٹائے جائیں گے۔
EPAPER
Updated: September 18, 2025, 10:01 AM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai
حاجیوں کو رقم ان کے اکاؤنٹ میں براہ راست منتقل کردی جائے گی۔ ممبئی سے جانے والے حجاج کو ۹؍ہزار ۲۱۲؍روپے لوٹائے جائیں گے۔
۲۰۲۲ءمیں حج بیت اللہ کے لئے ممبئی سے جانے والے حجاج کو ۲۰۲۵ء میں ۹؍ہزار ۲۱۲؍ روپے واپس دینے کا حج کمیٹی آف ا نڈیا نے اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ ۹؍دیگر مراکز سے روانہ ہونے والے عازمین کو بھی تقریباً اتنی ہی یا اس سے کچھ کم رقم لوٹائی جائے گی۔ یہ مجموعی رقم کروڑوں روپے میں ہے۔ قونصل جنرل جدہ برائے ہند کی جانب سے ۴؍برس بعد اب حساب کتاب فائنل کیا گیا ہے جبکہ بعض حجاج بھول بھی گئے ہوں گے کہ ان کو رقم واپس ملے گی۔ ابھی ۲۴-۲۰۲۳ءکا حساب بھی نہیں ہوا ہے، ۲۰۲۵ء تو الگ رہا۔
حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حجاج کے ہیڈ کور کے اکاؤنٹ میں یہ رقم منتقل کی جائے گی اس لئے وہ اپنےکھاتے فعال رکھیں تاکہ رقم کی منتقلی میں کوئی مسئلہ نہ ہو۔
یادر ہےکہ ایک جانب معمولی سی تاخیر پرحج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے عازمین کوانتباہ دیا جاتا ہے ، مختلف مدوں میں رقم کاٹ لی جاتی ہے اور سیٹ منسوخ کرنے تک کی وارننگ دی جاتی ہے اور دوسری جانب حجاج کی رقم تین تین چار چار سال بعد لوٹائی جاتی ہے، اس کا کیا جواز ہے اوراس سے حجاج کا کیا فائدہ ہے۔ حالانکہ حج کمیٹی آف انڈیاکا یہ کہنا درست ہےکہ یہ تمام حساب کتاب سعودی عرب میں حجاج کودی جانے والی سروسیز سےمتعلق تھا اور قونصل جنرل جدہ کی جانب سے اب حساب کتاب فائنل کیا گیا ہے اسی لئے تاخیر ہوئی مگرعازمین کی ایک ایک پائی لوٹائی جارہی ہے۔
حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای اوشہنواز سی کی جانب سے جاری کردہ سرکیولر کے مطابق ممبئی کے علاوہ احمدآباد سےجانے والے حجاج کو ۹۱۹۴؍ روپے ، بنگلور کے حجاج کو ۸۹۲۹؍روپے ، کالی کٹ سے جانے والوں کو۹۰۸۴؍روپے ، دہلی سے جانے والوں کو ۹۰۳۹؍ روپے ، گوہاٹی سے جانے والوں کو ۸۸۴۳؍ روپے ، حیدرآباد سے جانے والے حجاج کو۹۰۱۷؍روپے ، کولکاتہ سے جانے والے حجاج کو ۸۷۴۶؍روپے ، لکھنؤسے جانے والے حجاج کو۹۰۲۴؍روپے اور سری نگر سے جانے والے حجاج کوسب سے زیادہ ۹۷۷۲؍ روپے فی حاجی لوٹائے جائیں گے۔
حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای اوشہنواز سےیہ پوچھنے پر کہ ممبئی کےعازمین کی کل تعداد کتنی تھی اور ان کی مجموعی رقم کتنی ہے تو انہوں نے بتایا کہ ’’ اسے دیکھ کربتاؤں گا ۔‘‘
یہ بھی یاد رہے کہ مجموعی طور پریہ رقم کئی کروڑ روپے ہوگی جو حجاج کواب لوٹائی جائے گی ۔ بہرحال یہ خوش آئند ہے کہ دیر سے ہی سہی، حجاج کوان کی بقیہ رقم لوٹانے کا اعلان کیا گیا ہے۔