مرکزی وزارت جل شکتی نےدرجہ بندی جاری کی جس کے مطابق ایم پی اور مہاراشٹر کی سرحد کے قریب واقع اس ضلع نے کئی پیمانوں پر اپنے آپ کو سرفہرست ثابت کیا۔
EPAPER
Updated: June 02, 2025, 12:18 PM IST | Agency | Bhopal
مرکزی وزارت جل شکتی نےدرجہ بندی جاری کی جس کے مطابق ایم پی اور مہاراشٹر کی سرحد کے قریب واقع اس ضلع نے کئی پیمانوں پر اپنے آپ کو سرفہرست ثابت کیا۔
مدھیہ پردیش کے تاریخی اہمیت کے حامل ضلع کھنڈوا نے پانی کے تحفظ کے معاملات میں کی گئی درجہ بندی میں ملک کے سر فہرست ضلع کا مقام حاصل کیا ہے جبکہ ریاستوں کے زمرے میں مدھیہ پردیش ملک میں چوتھے مقام پر ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کھنڈوا کے شہریوں اور وہاں کے حکام کو اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ یہاں دی گئی سرکاری اطلاع میں کہا گیا کہ مرکزی جل شکتی وزارت نے ریاست اور اضلاع کی درجہ بندی جاری کی ہے جس میں پانی کے تحفظ کے اضلاع میں کھنڈوا ضلع نے پورے ملک میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:وندے بھارت ٹرینوں کے ناشتے سے نان ویج ہٹانے سے مسافر ناراض
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے `پانی کی حفاظت، عوامی شراکت مہم میں کھنڈوا ضلع کو ملک میں پہلا مقام حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کھنڈوا کے شہریوں، عوامی نمائندوں اور سرکاری افسران کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پانی کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ڈاکٹر یادو نے کہا ہے کہ ہمیں پورا بھروسہ ہے کہ اس مہم میں ریاست کے تمام اضلاع میں بہتر کام کیا جائے گا اور زیادہ سے زیادہ پانی بچایا جائے گا۔
جل گنگا سموردھن ابھیان کے ریاستی سطح کے نوڈل افسر اور منریگا کمشنر اوی پرساد نے کہا کہ کھنڈوا ضلع میں مہم کے تحت اور عوامی تعاون کے ساتھ ایک لاکھ ۲۹؍ ہزار سے زائد ایسے ڈھانچے بنائے گئے جن کے ذریعے پانی محفوظ کیا جاسکتا ہے اور یہی ضلع کی کامیابی کا سبب بنا ہے۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے زیر زمین پانی کی سطح بڑھانے، کنوئوں میں پانی کی سطح اونچی کرنے اور پانی کے زیادہ سے زیادہ تحفظ کے لئے یہ مہم شروع کر رکھی ہے۔