عوامی سطح پر کشیدگی اور سخت سیکوریٹی کے بیچ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد۔
EPAPER
Updated: November 29, 2026, 10:02 AM IST | Madurai
عوامی سطح پر کشیدگی اور سخت سیکوریٹی کے بیچ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد۔
سپریم کورٹ کی ہدایت پر سنیچر کو پہلی بار شام ٹھیک۵؍ بجے تروپارن کنڈرم پہاڑی کی چوٹی سلطان سکندر بادشاہ اولیاء کی درگاہ ومسجد کے قریب واقع متنازعہ دیپتھون پر کارتھگئی دیپم روشن کیا گیا۔
روایتی چراغ روشن کرنے کے حق کو لے کر طویل قانونی جدوجہد کے بعد یہ تقریب سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان منعقد ہوئی، جس میں دو سبکدوش ججوں اور مندر کے پجاریوں نے حصہ لیا۔ میگھالیہ ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس ایس ویدنایاتھن اور مدراس ہائی کورٹ کے سابق جج وی پارتھیبن نے مندر کے انتظامات کی نگرانی کیلئے عدالتی نگراں کی حیثیت سے شرکت کی۔پہاڑی کی چوٹی پر واقع دیپتھون ایک طویل عرصے سے تنازع کا مرکز بنا ہوا ہے۔ ہندو تنظیموں کا مطالبہ تھا کہ کارتھگئی دیپم کا چراغ اسی مقام پر روشن کیا جائے۔ روایتی طور پر یہ چراغ اوچی پلئیار مندر کے قریب واقع دیپا منڈپم میں روشن کیا جاتا ہے۔ سنیچر کی صبح ہی تقریب کی تیاریاں شروع کردی گئی تھیں اور کارکنوں نے دیپتھون کے اطراف بانس کا مچان تیار کیا۔ مندر کے حکام تین مٹی کے چراغ، گھی اور دیپم روشن کرنے کے لیے درکار دیگر سامان روایتی موسیقی کے آلات کے ساتھ جلوس کی شکل میں پہاڑی پر لے کر گئے۔ سیکوریٹی کے انتظامات انتہائی سخت کردیئےگئے تھے۔عوامی سطح پر کشیدگی واضح طور پر محسوس کی جارہی تھی۔ دیاروشن کرنے کی کارروائی کو دیکھتے ہوئے سنیچر کوسلطان سکندر بادشاہ اولیاء کی درگاہ ومسجد میں بڑی تعداد میں لوگوں نے پہنچ کر مسلمانوں کے حق کے اظہار کی بھی کوشش کی۔