اقلیتی تعلیمی اتھاریٹی نے معائنہ کے دوران ضوابط کی پابندیوں میں خامیوں اور طلبہ کے ڈریس کوڈ میں کمی کا حوالہ دیا۔
EPAPER
Updated: November 29, 2026, 10:06 AM IST | Dehradun
اقلیتی تعلیمی اتھاریٹی نے معائنہ کے دوران ضوابط کی پابندیوں میں خامیوں اور طلبہ کے ڈریس کوڈ میں کمی کا حوالہ دیا۔
اتراکھنڈ کے محکمہ بہبوداقلیت نے مقررہ معیارات پر پورا نہ اترنے کے الزام میں مزید ۱۴؍ مدارس کو نوٹس دیئے ہیں۔ نوٹس موصول ہونے کے ایک ہفتے بعد بھی ابھی کسی مدرسہ نے اپنا جواب داخل نہیں کیا ہے۔ان میں سے بیشتر مدارس ضلع ہریدوار میں واقع ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ریاستی اقلیتی تعلیمی اتھاریٹی کے معائنہ کے دوران بعض مدارس میں خامیاں پائی گئیں، جن میں بچوں کیلئے ڈریس کوڈ کا نہ ہونا اور طلبہ کیلئے مناسب فرنیچر کی عدم دستیابی شامل ہے۔یہ نوٹس مقررہ معیارات کی مبینہ خلاف ورزی اور ریاستی اقلیتی تعلیمی اتھاریٹی سے منظوری حاصل کیے بغیر مذہبی تعلیم فراہم کرنے کے معاملہ میں جاری کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: سوئزرلینڈ میں برفباری ہو تبھی خرید سکیں گے اومیگا سواچ کی منفرد اسنوپی گھڑی
اس کارروائی کے بعد مسلمانوں میں مدارس کی تعلیم کے ساتھ حکومتی رویے اور ریاست میں مذہبی تعلیمی اداروں کے مستقبل کے حوالہ سے تشویش پیدا ہوگئی ہے۔ بعض افراد نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا مسلم تعلیمی اداروں کے خلاف حکومتی کارروائی ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ کے تحت جامع ترقی کے دعویٰ سے مطابقت رکھتی ہے؟
اتراکھنڈ حکومت نے یکم جولائی ۲۰۲۶ء کو ایک نیا نظام متعارف کرایا تھا، جس کے تحت مدرسہ بورڈ ختم کردیاگیا۔ اسکولی تعلیم فراہم کرنے والے اداروں کیلئے محکمۂ تعلیم سے منظوری حاصل کرنا ضروری ہے جبکہ مذہبی تعلیم دینے والے اداروں کو ریاستی اقلیتی تعلیمی اتھاریٹی سے منظوری لینی ہوگی۔ مذہبی تعلیم فراہم کرنے والے اقلیتی تعلیمی اداروں کیلئے مذکورہ اتھاریٹی سے منظوری حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔