گورنر جشنو دیو ورما، وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اورکئی لیڈران کی شرکت۔ ریاست مہاراشٹر کے قیام کی تحریک کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
EPAPER
Updated: May 02, 2026, 2:50 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai
گورنر جشنو دیو ورما، وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اورکئی لیڈران کی شرکت۔ ریاست مہاراشٹر کے قیام کی تحریک کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
جمعہ کو ریاست مہاراشٹر کا ۶۷؍ واں یوم تاسیس شاندار طریقے سے منایا گیا۔ اس موقع پر دادر کے شیواجی پارک میں ریاستی گورنر جشنو دیو ورما کی سربراہی میں ، وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس اور دیگراہم شخصیات کی موجودگی میں ممبئی پولیس کے دستوں اور ریاستی فورسیزنے شاندار پریڈ کی۔ یہی نہیں ہتاتما چوک پر ریاست مہاراشٹر کی تحریک کے شہداء کی یاد گار پر گلہائے عقیدت بھی پیش کئے گئے اور ان کی قربانیوں کو یادکیا گیا۔
’مہاراشٹر ڈے کے موقع پر شیواجی پارک میں منعقدہ تقاریب سے قبل ریاستی گورنر جشنو دیو ورمانے قوم پرچم لہرانے کے ساتھ ہی شہیدوں کی قربانیوں کو یاد کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر ریاست مہاراشٹر کی پولیس فورسیز کی الگ الگ بٹالین اور ممبئی پولیس فورس کے جوانوں نے الگ الگ پریڈ کا اہتمام کرکے ریاست کی تشکیل میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وہیں گورنر نے جوانوں کی پریڈ پر کھڑے ہو کر ان کی سلامی کا جواب دیا۔
یہ بھی پڑھئے: ممبئی۔ بھیونڈی کوریڈور میں این سی بی کی بڑی کارروائی، ۳۴۹؍کلو کوکین ضبط
شیواجی پارک میں مہاراشٹر کے ۶۷؍ ویں یوم تاسیس کے موقع پر ہونے والی پریڈ کے موقع پر ریاستی وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے علاوہ ممبئی کی میئر ریتو تاوڑے، چیف سیکریٹری راجیش اگروال، مہاراشٹر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس سدا نند داتے، بی ایم سی کمشنراشوینی بھِڈے اور ممبئی پولیس کمشنر دیوین بھارتی بھی موجودتھے۔ یہی نہیں اس تقریب میں مختلف ممالک کے قونصل جنرل اور اعزازی قونصل جنرل کے علاوہ مسلح افواج کے اعلیٰ افسران، ریٹائرڈ انتظامی اور پولیس افسران کے علاوہ شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کی قابل ذکر بات یہ رہی کہ اس شاندار پریڈ میں ریاستی ریزرو پولیس فورس، برہن ممبئی آرمڈ پولیس، فسادات پر قابو پانے والا دستہ، خواتین پولیس فورس، ممبئی ریلوے پولیس فورس، مہاراشٹر پولیس کے علاوہ برہن ممبئی فائر بریگیڈ، ٹریفک پولیس، بی ایم سی سیکوریٹی فورس اور سیکوریٹی گارڈز بورڈ کے یونٹوں نے بھی پریڈ میں حصہ لیا ساتھ ہی براس اور پائپ بینڈ پرفارم کیا۔
تقریبات کے اختتام پرگورنر جشنودیو ورما نے سفیروں، قونصلروں اور سینئر حکام کیساتھ گفتگو کی۔