منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف ایک فیصلہ کن پیش رفت میں نارکوٹک کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ’آپریشن وہائٹ اسٹرائیک‘ کے تحت بھیونڈی لاجسٹک کوریڈور میں ایک بڑے بین الاقوامی کوکین اسمگلنگ نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے ۳۴۹؍کلوگرام اعلیٰ معیار کی کوکین ضبط کر لی ہے۔
این سی بی کے ذریعے ضبط کی گئی کوکین کی غیر قانونی مارکیٹمیں ۱۷۴۵؍کروڑ روپے بتائی گی ہے۔ تصویر: آئی این این
منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف ایک فیصلہ کن پیش رفت میں نارکوٹک کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ’آپریشن وہائٹ اسٹرائیک‘ کے تحت بھیونڈی لاجسٹک کوریڈور میں ایک بڑے بین الاقوامی کوکین اسمگلنگ نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے ۳۴۹؍کلوگرام اعلیٰ معیار کی کوکین ضبط کر لی ہے جس کی عالمی غیرقانونی مارکیٹ میں مالیت تقریباً ۱۷۴۵؍ کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق یہ کامیاب کارروائی ۶؍ ماہ سے زائد عرصے تک جاری خفیہ نگرانی، تکنیکی انٹیلی جنس اور مربوط حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔ این سی بی ذرائع کے مطابق اسمگلنگ کیلئے نوی ممبئی، تھانے کے کلمبولی بھیونڈی کوریڈور کو باقاعدہ لاجسٹک روٹ کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا، جہاں گوداموں، ٹرانسپورٹ گاڑیوں اور مشینری کے ذریعے منشیات کی ترسیل کو خفیہ رکھا جاتا تھا۔ اسی سلسلے میں مختلف ٹیموں نے مربوط چھاپہ مار کارروائیاں انجام دیں، جن سے ایک منظم اور کثیر سطحی سپلائی چین کا انکشاف ہوا۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت منشیات کے مکمل خاتمے کیلئے پُرعزم ہے۔ انہوں نے اس آپریشن کو ’باٹم ٹو ٹاپ‘ حکمت عملی کی کامیاب مثال قرار دیا، جس کے تحت نچلی سطح سے آغاز کر پورے نیٹ ورک تک رسائی حاصل کی گئی۔
یہ بھی پڑھئے: پائیدھونی میں۴؍ اموات کے بعد تربوز کاکاروبا رمتاثر
پہلی کارروائی: این سی بی ٹیم نے نوی ممبئی کے کلمبولی علاقے میں واقع کے ڈبلیو سی ویئرہاؤسنگ کمپلیکس کے قریب ایک مشتبہ ماروتی سوزوکی سپر کیری ایم ایچ ۰۳ ڈی وی ۳۸۰۳(سی این جی ) گاڑی کو روکا۔ تلاشی کے دوران ۱۳۶؍ پیکٹ (فی پیکٹ ایک کلو) کوکین برآمد کیے گئے، جنہیں نہایت چالاکی سے کرکٹ پیڈ اور دستانوں کے اندر چھپا کر کارٹنوں میں رکھا گیا تھا۔
دوسری کارروائی:گرفتار ملزم سے حاصل شدہ معلومات کی بنیاد پر این سی بی نے فوری طور پر بھیونڈی کے رہنال گاؤں میں واقع لکشمن کمپاؤنڈ کے ایک گودام پر چھاپہ مارا، جہاں سے مزید ۲۱۳؍ پیکٹ (فی پیکٹ ایک کلو) کوکین برآمد ہوئے۔ اس طرح مجموعی ضبطی ۳۴۹؍ کلوگرام تک پہنچ گئی، جو ملک میں حالیہ برسوں کی بڑی کارروائیوں میں شمار کی جا رہی ہے۔
اسمگلنگ کا طریقۂ کار:ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ منشیات کو بیرونِ ملک سے مشینری کے اندر خفیہ خانوں میں چھپا کر ہندوستان لایا گیا۔ ہر پیکٹ کو ۹؍ تہوں والی پلاسٹک پیکنگ میں بند کیا گیا تھا، جن میں ایک تہہ خاص سیاہ چکنے مادے کی تھی تاکہ اسکیننگ اور سراغ رسانی کے عمل کو دھوکہ دیا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بھیونڈی کے ویئرہاؤس نیٹ ورک کا استعمال اس بات کا ثبوت ہے کہ اسمگلروں نے ایک منظم لاجسٹک چین قائم کر رکھی تھی، جس میں درآمد، ذخیرہ اور ملک کے مختلف حصوں میں سپلائی کا مربوط نظام شامل تھا۔
این سی بی اب اس بین الاقوامی نیٹ ورک کے سرغنہ، مالی معاونین، آپریٹرز اور ممکنہ خریداروں کی تلاش میں سرگرم ہے۔ ذرائع کے مطابق مزید گرفتاریاں متوقع ہیں اور اس کیس کے بین الاقوامی روابط کی بھی چھان بین کی جا رہی ہے۔