• Fri, 02 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ مہایوتی، ممبئی کو انتظامیہ اور شہری سہولیات فراہم کرنے میں ناکام‘‘

Updated: January 02, 2026, 4:17 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ممبئی کانگریس کی صدر اور رکن پارلیمان ورشا گائیکواڑنے دعویٰ کیا کہ بدعنوانی سے پاک نظام دینا کانگریس کا عزم۔

Varsha Gaikwad speaking at the press conference. Picture: INN
پریس کانفرنس میں ورشا گائیکواڑ اظہار خیال کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
ممبئی کانگریس کی جانب سے مہایوتی اتحاد پر جمعرات کو شدید تنقید کی گئی ۔پارٹی کی جانب سے ایک خصوصی نمائش کا افتتاح راجیو گاندھی بھون میں ممبئی کانگریس کی صدر اور رکن پارلیمان ورشا گائیکواڑ کے ہاتھوں کیا گیا۔ اس موقع پر سابق وزیر و رکن اسمبلی اسلم شیخ، ممبئی کانگریس کے ترجمان سریش چندر راج ہنس اور دیگر سینئر لیڈران موجود تھے۔نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ بدعنوان مہایوتی کے ہاتھوں ممبئی اور اسکی انتظامیہ دونوں غیر محفوظ ہو چکی ہیں۔ 
ورشا گائیکواڑ نےکہا کہ’’ ممبئی میونسپل کارپوریشن میں گزشتہ چند برسوں کے دوران بدعنوان مہایوتی حکومت نے شہر کو بدحالی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ ممبئی کے شہریوں کے ٹیکس کے ہزاروں کروڑ روپے لوٹ لیے گئے، مگر اس کے بدلے بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں انتظامیہ مکمل طور پر ناکام رہی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ’’۲۰۱۷ء سے۲۰۲۲ءکے درمیان بی ایم سی کی مجموعی کارکردگی محض ۳۸؍  فیصد رہی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ شہر کی منصوبہ بندی، نظم و نسق اور شہری سہولیات کے محاذ پر بدعنوان اتحاد بری طرح ناکام ہوا ہے۔ گزشتہ تین برسوں میں بی ایم سی کی مدتی جمع پونجی میں تقریباً ۱۲؍ ہزار کروڑ روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔‘‘
کانگریس لیڈر نے مہایوتی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’ آج ممبئی فضائی آلودگی کے معاملے میں ملک میں سرفہرست ہے۔ تعمیراتی سرگرمیوں سے اُڑنے والی گرد و غبار شہریوں کی صحت پر شدید منفی اثر ڈال رہی ہے۔ ممبئی کی لائف لائن سمجھی جانے والی بیسٹ بس سروس کو مسلسل نقصان میں دھکیلا جا رہا ہے اور کرایوں میں بے تحاشا اضافہ کر کے مسافروں پر مالی بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ بسوں کی تعداد کم کر کے ڈپو کی قیمتی زمینوں کو نجی ہاتھوں میں دینے کی سازش کی جا رہی ہے۔ اسی طرح میٹھی ندی کی صفائی کے نام پر کروڑوں روپے کا گھوٹالا ہوا، فرضی ایم او یوز کے ذریعے ٹھیکیداروں اور افسران نے شہر کے وسائل پر ڈاکہ ڈالا۔‘‘  انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ممبئی کے شہریوں کی یہ لوٹ اب بند ہونی چاہیے، اور اس کے لیے بدعنوان مہایوتی کو اقتدار سے بے دخل کرنا ناگزیر ہے۔ورشا گائیکواڑ نے واضح کیا کہ اگر ممبئی میونسپل کارپوریشن میں کانگریس کی حکومت قائم ہوتی ہے تو بیسٹ کے بیڑے میں۶؍ ہزار سے زائد نئی بسیں شامل کی جائیں گی، ہر شہری کو یونیورسل فری ہیلتھ کارڈ اور مفت ادویات فراہم کی جائیں گی، بند پڑی مراٹھی میڈیم اسکولوں کو دوبارہ شروع کر کے ان کی ازسرِ نو تزئین کی جائے گی، شہر کی پانی سپلائی کو بڑھا کر ۵؍ ہزار ملین لیٹر یومیہ تک لے جایا جائیگا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسٹریٹ وینڈرز ایکٹ۲۰۱۴ءپر مؤثر عمل درآمد کر کے منظم فٹ پاتھ بازار قائم کیے جائیں گے، جبکہ تعمیراتی آلودگی کیخلا ف سخت ضابطے نافذ کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ ہفتے کانگریس اور اسکی اتحادی پارٹیوں کا مشترکہ انتخابی منشور بھی جاری کیا جائیگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK