Updated: November 15, 2026, 4:07 PM IST
| New York
دو آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار نے حدیثِ نبویؐ کا مفہوم اپنے الفاظ میں بیان کیا، کہا خواتین کی قربانیوں اور ان کے خدا سے تعلق کو سمجھنا ضروری ہے؛ شہرت کے درمیان روزانہ کی نماز انہیں زمین سے جڑے رہنے میں مدد دیتی ہے، مذہبی تعلیمات کو ثقافتی روایات سے خلط ملط نہ کرنے کی اپیل بھی کی۔
مہرشالا علی۔ تصویر: آئی این این
ہالی ووڈ کے معروف اداکار اور دو مرتبہ آسکر ایوارڈ جیتنے والے مہرشالا علی نے امریکی صحافی اینجی مارٹنیز کو تازہ انٹرویو میں اسلام کی ان تعلیمات کی وضاحت کی ہے جن میں ماں اور خواتین کے احترام کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے حدیثِ نبویؐ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک شخص نے رسول اللہ ﷺ سے پوچھا کہ سب سے زیادہ محبت اور حسنِ سلوک کا حق دار کون ہے تو آپؐ نے تین مرتبہ فرمایا: ’’تمہاری ماں‘‘، اور اس کے بعد والد کا ذکر کیا۔ علی نے کہا کہ اس تعلیم کا مقصد صرف ماں کی اہمیت بیان کرنا نہیں، بلکہ خواتین کے مقام اور ان کی قربانیوں کو تسلیم کرنے کی ترغیب دینا بھی ہے۔ ان کے بقول، خواتین کی اپنے بچوں کو دنیا میں لانے، ان کی پرورش کرنے اور ان سے محبت کرنے کے لیے دی جانے والی قربانیوں اور ان کے وجود کے خدا سے تعلق کو سمجھنا ضروری ہے۔ ’اینجی مارٹنیز آئی آر ایل‘ کے حالیہ پوڈکاسٹ کے اس انٹرویو میں علی نے حدیث کا مفہوم بیان کرتے ہوئے اسے انگریزی میں ’’مسلم انجیل جیسی چیز‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ حدیث سے مراد رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات اور ارشادات کا محفوظ ریکارڈ ہے۔ ان کے مطابق ایک شخص نے نبی کریم ﷺ سے پوچھا کہ ہمیں سب سے زیادہ کس سے محبت کرنی چاہیے اور کون ہماری بہترین محبت اور حسنِ سلوک کا مستحق ہے؟ آپؐ نے جواب دیا: ’’تمہاری ماں۔‘‘ اس شخص نے دوبارہ پوچھا تو پھر یہی جواب ملا، تیسری مرتبہ بھی آپؐ نے ماں کا ذکر کیا اور اس کے بعد والد کا نام لیا۔
یہ بھی پڑھئے: ایکتا کپور کی نئی ہارر فلم ’ہیرو کی ہاررورین‘ کا فرسٹ لک جاری
علی نے اس تعلیم کی تشریح کرتے ہوئے کہا، ’’یہ دراصل اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ ہمارے دین میں ماؤں اور خواتین کو کتنی بلند حیثیت حاصل ہے اور ہونی چاہیے۔‘‘ انہوں نے جنت ماں کے قدموں تلے ہونے سے متعلق معروف اسلامی تعلیم کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ اس کا تقاضا ہے کہ انسان اپنی ماں کو خوش رکھنے اور اس کے ساتھ اچھا برتاؤ کرنے کی کوشش کرے۔ اپنی حالیہ فلم ’’یور مدر، یور مدر، یور مدر‘‘ کے ایک مکالمے کا حوالہ دیتے ہوئے علی نے کہا کہ ان کے کردار کا بیٹا اپنے والد کے بارے میں کہتا ہے کہ وہ ایسے جوتے پہننے کی کوشش کررہا تھا جو اس کے سائز سے تین گنا بڑے تھے۔ اداکار نے اس جملے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایک مرد کی حیثیت سے بعض معاملات میں خواتین کے اندر قدرتی طور پر ایسی صلاحیت اور گنجائش ہوتی ہے جو مردوں کی صلاحیت سے بڑھ کر ہے۔ انہوں نے اسے خدا کی عطا کردہ صلاحیت قرار دیتے ہوئے کہا، ’’آپ کو اس بات کا شعور ہونا چاہیے کہ خواتین آپ کی پرورش کرنے، آپ کو اس دنیا میں لانے، آپ سے محبت کرنے اور آپ کی دیکھ بھال کرنے کے لیے کتنی قربانیاں دیتی ہیں، اور ان کا وجود کس طرح الوہیت سے جڑا ہوا ہے۔‘‘ ان کے مطابق اس تعلیم کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ خواتین اور ماؤں کو انسان کے دل میں بہت بلند مقام حاصل ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھئے: امیتابھ بچن کو اداکاری کے ساتھ موسیقی کا بھی شوق ہے
انجی مارٹنیز نے گفتگو میں اسلام کو خوب صورت مذہب قرار دیا تو علی نے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات مذہب کے نام پر سامنے آنے والی نامناسب چیزیں دراصل ثقافتی روایات یا لوگوں کی اپنی تشریحات کا نتیجہ ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’کبھی کبھی جو چیزیں ہمیں غیر دلکش دکھائی دیتی ہیں، ان کی وجہ ثقافتی روایات یا بعض تشریحات ہوتی ہیں۔‘‘ ان کے مطابق اسلام، عیسائیت، بدھ مت، یہودیت یا ہندو مت، کسی بھی مذہب کے معاملے میں یہ فرق سمجھنا ضروری ہے کہ مذہب کی بنیادی تعلیمات کیا ہیں اور لوگ اپنی عملی زندگی میں ان تعلیمات پر کس طرح عمل کرتے ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ اس فرق کو سمجھنا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا، لیکن مذہب کے بارے میں منصفانہ گفتگو کے لیے یہ ضروری ہے۔ انٹرویو میں علی نے اپنے اسلام کی طرف آنے کے سفر کا ذکر بھی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ ابتدا میں ہیئر اسٹائلسٹ تھیں اور بعد میں باقاعدہ مذہبی پیشوا بنیں۔ جب ان کی والدہ نے اپنی زندگی میں مذہب کو زیادہ اہمیت دینا شروع کیا تو اس تبدیلی کا اثر گھر کے ماحول اور بچوں کی تربیت پر بھی پڑا۔ علی کے مطابق ان کی والدہ نے انہیں ۱۶؍ برس کی عمر میں جنم دیا تھا۔ انہوں نے بچپن میں اپنی والدہ کو بیوٹی کالج سے فارغ التحصیل ہوتے دیکھا اور بعد میں انہیں مذہبی خدمت کی جانب بڑھتے ہوئے بھی دیکھا۔ ان کے بقول، والدہ کے اس سفر نے ان کی اپنی زندگی پر گہرا اثر ڈالا، اگرچہ اس وقت وہ خود ان تبدیلیوں کا فیصلہ نہیں کررہے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: کوچیلا ۲۰۲۷ء: دعا لیپا، ٹیم امپالا اور ایس زیڈ اےمرکزی فنکارہوں گے
انہوں نے بتایا کہ گریجویٹ تعلیم کے دوران ان کے ذہن میں عقائد اور زندگی سے متعلق کئی سوالات پیدا ہوئے۔ وہ مختلف کتابیں پڑھنے لگے اور دنیا کو سمجھنے کی کوشش کرنے لگے۔ اسی دوران وہ چند مساجد میں گئے اور نماز میں شریک ہوئے۔ علی نے اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا، ’’میں نے نماز کے دوران خود کو روتے ہوئے پایا۔ میں سوچ رہا تھا کہ میں کیوں رو رہا ہوں؟ یہ بہت خوبصورت احساس تھا، لیکن مجھے اس کا ایک لفظ بھی سمجھ نہیں آرہا تھا۔ وہ عربی میں نماز پڑھ رہے تھے اور مجھے معلوم ہی نہیں تھا کہ کیا کہا جارہا ہے، مگر میری آنکھوں سے آنسو جاری تھے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ دو مرتبہ نماز کے دوران انہیں یہی کیفیت محسوس ہوئی۔ علی نے مزید کہا کہ اسلام کی بنیادی تعلیمات میں انہیں سب سے زیادہ خدا کی وحدانیت اور حضرت محمد ﷺ کی رسالت کا تصور متاثر کن لگا۔ ان کے الفاظ میں، ’’خدا ایک ہے اور محمدؐ اس کے رسول ہیں، خدا نہیں۔ مجھے یہی بات درکار تھی۔ میرے لیے یہ تصور زیادہ واضح اور قابلِ فہم تھا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس تصور نے انہیں اپنی طرف کھینچا اور انہیں محسوس ہوا کہ وہ اس راستے کی جانب بلائے جارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: شاہ رخ خان کے محل نما گھر ’منت‘ میں کرائیوتھراپی کی سہولت اور ذاتی سنیما ہال بھی موجود
ہالی ووڈ کی شہرت، کامیابی اور لوگوں کی توقعات کے درمیان خود کو متوازن رکھنے سے متعلق سوال پر علی نے روزانہ نماز کی اہمیت بیان کی۔ انہوں نے کہا، ’’میرے خیال میں مسلمان ہونے کے ناتے آپ کو ہر روز نماز ادا کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے، اور یہ ایسی چیز ہے جو یقیناً مجھے زمین سے جڑے رہنے اور میری مدد کرنے کا ذریعہ بنتی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کامیاب ہونے کے باوجود ایک ایسا انسان رہنا زیادہ پسند کریں گے جو اپنی حقیقت سے جڑا ہو۔ ان کے مطابق کامیابی حاصل کرکے ایسا شخص بن جانا جس سے دوسرے لوگ خود کو وابستہ محسوس نہ کرسکیں، ان کے لیے کوئی پُرکشش بات نہیں۔ گفتگو میں ان کی نئی فلم ’یور مدر، یور مدر، یور مدر‘ کا بھی ذکر ہوا، جس میں علی نے لطیف نامی ایک ایسے شخص کا کردار ادا کیا ہے جس کی بیوی کا انتقال ہوگیا ہے۔ اس کی اہلیہ خدیجہ کی وفات کے بعد وہ تین بچوں کی پرورش کررہا ہے۔ علی نے بتایا کہ فلم میں ان کی مرحوم اہلیہ نے بچوں کی تربیت میں مذہبی شعور، دعا اور اللہ پر یقین کی بنیاد رکھی ہے۔ جب ان کا کردار خود روحانی بے یقینی اور مشکلات کا شکار ہوتا ہے تو بچے اسے وہی تعلیمات یاد دلاتے ہیں جو اس نے انہیں بچپن میں دی تھیں۔ علی کے مطابق بعض اوقات بچے بھی اپنے والدین کے استاد بن جاتے ہیں اور انہیں ان کی اپنی سکھائی ہوئی باتیں یاد دلاتے ہیں۔