Inquilab Logo

ماہم : گارڈن اور جاگنگ ٹریک بنانے کا راستہ صاف

Updated: January 14, 2020, 3:23 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

کئی برسوں کے انتظار کے بعد ماہم اور اطراف میں آباد مکینوں کو ماہم ساحل پر موجود گندگی سے نہ صرف چھٹکارہ مل جائے گا بلکہ منظور شدہ پروجیکٹ کی مدد سے اسے ایک خوبصورت گارڈن میں تبدیل کیا جائےگا ۔

گارڈن اور جاگنگ ٹریک بنانے کااعلان کرنے کیلئے ایک پروگرام ۔ تصویر : انقلاب
گارڈن اور جاگنگ ٹریک بنانے کااعلان کرنے کیلئے ایک پروگرام ۔ تصویر : انقلاب

ممبئی : کئی برسوں کے انتظار کے بعد ماہم اور اطراف میں آباد مکینوں کو ماہم ساحل پر موجود گندگی سے نہ صرف چھٹکارہ مل جائے گا بلکہ منظور شدہ پروجیکٹ کی مدد سے اسے ایک خوبصورت گارڈن میں تبدیل کیا جائےگا ۔ اتوارکو  ماہم کھاڑی ( ریتی بندر ) کو خوبصورت بنانے کے سلسلہ میں شیوسینا کے ممبر آف پارلیمنٹ راہل شیوالے، شیوسینا کے ہی مقامی کارپوریٹر ملند ویدیہ،مقامی مکین اور سماجی رضا کاروں کی مسلسل کوششوں کے سبب کئی برسوں سے ماہم کھاڑی کی تزئین کاری کے پروجیکٹ کو بالآخر ہری جھنڈی دکھا دی گئی ۔
  اتوار کو ماہم کھاڑی میں گارڈن اور جاگنگ ٹریک کے علاوہ اسےسیاحوں اور مقامی لوگوں کیلئے خو بصورت بنانے کی بنیاد ڈالتے ہوئےماہم کے مقامی مکینوں  اورمختلف تنظیم سے وابستہ سماجی رضاکاروں نےساحل کے کنارے موجود کوڑا کرکٹ اور گندگی کو صاف کیا ۔’ماہم بیچ کلین اپ ٹیم‘ جس نے ۲؍ سال قبل مذکورہ بالا ساحلی علاقے کو گندگی سے پاک کرنے کی مہم چلائی تھی ، نے  اسکول  اور کالج کے طلبہ اور بی ایم سی عملہ کے ساتھ مل کرصبح ساڑھے ۸؍ بجے ایک بار پھر ماہم بیچ کو خوبصورت بنانے کے مقصد سے ساحلی علاقے کی صفائی کی تھی ۔ 
  وہیں شیو سینا کے مقامی کارپوریٹر ملند ویدیہ نے ایم پی راہل شیوالے اور ماہم کےرہنے والے ہائی کورٹ کے سینئر وکیل عقیل احمد شیخ کے ہمراہ ماہم بیچ کی تزئین کاری کی بنیاد رکھی ۔ اس موقع پر کارپوریٹر ملند ویدیہ نے بتایا کہ کئی سال قبل ماہم بیچ کو سیاحوں کا مرکز بنانے کے مقصد سے مذکورہ بالا پروجیکٹ کو بی ایم سی کمیٹی میں رکھا گیا تھا جو اب جاکر منظور ہوا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروجیکٹ کے سبب نہ صرف ماہم کھاڑی جہاں گندگی کا انبارموجود رہتا تھا ، کی تزئین کاری کے بعد خوبصورت ہوجائے گا بلکہ سیاحوں کا مرکز بھی بن جائے گا۔ 
 انہوںنے کہا کہ ساڑھے۳؍ کروڑ کی لاگت سے بننے والے اس گارڈن میں نہ صرف جاگنگ ٹریک ہوگا بلکہ اس میں خصوصی طور پر بچوں اور بڑھوں کے لئے بھی جگہ مختص کی جائے گی۔یہی نہیں مختلف خوبصورت پھولوں کی کیاریوں سے اسے لیس کرتے ہوئے اس میں  برقی قمقمہ بھی نصب کئے جائیں گے۔ اس پروجیکٹ کے شروع ہونے سے متعلق ہائی کورٹ کے سینئر وکیل عقیل احمد شیخ کا کہنا تھا کہ ’’ مذکورہ بالا گارڈن ماہم کے مقامی لوگوں کی نہ صرف ضرورت تھا بلکہ ماہم کھاڑی کے علاقے کو گندگی سے پاک رکھنے کے لئے اس علاقے کی تزئین کاری وقت کی اہم ضرورت بھی تھی ۔‘‘
 ’ماہم بیچ کلین اپ‘ مہم چلانے والی رابعہ تیواری نے کہا کہ ’’ ماہم بیچ پر گارڈ ن اور جاگنگ  ٹریک بنائے جانے کی اطلاع سے ماہم کے سبھی مکین بہت خوش ہیں ۔ ہماری کوشش یہ ہوگی کہ اس میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو اس لئے ہم بی ایم سی کےشانہ بشانہ اسے جلد سے جلد مکمل کرنے کی کوشش کریں گے ۔‘‘اس موقع پر اسسٹنٹ میونسپل کمشنر کرن دیگھاؤکر نے کہا کہ ’’ ماہم کے مکینوں کی کوشش آج رنگ لائی ہے اور جب اس پروجیکٹ کے مطابق خوبصورت بنا دیا جائے گا تو لوگ خود ہی ماہم کے ساحل کو گندگی سے پاک رکھنے کی کوشش کریں گے ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK