Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈرائیونگ ٹیسٹ نظام میں بڑی اصلاحات کا اعلان، ٹیسٹ کوٹہ میں اضافہ

Updated: April 04, 2026, 10:29 AM IST | Mumbai

فیصلہ کیا گیا کہ ایسے ٹرانسپورٹ دفاتر جہاں درخواست گزاروں کو ڈرائیونگ ٹیسٹ کیلئے ۳۰؍ دن سے زیادہ انتظار کرنا پڑ رہا ہے، وہاں مانگ کے مطابق ٹیسٹ کوٹہ میں اضافہ کیا جائے گا۔

RTO office in Borivali. Photo: INN
بوریولی میں آر ٹی او کا دفتر۔ تصویر: آئی این این

ریاست مہاراشٹر میں سرکاری طور پر تسلیم شدہ موٹر ڈرائیونگ اسکولوں کو درپیش مسائل کے حل اور ڈرائیونگ ٹیسٹ کے نظام میں بہتری کیلئے ریاستی ٹرانسپورٹ کمشنر اور موٹر ڈرائیونگ اسکول اونرس اسوسی ایشن کے درمیان ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ڈرائیونگ ٹیسٹ کے اوقات میں توسیع، کوٹہ میں اضافہ اور اپائنٹمنٹ کے عمل کو تیز کرنے سمیت کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ یہ میٹنگ جمعہ کو ممبئی میں ٹرانسپورٹ کمشنر کے دفتر میں ہوئی جس کے دوران مستقل ڈرائیونگ لائسنس کے ٹیسٹ کے موجودہ کوٹہ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ 
فیصلہ کیا گیا کہ ایسے ٹرانسپورٹ دفاتر جہاں درخواست گزاروں کو ڈرائیونگ ٹیسٹ کیلئے ۳۰؍ دن سے زیادہ انتظار کرنا پڑ رہا ہے، وہاں مانگ کے مطابق ٹیسٹ کوٹہ میں اضافہ کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی ان دفاتر میں افسران کی دستیابی کے مطابق سنیچر، اتوار اور عوامی تعطیلات کے دن بھی ڈرائیونگ ٹیسٹ منعقد کئے جائیں گے۔ جہاں انتظار کی مدت تقریباً ۱۵؍ دن ہے، وہاں ہر سنیچر ڈرائیونگ ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ زیرالتوا درخواستوں میں کمی لائی جا سکے۔ اس کے علاوہ پہلے سے مقررہ ٹیسٹ اوقات، جو صبح ۶؍ بجے سے شام ۴؍ بجے تک تھے، ان میں بھی تبدیلی کی گئی ہے تاکہ امیدواروں کو مزید سہولت فراہم کی جا سکے۔ 

یہ بھی پڑھئے: تمام پارکنگ لاٹ کو ایپ سے جوڑنے کے منصوبے میں پیش رفت

میٹنگ میں ایک اہم فیصلہ یہ بھی کیا گیا ہے کہ اب متعدد گاڑی زمروں کیلئے درخواست دینے والے امیدوار ایک ہی دن میں ایک ہی اپائنٹمنٹ کے تحت مختلف زمروں کے ٹیسٹ دے سکیں گے جبکہ پہلے ہر زمرے کیلئے الگ اپائنٹمنٹ لینا ضروری تھا۔ مزید برآں زیادہ مانگ والے ٹرانسپورٹ دفاتر جیسے پونے، پمپری-چنچواڑ، تھانے، ناسک، اورنگ آباد اور ناگپور میں اضافی کوٹہ متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ بھیڑ کم کی جا سکے اور عمل کو مزید موثر بنایا جا سکے۔ 
اس میٹنگ میں ٹرانسپورٹ کمشنر راجیش نرویکر، جوائنٹ ٹرانسپورٹ کمشنر بھارت کالاسکر، ڈپٹی ٹرانسپورٹ کمشنر (آئی ٹی) شیلش کامت، ریجنل ٹرانسپورٹ پمپری-چنچواڑ سندیش چوان سمیت موٹر ڈرائیونگ اسکول اونرس اسوسی ایشن کے عہدیداران جن میں صدر راجو گھاٹولے، ورکنگ صدر سنیتا چوہان، ریاستی ترجمان وویک کھاڈے، نائب صدر بھارتی نیلیش پاٹل، ونود ورکھیڈے، پبلک ریلیشنز آفیسر نیلیش پاٹل (پال گھر)، سوشل میڈیا ہیڈ سورج دیوکر، انودپ یچکر اور اکبر شیخ شامل تھے، موجود رہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK