• Tue, 08 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پریم نذیرنے شاہ رخ، امیتابھ اور رجنی کانت کے مجموعے سے بھی زیادہ ہٹ فلمیں دیں

Updated: September 08, 2026, 10:00 PM IST | Mumbai

ہندوستانی سنیما کے بڑے سپر اسٹارز کا ذکر ہو تو امیتابھ بچن، رجنی کانت، کمل ہاسن، دلیپ کمار، چرنجیوی اور شاہ رخ خان جیسے نام ذہن میں آتے ہیں، لیکن اگر کسی اداکار کی کامیابی کو اس کی مجموعی ہٹ فلموں کی تعداد سے ناپا جائے تو ملیالم سنیما کے لیجنڈ پریم نذیر کا ریکارڈ حیران کن نظر آتا ہے۔

Prem Nazir.Photo:INN
پریم نذیر۔ تصویر:آئی این این

ہندوستانی سنیما کے بڑے سپر اسٹارز کا ذکر ہو تو امیتابھ بچن، رجنی کانت، کمل ہاسن، دلیپ کمار، چرنجیوی اور شاہ رخ خان جیسے نام ذہن میں آتے ہیں، لیکن اگر کسی اداکار کی کامیابی کو اس کی مجموعی ہٹ فلموں کی تعداد سے ناپا جائے تو ملیالم سنیما کے لیجنڈ  پریم نذیر  کا ریکارڈ حیران کن نظر آتا ہے۔ صنعت کے اندازوں کے مطابق پریم نذیر نے اپنے کریئر میں ۴۰۰؍  سے زائد ہٹ فلمیں  دیں، جن میں کم از کم ۵۰؍ بلاک بسٹرز  شامل تھیں۔ 
پریم نذیر کو مداحوں نے ’’نِتیہ ہریتا نائیکن‘‘ یعنی ’’ایورگرین ہیرو‘‘ کا خطاب دیا تھا۔  ۱۹۵۰ء کی دہائی سے ۱۹۸۰ء کی دہائی کے اواخر تک پھیلے اپنے طویل کریئر میں انہوں نے تقریباً ایک ہزار فلموں میں کام کیا، جبکہ ۷۰۰؍ سے زائد فلموں میں وہ مرکزی ہیرو کے طور پر نظر آئے۔ ان کی غیر معمولی رفتار اور مسلسل کامیابی نے انہیں ہندوستانی فلمی تاریخ کے سب سے زیادہ پروڈکٹیو اداکاروں میں شامل کردیا۔ 

یہ بھی پڑھئے:سمیع اور مکیش نے جنوبی زون کو دیے جھٹکے، تلک ورما پر بڑی اننگز کی ذمہ داری

پریم نذیر کے ریکارڈ کی اہمیت اس وقت مزید واضح ہوتی ہے جب انہیں ہندوستان کے دیگر بڑے سپر اسٹارز سے موازنہ کیا جائے۔ ہندوستان ٹائمز  کے مطابق امیتابھ بچن کے نام تقریباً ۶۰؍ ہٹس، جن میں ۱۱؍ بلاک بسٹرز شامل ہیں  جبکہ رجنی کانت کے نام تقریباً ۷۰؍ ہٹس اور ایک درجن کے قریب بلاک بسٹرز ہیں۔ شاہ رخ خان، اکشے کمار اور سلمان خان جیسے جدید دور کے بڑے ستاروں کے ہٹ فلموں کے اعداد و شمار بھی پریم نذیر کے ریکارڈ سے کہیں پیچھے ہیں۔ 
رپورٹ کے مطابق اگر صرف امیتابھ بچن، رجنی کانت اور شاہ رخ خان کی ہٹ فلموں کو ملا دیا جائے تو مجموعی تعداد تقریباً  ۱۵۰؍ ہٹس ہوتی ہے جبکہ پریم نذیر کے نام ۴۰۰؍ سے زائد ہٹس بتائی جاتی ہیں۔ تاہم یہ اعداد و شمار صنعت کے اندازوں پر مبنی ہیں اور مختلف ذرائع میں ہٹ فلموں کی تعداد میں معمولی فرق ملتا ہے۔   پریم نذیر کا اصل نام  عبدالقادر  تھا۔۱۹۲۹ء میں پیدا ہونے والے پریم نذیر نے اداکاری کا آغاز تھیٹر سے کیا اور ۱۹۵۱ء میں The Merchant of Venice  میں شائیلاک کا کردار ادا کیا۔ ۱۹۵۲ء میں انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا اور Visappinte Vili ان کے کریئر کا اہم موڑ ثابت ہوئی۔ اسی دور میں انہیں پریم نذیر کے نام سے شناخت ملی۔ 
۱۹۵۰ء کی دہائی کے آخر تک وہ ملیالم سنیما کے بڑے اسٹار بن چکے تھے۔ انہوں نے سماجی ناانصافی کے خلاف لڑنے والے کرداروں کے ساتھ ساتھ مختلف سنجیدہ اور ڈرامائی کردار بھی ادا کیے۔۱۹۶۷ء کی فلم’’  Iruttinte Athmavu‘‘ میں ان کی اداکاری کو خاص طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مختلف فلموں میں رام، کرشن اور ایّپا جیسے مذہبی کردار بھی ادا کیے، جس سے ان کی مقبولیت کا دائرہ مزید وسیع ہوا۔ اداکارہ  شیلا  کے ساتھ پریم نذیر کی جوڑی ہندوستانی سنیما کی سب سے کامیاب جوڑیوں میں شمار ہوتی ہے۔ دونوں نے تقریباً ۱۳۰؍ فلموں  میں ایک ساتھ کام کیا، جسے گنیز ورلڈ ریکارڈ سے بھی جوڑا جاتا ہے۔
۱۹۷۰ء کی دہائی پریم نذیر کے کریئر کا انتہائی مصروف دور تھا۔ وہ بیک وقت کئی فلموں کی شوٹنگ کرتے تھے اور بعض اوقات چند ہی ہفتوں میں ایک فلم مکمل کرلیتے تھے۔ ۱۹۷۹ء میں انہوں نے ایک ہی سال میں ۳۹؍ فلموں میں کام کیا، جو ان کے غیر معمولی فلمی سفر کی سب سے نمایاں مثالوں میں سے ایک ہے۔ ۱۹۸۰ء کی دہائی میں جب جےان، سُکُمارن، شنکر اور سومَن جیسے نئے اداکار ابھرے تو پریم نذیر کی بطور مرکزی ہیرو مقبولیت میں کمی آنے لگی۔ اس کے باوجود انہوں نے مرکزی اور معاون دونوں طرح کے کردار جاری رکھے اور ’’Padayottam‘‘ (۱۹۸۲ء) اور ’’Vellarikka Pattanam‘‘ (۱۹۸۵ء) جیسی فلموں میں یادگار کردار ادا کیے۔ 

یہ بھی پڑھئے:رمی یوسف اور ہیام عباس کی نئی غزہ سنیما اکیڈمی کو حمایت

۱۹۸۸ء میں پریم نذیر نے ملیالم سنیما کے ابھرتے ہوئے ستاروں  موہن لال اور مموٹی  کو ایک ساتھ لے کر فلم بنانے کی خواہش ظاہر کی تھی، لیکن ان کی صحت نے انہیں اس منصوبے کو عملی شکل دینے کا موقع نہیں دیا۔ ۱۶؍ جنوری ۱۹۸۹ء کو ۵۹؍ سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد ان کا انتقال ہوگیا۔  ان کی آخری فلم’’Kadathanadan Ambadi‘‘ تھی، جو ان کے انتقال کے بعد ۱۹۹۰ء میں ریلیز ہوئی اور اس میں وہ موہن لال کے ساتھ نظر آئے۔  پریم نذیر کی میراث صرف فلموں کی تعداد تک محدود نہیں۔ ان کی کئی دہائیوں پر محیط مستقل مقبولیت، غیر معمولی رفتار اور مسلسل کامیابی نے انہیں ملیالم سنیما کے سب سے اہم سپر اسٹارز میں شامل کیا۔ ۴۰۰؍ سے زائد ہٹ فلموں اور تقریباً ۵۰؍ بلاک بسٹرز کا  ریکارڈ آج بھی ہندوستانی فلمی دنیا کے حیران کن اعداد و شمار میں شمار ہوتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK