مہاپری نروان دیوس کے موقع پر ریاست کے گورنر آچاریہ دیوورت کا خطاب،ان کےپیغام کو عام کرنے پر زور دیا
EPAPER
Updated: December 06, 2025, 10:52 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
مہاپری نروان دیوس کے موقع پر ریاست کے گورنر آچاریہ دیوورت کا خطاب،ان کےپیغام کو عام کرنے پر زور دیا
’ہندوستان تنوع کا ملک ہے۔ مختلف مذاہب کے ماننے والے اتنی بڑی تعداد میں یہاں رہتے ہیں۔ ان میں اتحاد، انصاف اور مساوات کے منظم جذبے کو تقویت دینے کے لئے ایک آئین بنانا بہت بڑا اور تاریخی کام تھا۔بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نے قوم کو ایک ایسا آئین دیا جو ملک کے سماجی تنوع میں سب کو متحد کرتا ہے اور مساوی حقوق فراہم کرتا ہے۔‘‘
ان خیالا ت کا اظہار ریاست کے گورنر آچاریہ دیوورت نےکیا۔ وہ دادر میں واقع چیتیہ بھومی میں ڈاکٹر باباصاحب کے مہاپری نروان دیوس کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام میں خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس، نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور دیگر عہدے دار موجود تھے۔ گورنر آچاریہ دیوورت نے مزید کہا ،’’ جب کسی بھی قوم میں کوئی علمبردار پیدا ہوتا ہے تو سماجی انصاف کی تحریک کو تقویت ملتی ہے۔ ایسی علمبردار شخصیت کا انتقال ہو جائے تو بھی ان کے خیالات اور کام ہمیشہ عوام کے دلوں میں زندہ رہتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ باباصاحب امر ہیں۔ مشکل حالات سے سیکھتے ہوئے وہ تعلیم کو پورے معاشرے کا مستقبل بدلنے کا سب سے بڑا ہتھیار سمجھتے تھے۔ انہوں نے اپنے عمل سے یہ پیغام دیا کہ ایک پڑھا لکھا فرد پورے گھر، معاشرے اور ملک کا مستقبل بدل سکتا ہے، ان کے پیغام کو عام کرنا ضروری ہے۔‘‘
اس موقع پر وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہا کہ باباصاحب کے وژن کی وجہ سے ہندوستان دنیا کی چوتھی سب سے بڑی معیشت بن گیا ہے اور جلد ہی تیسرے نمبر پر چھلانگ لگائے گا۔
توانائی کے تحفظ کے شعبے میں ڈاکٹر امبیڈکر کے تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے بابا صاحب کی وجہ سے بروقت قومی بجلی گرڈ کے تصور کو اپنایاجس کی وجہ سے ملک توانائی کے شعبے میں خود کفالت کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ہندوستانی جمہوریت کی مضبوط بنیاد اور عام لوگوں کے حقوق کا تحفظ باباصاحب کے آئین کی وجہ سے ہی ممکن ہوا۔
وزیر اعلی کے بقول بابا صاحب نے ملک کو ایک ایسا آئین دیا جس نے معاشرے میں عدم مساوات کو دور کیا اور مساوات، بھائی چارہ اور سب کو یکساں مواقع فراہم کئے۔ انہوں نے علم کی طاقت سے معاشرے میں مساوات کے احساس کو مضبوط کیا۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے پاس دنیا کا بہترین آئین ہے اور ہر سوال کا جواب اس آئین میں مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آنے والے وقت میں چیتیہ بھومی علاقہ میں یادگاری ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔اس موقع پر نائب وزیر اعلی ایکناتھ شندے نے کہا کہ بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نے ہندوستانی آئین بنا کر ملک کی جمہوریت کی مضبوط بنیاد رکھی۔ انہوں نے جو جدوجہد کی وہ انسانی آزادی، مساوات، انصاف اور بھائی چارے کے لئے تھی۔