مشہور ہندی فلم اداکارہ مالا سنہا اپنی خوبصورتی اور صلاحیت دونوں کیلئے جانی جاتی ہیں۔۵۰ء سے ۷۰ء کی دہائی تک ہندی فلموں کی صفِ اول کی ہیروئنوں میں ان کا شمار ہوتا ہے۔
EPAPER
Updated: November 15, 2026, 1:18 PM IST | Mumbai
مشہور ہندی فلم اداکارہ مالا سنہا اپنی خوبصورتی اور صلاحیت دونوں کیلئے جانی جاتی ہیں۔۵۰ء سے ۷۰ء کی دہائی تک ہندی فلموں کی صفِ اول کی ہیروئنوں میں ان کا شمار ہوتا ہے۔
مشہور ہندی فلم اداکارہ مالا سنہا اپنی خوبصورتی اور صلاحیت دونوں کیلئے جانی جاتی ہیں۔۵۰ء سے ۷۰ء کی دہائی تک ہندی فلموں کی صفِ اول کی ہیروئنوں میں ان کا شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے ہندی کے ساتھ ہی بنگالی اور نیپالی فلموں میں بھی کام کیا ہے۔ اپنی خوبصورتی، پروقار انداز اور اداکاری کے گہرے تاثر کے باعث آج بھی کلاسیکی سنیما کی سب سے معتبر اداکاراؤں میں شمار کی جاتی ہیں۔۱۱؍نومبر۱۹۳۶ء ایک نیپالی عیسائی خاندان میںپیدا ہوئیں۔ ان کا نام الڈا سنہا رکھا گیا۔ ان کے والد کا نام البرٹ سنہا تھا۔ بعدمیں بطور اداکارہ انہوں نے اپنا نام تبدیل کر کے مالا سنہا رکھ لیا۔بچپن میںان کا رجحان اداکاری سے زیادہ موسیقی کی طرف تھا۔ وہ نہ صرف گاتی تھیں بلکہ آل انڈیا ریڈیو میں بطور گلوکارہ کام بھی کر چکی تھیں لیکن جب انہیں فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا تو انہیں اداکاری یا گلوکاری میں سے ایک کا انتخاب کرنا پڑا اور پھر انہوں نےا داکاری کیلئے اپنے گلوکاری کے شوق کو قربان کردیا۔
یہ بھی پڑھئے: ’’اچھے مواقع کی تلاش میں ہوں، جلد ہی کسی اچھے ریالٹی شو میں نظر آؤنگی‘‘
مالا سنہا کوبچپن ہی سے ڈانس اور موسیقی سے گہری دلچسپی تھی۔ انہوں نے دونوں فنون میں باقاعدہ تربیت بھی حاصل کی تھی۔ وہ اسکول کے ڈراموں میں بھی حصہ لیتی تھیں۔ ایک دن اسکول کے ایک فنکشن میں ایک مشہور فلم ڈائریکٹر مدعو تھے۔ اس فنکشن میں مالا سنہا نے ایک ڈرامے میں اداکاری کی اور جیسے ہی ڈائریکٹر نے ان کی پرفارمنس دیکھی، وہ ان کے فن کے قائل ہو گئے۔فنکشن کے فوراً بعد وہ مالا کے گھر پہنچے اور ان کے والد البرٹ سنہا سے کہا کہ آپ کی بیٹی میں اداکاری کی زبردست صلاحیت ہے، اسے فلموں میں موقع ملنا چاہئے۔ والد صاحب نے بھی ڈائریکٹر کی بات سے اتفاق کیا، اور یوں مالا سنہا کا بطور چائلڈ آرٹسٹ فلمی سفر کا آغاز ہوا۔
ایک بنگالی فلم جے ویشنو دیوی سے بطور چائلڈ آرٹسٹ شروعات کے بعد۱۹۵۲ء میں ان کی پہلی بڑی فلم ’روشن آرا‘ ریلیز ہوئی۔ اس کے بعد انہوں نے کئی بنگالی فلموں میں کام کیا۔انہی دنوں ایک فلم کی شوٹنگ کیلئے وہ ممبئی آئیں، جہاں ان کی ملاقات مشہور اداکارہ گیتا بالی سے ہوئی۔ گیتا بالی ان کی شخصیت اور صلاحیت سے بہت متاثر ہوئیں اور انہوں نے فلم ڈائریکٹر کیدار شرما سے درخواست کی کہ وہ مالا سنہا کو بالی ووڈ میں موقع دیں۔ گیتا کی سفارش پر کیدار شرما نے مالا سنہا کو اپنی فلم’ رنگین راتیں‘ میں بطور ہیروئن کاسٹ کیا۔ اس کے بعد انہوں نے کئی فلمیں کیں مگر ابتدائی فلموں سے انہیں خاص پہچان نہیں ملی۔آخر کار ان کا انتظار ختم ہوا۱۹۵۷ء میں جب فلم ’پیاسا‘ ریلیز ہوئی۔ یہ فلم مالا سنہا کے کریئر کی بڑی ہٹ فلم ثابت ہوئی جس نے انہیں بالی ووڈ میں ایک مضبوط مقام دلایا۔اس فلم میں وہ گرو دت کے ساتھ نظر آئیں۔ یہ ان کی زندگی کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔
مالا سنہا اپنے دور کی ایک نہایت کامیاب اداکارہ تھیں۔ وہ فلموں کیلئے خاطر خواہ معاوضہ لیا کرتی تھیںکیونکہ وہ اپنے وقت کی ٹاپ ہیروئنوں میں شمار ہوتی تھیں۔ان کی طرح ان کی بیٹی پرتبھا سنہا بھی اداکارہ بننا چاہتی تھیں۔ اسی خواہش کے تحت انہوں نے بھی بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا مگر قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا اور انہیں وہ کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔
یہ بھی پڑھئے: سوریہ کی ہیٹ ٹرک، ایک سال میں ۲۰۰؍ کروڑ کمانے والی تین فلمیں
مالا سنہا نے سو سے زیادہ فلموں میں کام کیا، جن میں پیاسا، دھول کا پھول،اَن پڑھ، دل تیرا دیوانہ، گمراہ، بہو رانی، گہرا داغ اور ہمالیہ کی گود وغیرہ نمایاں ہیں۔ فلم ’پیاسا‘ میں گرودت پہلے مدھوبالا کو لینا چاہتے تھے، مگر ان کے انکار کے بعد یہ رول مالا سنہا کو ملا اور وہیں سے ان کے کریئر کو نیا رخ ملا۔انہوں نے اپنے دور کے بڑے ستاروں جیسے راج کپور، دیو آنند، کشور کمار اور پردیپ کمار کے ساتھ کے ساتھ ہی نئے ابھرتے ہوئے اداکاروں شمی کپور، راجندر کمار، راج کمار، منوج کمار، دھرمیندر، راجیش کھنہ، سنیل دت، سنجے خان، جتندر اور امیتابھ بچن کے ساتھ بھی کئی یادگار فلمیں کیں۔ جب مالا سنہا بالی ووڈ میں کامیابی کی سیڑھیاں چڑھ رہی تھیں، تبھی انہیں نیپالی فلم انڈسٹری سے بھی آفر آنے لگے۔۱۹۶۶ءمیں انہوں نے نیپال جا کرفلم ’ماٹی گھر‘ میں کام کیاجس کے ہیرو چدمبر پرساد لوہانی تھے۔ فلم کی تکمیل کے دوران مالا کو ان سے محبت ہو گئی۔ شادی کیلئےایک شرط رکھی گئی کہ شادی کے بعد مالا فلموں میں کام نہیں کریں گی۔مالا نے شرط مان لی، اور یوں دونوں کی شادی خاندان کی رضامندی سے ہو گئی۔شادی کے بعد جب چدمبر پرساد نے دیکھا کہ مالا اداکاری کیلئے کتنی پرجوش ہیں، تو انہوں نے خود ہی انہیں فلموں میں کام جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔ اپنےحسن اور فنکارانہ صلاحیتوں کے سبب مالا سنہا نے نہ صرف فلم شائقین کے دلوں پر راج کیا بلکہ ہندوستانی سینما پراپنی اداکاری کے انمٹ نقوش بھی مرتسم کیے۔