اداکارہ شمبھوی شرما کا کہنا ہےکہ اگر آپ ایک مرتبہ انڈسٹری کے دائرے میں داخل ہوجائیں اور لوگوں کے ساتھ رابطے قائم کرلیں تو کام کے بہت سے مواقع مل سکتے ہیں۔
EPAPER
Updated: November 15, 2026, 1:12 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai
اداکارہ شمبھوی شرما کا کہنا ہےکہ اگر آپ ایک مرتبہ انڈسٹری کے دائرے میں داخل ہوجائیں اور لوگوں کے ساتھ رابطے قائم کرلیں تو کام کے بہت سے مواقع مل سکتے ہیں۔
شمبھوی شرما ہندوستانی ٹیلی ویژن کی اداکارہ اور رئیلیٹی شو روڈیز کی سابق امیدوار ہیں، جنہیں سب سے پہلے ایم ٹی وی کے مشہور شو ’روڈیز سیزن ۵‘ سے شہرت حاصل ہوئی۔ تقریباً ۱۹ ؍سال بعد وہ ایک مرتبہ پھر روڈیز کے نئے سیزن ’’روڈیز ۲۱: ری برتھ‘‘ میں نظر آسکتی ہیں۔ شمبھوی نے ۲۰۰۷ء میں روڈیز کے پانچویں سیزن میں حصہ لیا تھا۔ اپنے بے باک انداز، صاف گوئی اور منفرد شخصیت کے سبب وہ جلد ہی ناظرین میں مقبول ہوگئیں۔ روڈیز میں شرکت کے بعد شمبھوی کو ایم ٹی وی میں وی جے کے طور پر کام کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے ٹیلی ویژن پر میزبانی بھی کی اور بعد میں اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا۔ ۲۰۱۱ء میں انہوں نے سونی ٹیلی ویژن کے سیریل ’چھجے چھجے کا پیار‘ میں مرکزی کردار ادا کیا۔ اس سیریل میں انہوں نے گنی سہگل کا کردار نبھایا، جس سے ان کی شناخت صرف رئیلیٹی شو کی امیدوار کے بجائے ایک اداکارہ کے طور پر بھی قائم ہوئی۔ انہوں نے جنوبی ہند کی فلموں میں بھی کام کیا۔ شمبھوی نے ۲۰۱۵ء میں ٹیلی ویژن سے کچھ عرصے کیلئے دوری اختیار کی اور آسٹریلیا منتقل ہوگئیں۔ اس دوران انہوں نے قانون اور دیگر پیشہ ورانہ شعبوں میں بھی دلچسپی لی۔ ۲۰۲۶ء میں ’’روڈیز ۲۱: ری برتھ‘‘ کیلئے دوبارہ آڈیشن دیا۔نمائندہ انقلاب نے شمبھوی شرما سے گفتگو کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:
آج کل آپ کس پروجیکٹ پر کام کررہی ہیں؟ کچھ بتائیں!
ج: اس وقت میں اچھے مواقع کا انتظار کر رہی ہوں۔ رئیلیٹی شوز کے حوالے سے کئی لوگوں سے بات چیت چل رہی ہے۔ امید ہے کہ جلد ہی آپ مجھے کسی اچھے رئیلیٹی شو میں دیکھیں گے۔
یہ بھی پڑھئے: سوریہ کی ہیٹ ٹرک، ایک سال میں ۲۰۰؍ کروڑ کمانے والی تین فلمیں
آپ نے ایک طویل عرصے تک انڈسٹری سے دور رہنے کے بعد دوبارہ واپسی کا فیصلہ کیسے کیا؟
ج: ایک وقت ایسا آیا تھا جب مجھے محسوس ہونے لگا کہ اب بہت ہو چکا ہے۔ میں نے اس شعبے سے کنارہ کشی اختیار کی اور آسٹریلیا چلی گئی لیکن بعد میں مجھے احساس ہوا کہ اپنی زندگی کے اس ادھورے خواب کو پورا کرنے کیلئے مجھے واپس آنا چاہیے۔ مجھے لگا کہ اب انڈسٹری میں میری موجودگی ضروری ہے اور میں ایک بار پھر اپنے کام کو آگے بڑھانا چاہتی ہوں۔ اسی سوچ کے ساتھ میں آسٹریلیا سے ہندوستان واپس آگئی۔
ٹی وی شو ’روڈیز‘ سے آپ کے کریئر کا آغاز ہوا تھا۔ اب اتنے برسوں بعد اسی پلیٹ فارم پر دوبارہ آنے کا تجربہ کیسا رہا؟
ج: مجھے پہلا موقع ’روڈیز سیزن ۵‘ سے ہی ملا تھا۔ اس کے بعد میں نے ایم ٹی وی کے ساتھ کام کیا اور وی جے بھی رہی۔ میں نے ایک دو ٹی وی سیریل میں بھی کام کیا۔ اس طرح روڈیز نے میرے لیے انڈسٹری کے دروازے کھولے تھے۔ اب ’روڈیز ۲۱‘ کے ذریعے مجھے دوبارہ ایک موقع ملا، جس سے میں بہت خوش ہوں۔ میرے لیے یہ ایک خوش گوار تجربہ ہے کہ جس پلیٹ فارم نے مجھے پہلی پہچان دی، اسی کے ذریعے پھر موقع مل رہا ہے۔
انڈسٹری میں اپنی شناخت قائم کرنے اور خود کو ایک اداکارہ کے طور پر منوانے میں آپ کو کتنا وقت لگا؟
ج: سچ بتاؤں تو پہلی مرتبہ انڈسٹری میں اپنی شناخت قائم کرنے میں مجھے زیادہ وقت نہیں لگا تھا، اس کے باوجود اتنے برسوں کے وقفے کے بعد دوبارہ خود کو قائم کرنا یقیناً ایک چیلنج ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ اس مرتبہ اپنی جگہ دوبارہ بنانے میں کچھ وقت لگے گا۔ اس کیلئے میں بھرپور کوشش کررہی ہوں اور چاہتی ہوںکہ جلد ہی مجھے اچھے شوز اور فلمیں ملنا شروع ہوجائے۔
یہ بھی پڑھئے: کرسٹوفر نولن کی ’دی اوڈیسی‘ نے ٹام ہالینڈ کا اعتماد بڑھایا، نئے کرداروں کیلئے تیار
فی الحال آپ اپنی واپسی کیلئے کس طرح کی تیاری کر رہی ہیں؟
ج: میں اس وقت کافی تیاری کر رہی ہوں۔ اپنی فٹنس پر خاص توجہ دے رہی ہوں، مختلف چیزوں کو دیکھ رہی ہوں اور انڈسٹری کے لوگوں سے دوبارہ رابطے بڑھا رہی ہوں۔ نئے لوگوں سے مل رہی ہوں اور اچھے کام کے مواقع تلاش کر رہی ہوں۔ مجھے اس پورے عمل میں بہت مزہ آرہا ہے۔سچ کہوں تو میری شخصیت میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی۔ اداکاری پہلے بھی آتی تھی اور آج بھی کرتی ہوں۔ البتہ ایک فرق ضرور آیا ہے کہ اب میں نے لوگوں سے ملنا جلنا اور سوشلائزنگ بڑھا دی ہے۔ پہلے شاید اس کی اتنی ضرورت محسوس نہیں ہوتی تھی، لیکن اب میں سمجھتی ہوں کہ اچھے اور معیاری کام کیلئے لوگوں سے رابطے میں رہنا بھی ضروری ہے۔
آپ مستقبل میں کس طرح کے پروجیکٹس کرنا چاہیں گی؟ کیا آپ کی ترجیح ٹیلی ویژن ہے یا او ٹی ٹی پلیٹ فارم؟
ج: میں فکشن اور نان فکشن دونوں طرح کے پروجیکٹس میں کام کرنا چاہتی ہوں۔ ٹی وی سیریلز بھی میرے لیے قابل قبول ہیں اور او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر بھی کام کرنا چاہوں گی۔ اس کے علاوہ اگر مجھے کسی اچھے رئیلیٹی شو، مثلاً ’لاک اَپ‘،’الائنس‘ یا ’بگ باس‘ میں شرکت کا موقع ملتا ہے تو میں ضرور اس پر غور کروں گی۔اگر کسی فلم کی پیشکش ہوئی تو میں وہاں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا چاہوں گی۔ میرے کریئر کا آغاز ہی فلمی اداکاری کے خواب سے ہوا تھا، اس لیے اگر بڑے پردے پر کام کرنے کا موقع ملا تو میں اسے ضرور قبول کرنا چاہوں گی۔ مختصر یہ کہ میں بڑے پردے اور چھوٹے پردے، دونوں جگہ کام کرنے کیلئے تیار ہوں۔
آج اداکاروں کیلئے ٹیلی ویژن، او ٹی ٹی اور فلموں سمیت کام کے اتنے زیادہ پلیٹ فارم موجود ہیں۔ کیا آپ سمجھتی ہیں کہ اب کسی اداکار کیلئے کام حاصل کرنا آسان ہوگیا ہے؟
ج: میں یہ نہیں کہوں گی کہ اداکاروں کیلئے کام حاصل کرنا آسان ہوگیا ہے۔ آج بھی اس شعبے میں مواقع حاصل کرنا مشکل ہے لیکن اگر آپ ایک مرتبہ انڈسٹری کے دائرے میں داخل ہوجائیں اور لوگوں کے ساتھ رابطے بنالیں تو کام کے بہت سے مواقع مل سکتے ہیں۔ میرے خیال میں پہلے قدم تک پہنچنا اب نسبتاً آسان ہوگیا ہے، لیکن اس کے بعد انڈسٹری میں اپنی جگہ بنانا اور مسلسل کام حاصل کرنا اصل چیلنج ہے۔ ایک مرتبہ آپ اس نظام کا حصہ بن جائیں تو آگے بڑھنے کے امکانات زیادہ ہوجاتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ آپ انڈسٹری کے لوگوں سے رابطے میں رہیں اور اپنے کام کے ذریعے اپنی شناخت قائم کریں۔
یہ بھی پڑھئے: ’ایونجرز: ڈومز ڈے‘ کی کہانی میں راین رینالڈز اور ہیو جیک مین کو بھی کریڈٹ
کیا آپ نے اداکاری کی باقاعدہ تربیت حاصل کی ہے؟ اپنے ابتدائی دنوں اور انڈسٹری میں ملنے والے مواقع سے متعلق کچھ بتائیں۔
ج: میں نے اپنے کریئر کے ابتدائی دور میں کافی کام کیا ہے۔ ۲۰۰۸ء اور ۲۰۰۹ء کے دوران مجھے سنیل شیٹی سے متعلق ایک پروجیکٹ میں کام کرنے کا موقع ملنے والا تھا، لیکن وہ پروجیکٹ کسی وجہ سے شروع نہیں ہوسکا ۔ اس کے بعد بھی میں نے ہمت نہیں ہاری اور مسلسل کام کرتی رہی۔ میں نے سونی کے سیریل ’چھجے چھجے کا پیار‘ میں مرکزی اداکارہ کا کردار ادا کیا۔ مجھے جنوبی ہند کے ایک بڑے سپر اسٹار کے بیٹے گوتم کے ساتھ بھی ایک اچھے پروجیکٹ میں کام کا موقع ملا۔ میں مسلسل مختلف پروجیکٹس کا حصہ بنتی رہی اور ایم ٹی وی کے ساتھ بھی تین سے چار سال تک وی جے کے طور پر کام کیا۔ اس دوران مجھے کام کے بہت سے مواقع ملے اور میں نے بھرپور انداز میں کام کیا۔