Inquilab Logo

مالیگائوں: پاورلوم اسٹڈی گروپ کے تعلق سے مجلس اور سماجوادی مدمقابل

Updated: January 07, 2024, 10:50 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

کریڈٹ کی جنگ میںسوشل میڈیا پر ایک دوسرےکے خلاف طوفان بدتمیزی ، شہر کے سنجیدہ بنکر تشویش میں مبتلا۔

Leaders should focus on bonkers rather than fame. Photo: INN
لیڈران کو شہرت کے بجائے بنکروں پر توجہ دینی چاہئے۔ تصویر : آئی این این

پاورلوم اسٹڈی گروپ کے قیام ،مقاصد، گروپ کے صدر اور ممبران کے تعلق سےمالیگائوں میں کل ہند مجلس اتحاد المسلمین اور سماجوادی پارٹی ایک دوسرے کے مد مقابل آگئے ہیں ۔کریڈٹ کے حصول کی جنگ میں پارچہ بافی صنعت کے مسائل کے حل کی فکرہے نہ بُنکروں کو درپیش تکالیف کے سدباب کی۔سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف وہ طوفانِ بد تمیزی برپا ہےکہ بیان کرنا دشوار ہے۔ ۲؍جنوری کوحبیب لانس میں اسٹڈی گروپ کے صدر دادابھسے (شندے گروپ )اور رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی (ایم آئی ایم)نے دورانِ خطاب ایک دوسرے کی منہ بھرائی کرنے میں کوئی کسر باقی نہ رکھی تو ۳؍جنوری کو انصار جماعت خانہ میں اسٹڈی گروپ کے ممبر وبزبانِ خود محرک رئیس شیخ(ایم ایل اے ،بھیونڈی)کی آمد پر منعقدہ پاورلوم پریشد میں سماجوادی لیڈران شانِ ہند اور محمد مستقیم نے دادا بھسے اور مفتی اسماعیل کو ہدف تنقید بناکر پاورلوم پریشد کو زعفران زار بنانے کی کامیاب سعی کرڈالی۔
شہر مالیگائوں کے سنجیدہ بُنکروں نے اس پورے منظرنامے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب ریاستی حکومت کی تشکیل کردہ جائزہ کمیٹی نے پلین (سادے)پاورلوم کے مسائل کو سمجھنے اور اسے حل کرنے کی سفارشات وتجاویز منگوائی ہے۔ ایسے موقع پر بھی سیاسی قائدین کو ایک دوسرے کو نیچا دِکھانے میں توانائی صَرف کریں توصنعت کا کچھ بھلا نہیں ہونے والا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے پر کیچڑاُچھالتے ہوئے اصلی ،نقلی بُنکرکا راگ الاپنا بھی درست نہیں ہے۔واضح رہےکہ ۸؍جنوری کو بھیونڈی میں اسٹڈی گروپ کے رکن رئیس شیخ پارچہ بافوں کے اجتماع کیلئے صف بندی میں مصروف ہیں۔ ریاست کے دیگر پاورلوم مراکز میں وِیٹا ، سانگلی ، اِچل کرنجی ،میرج ، سولاپور ،کامٹی اور ناگپور وغیرہ کا دورہ کمیٹی کے ذمہ باقی ہے۔ شروعات مالیگائوں سے ہوئی البتہ بھرپور سیاسی رنگ چڑھ جانے سے صنعتی بہتری کے خیرخواہوں کی طبیعت مکدر ضرور ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK