Inquilab Logo

مالیگاؤں :آرمی ڈے میراتھن کا کامیاب انعقاد،شہید عبدالحمید کو شایانِ شان خراج عقیدت

Updated: January 16, 2023, 12:48 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

میراتھن میں جہاں عصری مدارس کے ا سٹوڈنٹ شامل تھے وہیں دینی اقامتی مدارس اور یتیم خانوں کے طلباء نے بھی بڑی تعداد میں حصہ لیا،تقریب سے مولانا عمرین محفوظ رحمانی کا خطاب

Soldiers and guests can be seen on the stage of Malegaon Marathon; (Photo, Inquilab)
مالیگاؤں میراتھن کے اسٹیج پرفوجیوں اورمہمانان کو دیکھا جاسکتا ہے ;(تصویر،انقلاب)

آرمی ڈے کی مناسبت سے مالیگائوں ڈیولپمنٹ فرنٹ (ایم ڈی ایف )کی جانب سے منعقدہ میراتھن  میں ۴؍سو امیدواروں نے حصہ لیا۔یہ پہلا موقع تھا جب یوم فوج کی نسبت سے صنعتی شہر میں میراتھن  نہ صرف کامیابی سے ہمکنار بلکہ ہندوستانی فوج کے سابق فوجیوں خاص طور سے پرم ویرچکر شہید عبدالحمید کوشایان شان خراج عقیدت بھی پیش کیاگیا۔ مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی (صدر ادارئہ صوت الاسلام ،مالیگائوں)نے کہا کہ ’’ملک کا عام شہری اپنے لئے اور ملک کی فوج میں برسرخدمت فوجی پورے ملک وقوم کیلئے زندگی گزارتا ہے۔نئی نسل کو فوج میں جانے کی ترغیب دینا ضروری ہے۔ملک کے دفاعی نظام کا حصہ بننے کیلئے مسلم نوجوانوںکو پورے جوش وخروش کے ساتھ آگے بڑھنا چاہئے ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’میراتھن  میں جہاں عصری مدارس  کے ا سٹوڈنٹ شامل تھے وہیں دینی اقامتی مدارس اور یتیم خانوں  کے طلباء نے بھی بڑی تعداد میں امیدواروں نے حصہ لیا۔اس نوعیت کی تقریبات  سےمدارس دینیہ اور یتیم خانوں کے طلبہ کو مربوط کرنے کیلئے مالیگائوں ڈیولپمنٹ فرنٹ کی عملی کوششیں لائق ستائش ہیں۔‘‘
سابق فوجیوں کی شرکت سے میراتھن کی رونق دوبالا
 ایم ڈی ایف نے میراتھن  میں شریک امیدواروں کا حوصلہ بڑھانے کیلئے انڈین آرمی میں خدمات انجام دے چکے فوجیوں کو بطور مہمان مدعو کیا تھا۔ان میں یونس خان ، ظہیر عباس ،شیخ بابو، دلیپ آہیرے اور صوبیدار لوٹن شامل ہیں۔صبح ۸؍بجے میراتھن  نورنگ کالونی سے شروع ہوئی جوحبیب لانس ،ملّت مدرسہ ،ممتا چوک ،مشاورت چوک ، سلیمانی چوک ،مدرسہ بیت العلوم سے گزرتے ہوئے عزیز کلو اسٹیڈیم میںاختتام پذیر ہوئی۔ دوڑلگانے والے طلبہ اور نوجوانوں کی سابق فوجیوں نے اپنے انداز میں حوصلہ افزائی کی۔ان فوجیوں نے کہا کہ ہندوستانی برّی فوج دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتی ہے۔ملک کے مختلف علاقوں سے بہادر نوجوان بھارتی فوج کا حصہ بننے کے ساتھ ملک وقوم کی حفاظت کے جذبے سے سرشار ہوتے ہیں۔شہید عبدالحمید نے اپنی جان وطن عزیز کیلئے نچھاور کردی۔حکومت ہند نے انہیں بعد ازمرگ پرم وِیر چکر سے نوازا۔عبدالحمید کی زندگی اور وطن کیلئے دی گئی قربانی نوجوانوں اور طلبہ کیلئے مشعل راہ ہے۔
انعام یافتگان کے ناموں کی فہرست 
 دوڑ کے شرکاء کی کثرت کو دیکھتے ہوئے ایم ڈی ایف نے اوّل تا دہم اِس طرح ۱۰؍انعامات مختص کئے تھے۔علاوہ ازیں تمام شرکائے دوڑکواسناد سے نوازاگیا۔کم عمر۳۳؍ بچوں کی حوصلہ افزائی کیلئے انہیں کانسے کے میڈل بھی دئے گئے۔ایم ڈی ایف کے سیکریٹری ساجد نعیم نے بتایا کہ اوّل انعام وِکی سُریش ، دوسراراجو اُتّم اور تیسرا انعام کرن اشوک کے حصے میں آیا ۔ان تینوں کو رینجرسائیکل بطور تحفہ پیش کی گئی ۔ اسی طرح چوتھا سمادھان گمانے ، پانچواںاشوک بلی رام ،چھٹاگوروپاٹل ، ساتواںسیّد آفتاب،آٹھواںساحل خان،نواںپروین سنجے اور دسواںابھیجیت نکم کو دیا گیا۔تقسیم انعامات کی رنگارنگ تقریب میںشرکائے میراتھن  کا جوش وخروش قابل دیدتھا۔ایم ڈی ایف کے صدر پروفیسر حبیب الرحمان کے علاوہ عہدیداران میں احتشام شیخ بیکری والا،ببّو ماسٹر ،اعجاز شاہین ،شکیل احمد ہمدانی وغیرہ کے ہاتھوں انعامات کی تقسیم کاری ہوئی ۔
میراتھن  کے معاون ادارے 
 ستیہ ملک لوک سیوا،رحمان فائونڈیشن ،اسکائے ہیلپ فائونڈیشن ،مسلم اُنتی سیوا فائونڈیشن ،پبلک سماچار ،عبدالستار ایمبولینس گروپ ،ٹیلریونین گروپ ،مقیم مینانگری گروپ،اعجاز شاہین گروپ،نیکی کلب گروپ،آرین گروپ ،احتشام بیکری والا گروپ،تحریر اسکوائرفائونڈیشن ،عرفان ایجوکیشنل سوسائٹی ،مزدور حق سمیتی ،صراط مستقیم میڈیکل ٹرسٹ اور عضبا سوسائٹی رونق آباد نے میراتھن  کے انعقاد میں معاونت کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK