Inquilab Logo

مالونی کا محمد عظیم ’’ یوتھ ایکسچینج اسکالر شپ‘‘ کیلئے منتخب، علاقے میں خوشی

Updated: August 08, 2021, 9:14 AM IST | saeed ahmed khan | Mumbai

پورے ملک سے منتخب کردہ ۴۰؍ ہونہار طلبہ کو امریکہ بھیجا جائےگا جہاں وہ مشترکہ ثقافتی پروگرام میں حصہ لیں گے

Muhammad Azeem with his master Kumar Rao and Aslam Sheikh, the caretaker minister of MumbaiPicture:Inquilab
محمد عظیم اپنے استادراج کمار رائو اور ممبئی کے نگراں وزیر اسلم شیخ کے ساتھ تصویر انقلاب

عالمی شہرت یافتہ ادارہ اے ایف ایس اور امریکی سفارت خانہ (نئی دہلی) کے زیر اہتمام ثقافتی پروگرام یوتھ ایکسچینج اسکالرشپ (YES) کیلئے ملک بھر سے منتخب کئے گئے ۴۰؍  طلبہ میں سے ۲؍  طلبہ ممبئی شہر کے ہیں ۔ان میں سے ایک  علاقہ ملاڈ مالونی کی سینٹ پال انگلش ہائی اسکول کا طالب علم شیخ محمد عظیم محمد ابراہیم ہے جبکہ دوسری طالبہ ریا یادو ہے جو گورے گاؤں میں رہتی ہے۔ 
 فی الوقت محمد عظیم  این‌ایل کالج (ملاڈ)میں ۱۲؍  ویں جماعت میں زیر تعلیم ہے‌ ۔ اس کی تربیت اے ایف ایس آرگنائزیشن کے زیرنگرانی سینٹ پال میں پڑھنے کے دوران دسویں جماعت سے ہی جاری رہی اور ۷؍ مراحل کے بعد اس طالب علم کا انتخاب عمل میں‌ آیا۔شیخ محمد عظیم اس پروجیکٹ کے تحت ایک سال کیلئے ۱۰؍ اگست کو ممبئی سے دہلی روانہ ہوگا اس کے بعد دیگر طلبہ کے ہمراہ دہلی سے امریکہ روانگی ہوگی جہاں یہ بچے  امریکہ اور ہندوستان کے مشترکہ ثقافتی پروگرام میں حصہ لیں گے۔ مالونی گیٹ نمبر ۸؍  ایم ایچ بی کالونی میں رہائش پذیر شیخ محمد عظیم نے   انقلاب کو بتایا کہ   اسکول میں اسے دیگر تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا شوق تھا اسی بناء پر اسے مذکورہ پروجیکٹ میں شریک ہونے کا موقع ملا ۔ اس کامیابی پر وہ بہت خوشی محسوس کررہا ہے اور آئندہ مزید کامیابی کیلئے کوشاں رہے گا۔
  اسکول کے پرنسپل راج کمار راؤ نے عظیم اس  معاملے میں ہر ممکن مدد کی اور اے ایف ایس کے ذریعے منعقدہ امتحان اور انٹرویو جیسے مشکل مراحل میں ۷؍ ویں  اسٹیج میں کامیابی کے بعد اس اسکالر شپ کو حاصل کیا۔ عظیم کی اس زبردست کامیابی پر اہل خانہ کے ساتھ ساتھ اسکول انتظامیہ بھی خوشی سے سرشار ہے ۔ عظیم کی اس کامیابی کے بعد ممبئی شہر کے نگراں وزیر اور مالونی (ملاڈ) حلقے کے رکن اسمبلی اسلم شیخ نے سنیچر کو عظیم کی حوصلہ افزائی کی اور اس سے ملاقات کے دوران کہا کہ یہ ہم سب کے لئے فخر کی بات ہے کہ مالونی جیسے گنجان آبادی والے علاقے کا ایک ہونہار طالب علم اس مقام پر پہنچا ہے ، میں اس طالب علم کے روشن مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں اور یہ یقین دلاتا ہوں کہ ہماری طرف سے جو بھی مدد درکار ہوگی ہم اسے فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ اس کے علاوہ اسلم شیخ نے عظیم کو روانگی سے قبل اپنی طرف  سے ۱۰۰؍ امریکی ڈالر دینے کا اعلان کرتے ہوئے اس کا مزید حوصلہ بڑھایا۔واضح ہوکہ عظیم ایک متوسط خاندان سے تعلق رکھتا ہے اور اس کے والد پیوری فائر مشین کے ٹیکنشین ہیں  اور ان کا آبائی وطن نندوربار ہے۔ محمد عظیم کی اس کامیابی پر علاقے میں بھی ایک خوشی کا ماحول ہے۔ اپنی محنت اور کوشش سے حاصل کی گئی  عظیم کی یہ کامیابی دیگر بچوں کیلئے بھی ایک مثال ہے کہ وہ  اپنی بھی صلاحیتوں اور محنتوں کے دم پر یوں اپنے والدین کانام روشن کر سکتے ہیں۔

malad Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK