Inquilab Logo

ممتا بنرجی دہلی میں سرگرم، آج سونیا گاندھی سے ملیں گی

Updated: July 28, 2021, 7:41 AM IST | New Delhi

وزیراعظم کے ساتھ میٹنگ میں بنگال کیلئے ٹیکوں کا کوٹہ بڑھانے کی مانگ کی۔کمل ناتھ، آنند شرما اور ابھیشیک منوسنگھوی سے بھی ملنے پہنچیں، اپوزیشن کے اتحاد کیلئے پُر عزم

West Bengal Chief Minister Mamata Banerjee after meeting Congress leader Kamal Nath (pictured right). (PTI)
مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ  ممتا بنرجی ، کانگریس لیڈر کمل ناتھ(تصویر میں دائیں جانب) سے ملاقات کےبعد۔ ( پی ٹی آئی)

: مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی  جو  ۲۰۲۴ء میں کسی بھی صورت میں بی جےپی کو دوبارہ  ،مرکز میں  برسراقتدار نہیں  آنے دینا چاہتیں،    دہلی  کے اپنے ۵؍ روزہ دورے پر ہیں۔ منگل کو انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرکے  اپنی ریاست کیلئے کورونا  کے ٹیکوں کے کوٹہ میںاضافہ  اور ریاست  کے نام  میں   تبدیلی  کے تعلق سے گفت  وشنید کی۔ وزیراعظم  سے ملاقات سے قبل انہوں نے  کانگریس کے  سینئر لیڈر کمل ناتھ اور آنند شرما سے ملاقات کی جبکہ بعد میں وہ ابھیشیک منو سنگھوی سے بھی ملنے پہنچیں۔ ٹی  ایم سی سربراہ بدھ کو کانگریس کی کارگزار صدر سونیا گاندھی سے چائے پر ملاقات کریں گی۔ 
ممتا اپوزیشن کے اتحاد کیلئے پرعزم
  ممتا بنرجی کے دہلی    دورے کو اپوزیشن کو متحد کرنے کی ان کی کوششوں کے حصے  کے طور پر دیکھا جارہاہے۔  مغربی بنگال میں اپنی فیصلہ کن فتح کے بعد ممتا بنرجی کا یہ پہلا دہلی دورہ ہے۔ یہاں آئندہ ۳؍ دنوں میں وہ کانگریس صدر سونیا گاندھی کے ساتھ ہی ساتھ  این سی پی سربراہ شرد پوار اور آر جے ڈی  کے سپریمو لالو یادو سمیت اپوزیشن کے کئی اہم لیڈروں سے ملاقاتیں  کریں گی۔  اپوزیشن کے اتحاد کے تعلق سے  میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ممتا بنرجی نے پرامید لہجے میں کہا ہے کہ  یہ اتحاد وقت آنے پر خود ہی قائم ہوجائےگا۔ اس سوال پر کہ کیا اپوزیشن  کے ا س اتحاد کی قیادت وہ کریں گی، ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ  اپوزیشن کے اس اتحاد کی قیادت پورا ملک کریگا۔  
 سونیا ممتا میٹنگ میںراہل کی موجودگی بھی متوقع
  ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بدھ کو جب ممتا بنرجی سونیا گاندھی سے ملاقات کرنے پہنچیں گی تو اس بات کا قوی امکان ہے کہ راہل گاندھی بھی اس میٹنگ میںشریک ہوجائیں۔  راہل گاندھی اور ممتا کے تعلقات  کے بارے میں  دعویٰ کیا گیا ہے کہ پرشانت کشور کی کوششوں سے  ادھر کچھ عرصے میں ان میں بہتری آئی ہے۔ 
کانگریس لیڈروں سے ملاقات میں کیا باتیں ہوئیں
  منگل کو وزیراعظم نریندر مودی سے ممتا بنرجی  کی ملاقات سے زیادہ توجہ ذرائع ابلاغ  نے کانگریس لیڈروں سے ان کی ملاقات کو دی۔  سب سے پہلے سونیا گاندھی نےکمل ناتھ سے ملاقات کی۔ کمل ناتھ  نے ممتا بنرجی سے ملاقات کے بعد میڈیا  کے سوالوںکا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ہم نے ابھی کسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال نہیں  کیا۔یہ کام ہماری پارٹی کی قائد کریں گی۔ ہم نے موجودہ حالات اور مہنگائی کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا ہے۔‘‘اس کے بعد ممتا بنرجی آنند شرما سےملنے پہنچیں۔ بتایا جارہاہے کہ آنند شرما نے ممتا بنرجی سے ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا کہ کانگریس کے بغیر بی جےپی کے خلاف قومی سطح پر کوئی اتحاد موثر نہیں ہوگا۔  بعد میں  ممتا بنرجی  نے راجیہ سبھا  کے رکن اور کانگریس کے لیڈر ابھیشیک منو سنگھوی سے بھی ملاقات کی۔ 
پیگاسس پر آل پارٹی میٹنگ کا مطالبہ
  وزیراعظم نریندر مودی سے اپنی ملاقات  کے  بعد مغربی بنگال کی  وزیر اعلی ممتا بنرجی نے  پیگاسس جاسوسی معاملہ بھی اٹھایا اور مطالبہ کیا کہ  اس مسئلہ  پر آل پارٹی میٹنگ طلب کی جائے اور  سپریم کورٹ کی نگرانی میں جانچ کرائی جائے۔  ٹی ایم سی کی سربراہ  نے وزیر اعظم  سے ملاقات ان کی رہائش گاہ پر کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے واضح کیا  ہے کہ’’ ہم نے پروٹوکال کے تحت ملاقات کی ہے ۔‘‘

  انہوں نے بتایا کہ ’’ ہم نے وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران مطالبہ کیا ہے کہ مغربی بنگال کو آبادی کے تناسب سے ویکسین مہیا کرائی جائے اور تیسری لہر کا خطرہ لاحق ہے چنانچہ اس کی آمد سے قبل سب کو ویکسین دی جائے۔‘‘ انھوں نے  بتایا کہ ہمارا دوسرا مطالبہ یہ تھا کہ مغربی بنگال کا نام بدلنےکو منظوری دی جائے۔ اس سوال پر کہ وزیراعظم نے کیا جواب دیا ممتا بنرجی نے کہا کہ’’ یہ بات ہم کیسے کہہ سکتے ہیں ، پی ایم نے کیا کہا یہ ان ہی  سے معلوم کریں ، ان کی بات میری زبان سے سن کر کیا کریں گے ۔ ‘‘
 ایک سوال کے جواب میں ممتا بنرجی نے کہا کہ ہم نے صدر جمہوریہ ہند سے ملاقات کیلئے  وقت مانگا ہے ، پہلی بات تو یہ ہے کہ وہ ان دنوں کشمیر میں ہیں اور دوسری بات یہ ہے کہ مجھ سے کہا گیا ہے کہ ملاقات کیلئے مجھے آئی ٹی پی سی آر کی جانچ کرانی ہوگی ۔  میں نے ویکسین کی دونوں ڈوز لے لی ہے ، پھر بھی یہ کہا گیا ہے  حالانکہ  میں سفر پر ہوں۔ مغربی بنگال میں پیگاسس پر جانچ کمیشن کی تشکیل   پر ممتا بنرجی نے کہا کہ’’ یہ بہت اہم مسئلہ ہے ۔ہمارا وزیر اعظم سے مطالبہ ہے کہ وہ اس اہم مسئلہ پر آل پارٹی میٹنگ طلب کریں اور پارٹیوں کے لیڈران سے بات کریں۔    اس معاملہ کی سپریم کورٹ کی نگرانی میں جانچ ہونی چاہئے تاکہ سچائی سامنے آسکے۔‘‘۲۰۲۴ء  کے انتخابات کی تیاریوں کے سوال پر ممتا نے کہاکہ ’’تیاری تو  پہلے سے ہی کی جاتی ہے ،ہم  بات چیت کر رہے ہیں ، ۲۰۲۲ء میں کئی ریاستوں  کے  انتخابات  ہیں ، اس پر بھی بات ہو رہی ہے ۔‘ ‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK