Inquilab Logo

راہل کے ہیلی کاپٹر کی تلاشی، جانچ کے بعد پرواز کی اجازت ملی

Updated: April 16, 2024, 12:56 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

اپوزیشن کی سخت برہمی ،کانگریس کا سوال ، راہل گاندھی ہی کیوں؟ مودی اور امیت شاہ کی جانچ کیوں نہیں؟ ممتا نے پوچھا : کیا افسران میں بی جے پی لیڈروں کی جانچ کی ہمت ہے؟

Rahul Gandhi`s helicopter was searched in Tamil Nadu, later the Congress leader reached Kerala and held a road show, where he was given a warm welcome by the public. Photo: INN
تمل ناڈو میں راہل گاندھی کے ہیلی کاپٹر کی تلاشی لی گئی، بعد ازاں کانگریس لیڈر کیرالا پہنچے اور روڈ شو کیا، جہاں عوام نے ان کا زبردست خیرمقدم کیا۔ تصویر : آئی این این

 وسائل کی پریشانیوں سے جوجھ رہی کانگریس اپنی بساط بھر انتخابی مہم چلا رہی ہے۔ اسی مہم کے تحت کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے پیر کو ہیلی کاپٹر کے ذریعہ تمل ناڈو سے کیرالا کا دورہ کیا لیکن دورے سے قبل ہی اسے الیکشن کمیشن کے ’فلائنگ اسکواڈ‘ کا سامنا کرنا پڑا۔ 
 اطلاعات کےمطابق انتخابی مہم کے دوران راہل گاندھی نے تمل ناڈو کے نیل گری میں طلبہ سے بات چیت کی اور انہیں ملک کے آئین پر لاحق خدشات سے آگاہ کیا اور اس کے تحفظ کے تئیں ان کی ذمہ داریوں کااحساس دلایا۔ اس کے بعد وہ کیرالا میں اپنے انتخابی حلقے وائناڈ جانے کی تیاریاں کررہے تھے کہ اسی اثنا انہیں الیکشن کمیشن کے فلائنگ اسکواڈ کا سامنا کرنا پڑا۔ کمیشن کے افسران نے ان کے ہیلی کاپٹر کی تلاشی لی اور تفتیش کے بعد ہی انہیں پرواز کی اجازت دی۔ اس پر اپوزیشن نے سخت برہمی کااظہار کیا ہے اور اس کارروائی کو جانب دارانہ قرار دیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: وزیراعظم مودی کا کیرالا اور تمل ناڈو کا دورہ، راہل گاندھی کو نشانہ بنایا

کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش نے الیکشن کمیشن کی مذکورہ کارروائی کو جانب دارانہ بتاتے ہوئےسوال کیا کہ صرف راہل گاندھی ہی کو کیوں نشانہ بنایا جاتا ہے؟ وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے ہیلی کاپٹروں کی جانچ کیوں نہیں ہوتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہمیں کوئی دشواری نہیں ہے لیکن الیکشن کمیشن کو جانب دارانہ انداز میں کارروائی نہیں کرنی چاہئے۔ کانگریس ترجمان سپریہ شرینیت نے بھی الیکشن کمیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ راہل گاندھی کے ہیلی کاپٹر کی جانچ پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن وزیراعظم کے جہاز کو بھی تو چیک کرنے کی ہمت دکھاؤ، قانون کے مطابق ’لیول پلے اِنگ فیلڈ‘ کا بھرم تو باقی رکھو اور وزیراعظم اور وزیرداخلہ کو اسپیشل اسٹیٹس تو مت دو۔ 
 ممتا بنرجی نے بھی اس کارروائی پر سوالیہ نشان لگایا ہے؟ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ان افسران میں بی جے پی لیڈروں کے ہیلی کاپٹروں اور ان کی گاڑیوں کی جانچ کی ہمت ہے؟ انہوں نے کہا کہ ٹی ایم سی لیڈروں کو بھی اسی طرح پریشان کیا جارہا ہے۔ 
وائناڈ میں راہل گاندھی کا روڈ شو، زبردست بھیڑ، عوام کے بے پناہ محبت پر کانگریس لیڈر کااظہار تشکر  
تمل ناڈو کے بعد راہل گاندھی کیرالا کے وائناڈ پہنچے جو اُن کا انتخابی حلقہ بھی ہے۔ یہاں انہوں نے روڈ شو کیا جس میں عوام کا ایک اژدہام نظر آیا۔ روڈ شو کے دوران انہوں نے کہا کہ میں وائناڈ کے لوگوں کا شکر گزار ہوں کہ وہ مجھے ہر بار محبت اور پیار دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وائناڈ کا ہر فرد میرے خاندان کا حصہ ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ بعض اوقات ایک خاندان میں بھائیوں اور بہنوں کے درمیان بہت سارے معاملات پر رائے مختلف ہوتی ہے، لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہوتا ہے کہ وہ ایک دوسرے سے محبت نہیں کرتے اور ان کا خیال نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں پہلا قدم ایک دوسرے کا احترام کرنا ہوتا ہے۔ 
راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈران بالخصوص وزیراعظم کہتے ہیں کہ ایک ملک، ایک زبان اور ایک لیڈر ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سوچ رکھنے کا مطلب ہی یہ ہے کہ وہ ملک کو ٹھیک سے نہیں سمجھتے۔ یہ ملک ایسا قطعی نہیں ہے کہ اس پر کوئی ایک زبان مسلط کرنے کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ زبان ایسی چیز ہے ہی نہیں جسے آپ کسی پر اوپر سے تھوپ سکیں، یہ تو ہر انسان کے دل سے نکلتی ہے۔ یہ آپ کو اپنی تہذیب سے جوڑتی ہے۔ یہی حال ہماری تاریخ، ثقافت اور مذہب کا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک گلدستے کی مانند ہے، اسلئے ضروری ہے کہ اس گلدستے کے ہر پھول کا احترام کیا جا ئے۔ 
 کانگریس لیڈر نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا طفلانہ خیال کہ ملک میں صرف ایک لیڈر ہونا چاہئے، ملک کے نوجوانوں کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس کے درمیان یہی سب سے بڑا اور بنیادی فرق ہے۔ ہم لوگوں کے عقائد، ثقافت، زبان اور مذہب کا احترام کرتے ہیں جبکہ وہ لوگ اپنے خیالات کو ہم سب پر مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انگریزوں سے آزادی اسلئے حاصل نہیں کی تھی کہ ہم آر ایس ایس کے نظریے کے غلام بن جائیں۔ 
 وائناڈ میں روڈ شوکے بعد راہل گاندھی نے پیر کی شام میں شمالی کوزی کوڈ میں ’یو ڈی ایف‘کی ایک ریلی سے خطاب کیا۔ کل یعنی۱۶؍ اپریل کو راہل گاندھی ایک بار پھروائناڈ پہنچیں گے، اس کے بعد ۱۸؍ اپریل کو کنور، پلکاڈ اور کوٹائم کے انتخابی جلسوں میں شرکت کریں گے اور آخر میں ۲۲؍ اپریل کو راہل گاندھی تھریسور، ترواننت پورم اور الاپوزا کے اضلاع میں ریلیوں سے خطاب کریں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK