Inquilab Logo

بھوانی پور میں ممتا کو ریکارڈ ووٹوں سے فتح

Updated: October 04, 2021, 10:16 AM IST | Agency | Kolkata

مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ نے اسے نندی گرام میں ’’بی جےپی کی سازش‘‘ کوعوام کا منہ توڑ جواب قرار دیا، شمشیر گنج اور جنگی پور میں بھی ٹی ایم سی آگے

Mamata Banerjee thanking the people after the extraordinary victory.Picture:INN
ممتا بنرجی غیر معمولی فتح کے بعد عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے۔ تصویر:پی ٹی آئی

مغربی بنگال  کے اسمبلی الیکشن میں بی جےپی کے دانت کھٹے کردینے  کے ۵؍ ماہ بعد وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے اتوار کو بھوانی پور اسمبلی حلقے  کا ضمنی الیکشن  ۵۸؍ ہزار کے غیر معمولی فرق سےجیت کر نندی گرام  میں اپنی ذاتی ہار کا حساب بھی برابر کردیا۔ان کی فتح تو یقینی تھی مگر سیاسی تجزیہ نگاروں کی نگاہیں اس  پر مرکوز تھیں کہ وہ کتنے ووٹوں کے فرق سے فتح حاصل کرتی ہیں۔ ممتا بنرجی نے بھوانی پور سے ۲۰۱۱ء میں اپنی  فتح  کے فرق کے ریکارڈ کو خود ہی توڑ دیا۔ ۲۰۱۱ء میں  وہ  ۵۴؍ ہزار ووٹوں کے فرق سےجیت تھیں جبکہ اس مرتبہ انہوںنے یہ  کامیابی ۵۸؍ ہزار ۸۳۵؍  ووٹوں سے حاصل کی ہے۔  یعنی ممتا بنرجی کو ملنے والےووٹوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔  ممتا بنرجی کا اسمبلی الیکشن میں کامیابی کا یہ  اب تک کا سب سے بڑا فرق ہے۔ انہوں  نے عوام کا شکریہ ادا کرتےہوئے کہا ہے کہ یہ  نندی گرام میں رچی گئی ’’بی جےپی کی سازش‘‘کو عوام کا منہ توڑ جواب ہے۔  بھوانی پور کے  ساتھ ہی ساتھ  ٹی ایم سی مرشد آباد کے شمشیر گنج اور جنگی پور  اسمبلی حلقے کے ضمنی الیکشن میں بھی آگے  ہے۔  یعنی وہ ضمنی الیکشن کی تینوں سیٹوں پر فتح حاصل کرکے  بی جےپی کو تینوں اسمبلی حلقوں سےبیرنگ لوٹنے پر مجبور کرسکتی ہے۔  اپنی فتح کا اعلان کرتےہوئے ممتا بنرجی نے کہاہے کہ ’’ہمیںا سے الیکشن میں بہت بڑی فتح ملی تھی مگر ایک چھوٹی سی کسک  رہ گئی تھی۔ میں  جانتی ہوں کہ بی جے پی نے کیسی سازش رچی تھی۔  میں نندی گرام کے نتائج پر تبصرہ نہیں کروں گی کیوں یہ معاملہ اب  عدالت میں زیر غور ہے۔ مگر بھوانی پور کے عوام نے حساب برابر کردیا ہے۔  میں اب اطمینان محسوس کررہی ہوں۔‘‘انہوں  نے بتایا کہ ’’یہ پہلا موقع ہے کہ(ووٹوں کی گنتی کے وقت) اسمبلی  حلقے  کے تمام ۸؍ وارڈوں میں سے کسی بھی وارڈ میں ہم پیچھے  نہیں رہے۔اس سیٹ پر  ۴۶؍ فیصد غیر بنگالی ووٹر ہیں۔ اس مرتبہ ہندو ، مسلمان، بنگالی غیر بنگالی سب  نے ٹی ایم سی پر اعتماد ظاہر کیا۔میں شکر گزارہوں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK