• Sat, 01 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

منشور جاری مگر نتیش ناراض، این ڈی اے میں بکھرائو

Updated: November 01, 2025, 8:30 AM IST | Javed Akhtar | Patna

وزیر اعلیٰ نتیش کمار منشور کے اجراءمیں صرف ۳۰؍ سیکنڈ ٹھہرے، سمراٹ چودھری نے میڈیا سے گفتگو کی ، ایک کروڑ ملازمتوں اور ایک کروڑ لکھ پتی دیدی بنانے کا وعدہ

Upendra Kushwaha, Jitan Ram Manjhi, JP Nadda, Nitish Kumar, Sanjay Jha and Chirag Paswan releasing election manifestos. (PTI)
اوپیندر کشواہا ، جیتن رام مانجھی ، جے پی نڈا ،نتیش کمار ،سنجے جھا اور چراغ پاسوان انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے۔(پی ٹی آئی )

بہار میں برسراقتدارنیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے)نےاسمبلی انتخابات کے  لئے اپنا مشترکہ انتخابی منشو رجاری کردیا لیکن اس کی وجہ سے وہاں کافی تنازع پیدا ہو گیا ہے اور اپوزیشن کو سوال اٹھانے کا موقع بھی مل گیا ہے۔ اصل میںانتخابی منشور جاری کرنے کی تقریب محض ڈیڑھ منٹ جاری رہی اور اس میںسےبھی وزیر اعلیٰ نتیش کمار محض ۳۰؍ سیکنڈ بعد وہاں سے چلے گئے۔ اس معاملے پر اپوزیشن پارٹیاں مسلسل سوال اٹھارہی ہیں۔ 
تقریب میں کون کون تھا ؟
 اس سے قبل پٹنہ کے فائیو اسٹار موریہ ہوٹل میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بی جے پی کے  صدرجگت پرکاش نڈا، جے ڈی یو کےصدرنتیش کمار،  لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے صدر چراغ پاسوان، ہندوستانی عوام مورچہ کے سرپرست جیتن رام مانجھی اورراشٹریہ لوک مورچہ کے صدر اپیندر کشواہا نے اس مشترکہ انتخابی منشور کو جاری کیا ۔ اس موقع پر این ڈی اے کے دیگر سینئر لیڈران بھی موجود تھے۔’سنکلپ پتر۔۲۰۲۵‘ کے نام سے این ڈی اے کا انتخابی منشور جاری کرنے کے فوراً بعد حلیف جماعتوں کے قومی صدور پریس کانفرنس سے چلے گئے۔یہ تقریب  صرف ڈیڑھ منٹ چلی اور نتیش کمار تو محض ۳۰؍ سیکنڈ  بعد یعنی  انتخابی منشور جاری کرتے ہی اسٹیج سے اترےاور چلے گئے۔ اس کے بعد بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے میڈیا سے گفتگو  اور منشور کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ 
منشور میں کیا ہے ؟
 این ڈی اے نے اپنے انتخابی منشور میں سماج کے سبھی طبقا ت کی ترقی کا  وعدہ کیا ہے۔   اس  میں روزگار، تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچے ، صنعت ، خواتین کو بااختیار بنانے اور کسانوں کی خوشحالی پر  زور دیا گیا ہے۔ این ڈی اے نے  دعویٰ کیا کہ یہ’ سنکلپ پتر‘ بہار کو اگلے پانچ برسوں میں خودکفیل، ترقی یافتہ اور جدید ریاست بنانے کا روڈ میپ ہے۔این ڈی اے نے ہر نوجوان کے ’سنہرے مستقبل کی گارنٹی‘ کا وعدہ کیا ہے۔ منشور کے مطابق بہار میں ایک کروڑ سے زائد سرکاری نوکریاں  دی جائیں گی اور زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ ہر ضلع میں میگا اسکل سینٹر قائم کیا جائے گا، جنہیں عالمی معیار کے ’گلوبل اسکلنگ سینٹر‘ کے طور پر فروغ دیا جائے گا۔خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے ’مکھیہ منتری مہیلا روزگار یوجنا‘ کے تحت ۲؍ لاکھ روپے تک کی مالی امداد دی جائے گی۔ اس کےعلاوہ ایک کروڑ خواتین کو ’لکھ پتی دیدی‘ اور ’کروڑ پتی مشن‘ کے ذریعہ کاروبار سے جوڑا جائے گا تاکہ وہ خودمختار بن سکیں۔
پسماندہ طبقات کیلئے کیا ہے ؟
 انتہائی پسماندہ طبقات کے تاجروں کے گروپ کو ۱۰۔۱۰؍لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی ۔ اس کےعلاوہ سپریم کورٹ کے سبکدوش جج کی صدارت میں اعلیٰ سطحی کمیٹی کی تشکیل کی جائے گی جو انتہائی پسماندہ طبقات کے سماجی اور اقتصادی حالات کے جائزہ کے بعد ان کی ترقی کیلئے حکومت کو مشورے دے گی ۔کسانوں کے  لئے ’کرپوری ٹھاکرکسان سمان ‘اور ’ایم ایس پی گارنٹی یوجنا‘ شروع کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔اس کے تحت کسانوں کو ہر سال فی کس۳؍ہزار روپے کی مالی مدد دی جائے گی۔ اس کے علاوہ زرعی بنیادی ڈھانچے پر ایک لاکھ کروڑ روپے خرچ  کئے جائیں گے ۔ اس سے ماہی پروری، دودھ اور زراعتی مشن کو رفتارملےگی۔ اس کے ساتھ ہی پنچایت سطح پر دھان، گیہوں، دال اور مکئی کی خریداری ا یم ایس پی پر یقینی بنائی جائے گی۔
کے جی سے پی جی تک مفت تعلیم 
 این ڈی اے نے غریب بچوں کے لئے کے جی سے پی جی تک مفت اور معیاری تعلیم دینے کا وعدہ کیا ہے۔ ہر ضلع کے اسکولوں کی حالت بہتر بنائی جائے گی اور ’ورلڈ کلاس ایجوکیشن اسٹیٹ‘ قائم  کئے جائیں گے۔ہر ضلع میں میڈیکل کالج اور سپر اسپیشلٹی  اسپتال بھی تعمیر کئےجائیں گے۔ بہار میں ۷؍نئے ایکسپریس ویز،۳۶۰۰؍ کلومیٹر ریل پٹریوں کی جدید کاری اور۴؍ نئے شہروں میں میٹرو کا  اعلان کیا گیاہے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK