• Fri, 31 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

چھپرہ میں مودی اورنالندہ میں راہل کی للکار،ایکدوسرے پرحملہ

Updated: October 30, 2025, 11:12 PM IST | Chapra

بہار جنگل راج سے دور رہے گا،ایک بار پھر این ڈی اے کی سرکاربنے گی : مودی نالندہ میں دنیا کی سب سے بڑی یونیورسٹی قائم کرکے عظمت رفتہ بحال کی جائیگی : راہل

Rahul Gandhi addressing a rally in Nalanda. (PTI)
راہل گاندھی نالندہ میںجلسے سے خطاب کرتے ہوئے۔(پی ٹی آئی )

 وزیراعظم مودی نے یہاں جمعرات کو کہا کہ انہیں یقین ہے کہ بہار کے لوگ راشٹریہ جنتا دل (آرجے ڈی) اور کانگریس کے جھوٹے وعدوں کے فریب میں نہیں آئیں گے اور ایک بار پھر ریاست میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی حکومت بنا کر صوبے کو جنگل راج سے دور رکھیں گے۔ 
 مودی نے چھپرہ میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماجی انصاف کے نام پر آرجے ڈی اور کانگریس نے لوگوں کو صرف دھوکہ دیاہے۔ سچائی یہ ہے کہ یہ لوگ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی توہین کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لالٹین والے، پنجے والے یا ان کے انڈیا اتحاد کے ساتھی یہ لوگ کیسے بہار اور بہار کے باشندوں کی توہین کرتے ہیں۔ کانگریس کے پنجاب کے ایک وزیراعلیٰ نے ایک ریلی میں کھلے عام اعلان کیا کہ وہ بہار کے لوگوں کو اپنے صوبہ پنجاب میں گھسنے نہیں دیں گے۔ اس وقت اسٹیج پر گاندھی خاندان کی ایک بیٹی، جو آج کل پارلیمنٹ میں بیٹھی ہیں، وہ اس پر خوش ہو کر تالیاں بجا رہی تھیں۔ آرجے ڈی اور کانگریس کی نیت ان کے انتخابی گانوںسے ہی ظاہر ہوتی ہے، جن میں ایک نئے جنگل راج کی آہٹ ہے۔ 
 وزیراعظم نے کہا کہ آرجے ڈی ۔کانگریس نے اپنا منشور نہیں اپنی ریٹ لسٹ جاری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ہر اعلان کے پیچھے اصل مقصد رنگداری، تاوان، لوٹ کھسوٹ، بدعنوانی یہی سب ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ بہار کے لوگ آرجے ڈی کانگریس کے جھوٹے وعدوں کے فریب میں نہیں آئیں گے اور ایک بار پھر ریاست میں این ڈی اے کی حکومت قائم کریں گے ۔ کانگریس نے اس انتخاب میں تمام حدیں پار کر دیں ہیں، جنہوں نے بہارکے لوگوںکی توہین کی ہے انہیں انتخابی مہم کیلئے بلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب سو چی سمجھی سازش کے تحت کی جارہی ہے ۔ انہوں نے وعدہ کیاکہ اب بہار کے نوجوانوں کو بہار میں ہی روزگار ملے گا۔
 لوک سبھا میںاپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے جمعرات کونالندہ میں ایک ا نتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایک وقت تھا جب نالندہ میں دنیا بھر سے لوگ تعلیم حاصل کرنے آیا کرتے تھے لیکن آج ریاست میں تعلیم کی حالت نہایت بدتر ہے اور اکثر معاملات میں امتحانات کے پرچے لیک ہو جاتے ہیں جس سے ذہین طلبہ کے لیے آگے بڑھنا مشکل ہو جاتا ہے ۔ راہل گاندھی نے قدیم زمانے میں تعلیم کے مرکز کے طور پر مشہور نالندہ میں منعقدہ عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر بہار میں مہاگٹھ بندھن اور مرکز میں انڈیا اتحاد کی حکومت بنتی ہے تو نالندہ میں دنیا کی سب سے بڑی یونیورسٹی قائم کی جائے گی اور اس کی تعلیم کے شعبے میں اس کی عظمت رفتہ کو بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قدیم دور میں اسی نالندہ کی سرزمین پر چین، جاپان، کوریا، کمبوڈیا اور یورپ سمیت دنیا کے بے شمار ممالک سے طلبہ پڑھنے کیلئے آیا کرتے تھے، لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ وہی تعلیم کا مرکز بہار آج پیپر لیک کا مرکز بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں تعلیم کے فروغ کے لیے نالندہ یونیورسٹی کی بحالی نہایت ضروری ہے۔ 
 کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ بہار میں۲۰؍ سالہ قدیم نتیش حکومت اب بے بس ہو چکی ہے اور اس کا ریموٹ کنٹرول وزیراعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور ناگپور میں بیٹھے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے ہاتھ میں ہے۔ فیصلےبی جے پی کے چند مخصوص لیڈر کرتے ہیں۔ ایسی صورت میں بہار کی تیز رفتار اور مناسب ترقی ممکن نہیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ وزیراعظم مودی ملک کے باشندوں کو گمراہ کرتے رہتے ہیں ۔ کبھی مودی جی جمناندی کے کنارے چھٹھ گھاٹ پر صاف پانی ڈال کر ندی میں نہانے کا ناٹک کرتے ہیں، اور کبھی بہار کے نوجوانوں کو سستے انٹرنیٹ کے نام پر انسٹاگرام اور فیس بک پر ریل بنانے کا مشورہ دے کر انہیں گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK