بہت سے لوگ اپنے آبائی وطن پہنچ چکے ہیں۔ روزانہ روانگی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ کہا :ہمہ وقت الیکشن کے تعلق سے معلومات ہی اس وقت سب سے اہم مشغلہ ہے۔
EPAPER
Updated: October 30, 2025, 7:49 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
بہت سے لوگ اپنے آبائی وطن پہنچ چکے ہیں۔ روزانہ روانگی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ کہا :ہمہ وقت الیکشن کے تعلق سے معلومات ہی اس وقت سب سے اہم مشغلہ ہے۔
ممبئی میں مقیم ریاست بہار کے باشندے اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے پرجوش ہیں۔ کچھ تو وطن پہنچ چکے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں لوگ ووٹنگ سے قبل وہاں جانے کیلئے منصوبہ بندی کئے ہوئے ہیں۔ بہار سے تعلق رکھنے والے افراد الیکشن کی مجموعی صورتحال پر ہمہ وقت باخبری کے ساتھ اپنے حلقہ انتخاب پر بھی مسلسل اپ ڈیٹ لے رہے ہیں، گویا انتخابی موسم میں وہ جسمانی طور پر ممبئی میں مگر قلبی اور ذہنی طور پر بہار میں ہیں۔ بہار سے تعلق رکھنے والے باشندوں سے بات چیت کرنے پر انہوں نے کیا کہا، اسے ذیل میں درج کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی میں ٹریفک جام معمول بن گیا، عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی
’’یہ الیکشن کافی اہم ہے‘‘
دربھنگہ دیہی حلقہ انتخاب سے تعلق رکھنے والے چشمہ ساز حافظ شمشیراحمد نے بتایا کہ’’ یہ الیکشن کافی اہم ہے، اسی لئے دکان پر ہوں یا گھر پر بیشتر اوقات الیکشن کی خبروں پر ہی توجہ ہوتی ہے۔ ‘‘انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ بھی الیکشن سے دو دن قبل جانے کی تیاری کئے ہوئے ہیں، اگر کوئی مسئلہ دربیش نہ آیا تو حق رائے دہی ضرور کریں گے۔
بہار سے تعلق رکھنے اور میتھلی اسوسی ایشن کے سربراہ پھول بابو جھا نے تو بہار میں تبدیلی کے یقین کے ساتھ یہ بھی کہہ دیا کہ کس کی حکومت بننے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ابھی جلد ہی اپنے آبائی وطن سمستی پور سے لوٹے میں مگر ووٹنگ کیلئے جانے کی بھی تیاری کئے ہوئے ہیں۔ بقول پھول بابو جھا، بہت سے لوگ تو اپنے گاؤں پہنچ چکے ہیں اور بڑی تعداد میں ووٹنگ سے قبل جانے کیلئے پلان بناچکے ہیں۔
’’اس دفعہ بہار میں لوگ تبدیلی کے خواہاں ہیں‘‘
سیتا مڑھی حلقہ انتخاب سے تعلق رکھنے والے رابطہ مدارس اسلامیہ ممبئی اورتھانے کے ترجمان مولانا عبدالقدوس شاکر حکیمی نے بتایا کہ ان کے حلقے میں ۱۱؍ نومبر کو الیکشن ہے، اس لئے وہ۷؍ نومبر کو ممبئی سے روانہ ہوں گے، بہت سے لوگ جاچکے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس دفعہ بہار میں لوگ تبدیلی کے خواہاں ہیں، اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو تبدیلی یقینی ہے۔ اسی کے ساتھ ممبئی میں ہر طبقے کے لوگ بہار الیکشن کی خبروں اور پل پل تبدیل ہوتے حالات کی جانکاری کے لئے مسلسل رابطے میں رہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: یاد ہے حافظ عمار جس نے والد کے انتقال پربھی صرف ۲؍ گھنٹے کی چھٹی لی تھی؟
تنظیم کی جانب سے بھی پیغام رسانی
ممبئی میں اہلیان بہار کی نمایاں تنظیم ’انجمن باشندگان بہار‘ کے صدر انور احمد شیخ نے بتایا کہ اس الیکشن کی اہمیت کے پیش نظر بہت سے لوگ وطن جاچکے ہیں اور روزانہ روانہ ہورہے ہیں۔ تنظیم کی جانب سے بھی یہ پیغام دیا جارہا ہے کہ بہار سے تعلق رکھنے والے رائے دہندگان حالات کے تناظر میں الیکشن کی اہمیت کے پیش اپنے ایک ایک ووٹ کی قیمت کو سمجھیں اور ضرور ووٹ دیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ذمہ دار اشخاص اپنے طور پر ان لوگوں کی مدد بھی کررہے ہیں جو مالی طور پر کمزور ہیں اور وطن جانے کا خرچ برداشت کرنے کی حالت میں نہیں ہیں تاکہ وہ بھی حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں۔ بقول انور احمد شیخ رابطہ قائم کرنے اور لوگوں سے بات چیت کرنے پر یہ اندازہ ہو رہا ہے کہ الیکشن کے تعلق سے لوگوں میں کافی جوش وخروش پایا جارہا ہے۔ اکثر الیکشن کے تعلق سے ہی بات چیت ہوتی ہے اور لوگ اپنے اپنے انداز میں تبصرہ کرتے ہیں۔