Inquilab Logo

منی پور: تشدد کی نئی لہر، سرکاری اسلحہ خانہ لوٹنے کی کوشش میں ایک شخص ہلاک

Updated: February 14, 2024, 10:34 PM IST | Imphal

منی پور میں تشدد تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ میتی، کوکی اور زومی برادریوں میں جھڑپیں جاری ہیں جبکہ ان علاقوں میں تعینات فوج اور حفاظتی اداروں پر حملہ کرکے ہتھیار چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے۔ منگل کی رات ریاستی اسلحہ خانے کو دوبارہ نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

A file photo of the Manipur violence. Photo: INN
منی پور تشدد کی ایک فائل فوٹو۔ تصویر: آئی این این

منی پور میں تشدد کی نئی لہر کے درمیان منگل کی رات ریاستی اسلحہ خانے کو دوبارہ نشانہ بنا یا گیا جس کے نتیجہ میں ایک شخص ہلاک ہو گیا جو مبینہ طور پر اس بھیڑ میں شامل تھا جس نے ایک اسلحہ خانے کو توڑنے کی کوشش کی اور دوسرےکو لوٹنے میں کامیاب ہو گیا۔ 
ریاست میں اس ہفتے شدید گولہ باری ہوئی ہے خصوصاً میتی اکثریت والے امپھال مشرقی ضلع اور کوکی زومی اکثریت والے کانگپوائی ضلع میں۔ جیسا کہ منگل کو مختلف حصوں میں گولی باری جاری تھی ہجوم کی جانب سے منی پور کے پولیس اداروں پر حملے کی کم از کم دو کوششیں کی گئیں۔ 
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس دوران منگل کی رات مشرقی امپھال میں پینگائی میں چھٹے آئی آر بی بٹالین پر حملہ کرنے کی کوشش کے دوران ایک شخص کی موت ہو گئی۔ یہ شخص اس وقت زخمی ہو گیا تھا جب حفاظتی دستوں نے ہجوم کو پیچھے دھکیلا۔ یہ شخص زخموں کی تاب نہ لا سکا اور اس نے جواہرلال نہرو انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس لے جاتے ہوئے راستے ہی میں دم توڑ دیا۔ 
 ایک سینئر پولیس افسر نے بتا یا کہ رات ۱۰؍ بجے بڑی تعداد میں عوام کا ایک گروہ وہاں جمع ہوا تھا۔ اس سے یہی اندازہ لگایا جا سکتا تھا کہ اس ہجوم کا مقصد اداروں سے اسلحہ لوٹنا تھا۔ انہوں نے حفاظتی دستوں پرحملہ کیا اور اس کا دروازہ توڑ کو اسلحہ خانے کے علاقے میں داخل ہو گئے۔ 
مشرقی امپھال کے تھینگجو چنگن میں واقع ۵؍ویں بٹالین پر بھی اس طرح کا حملہ کیا گیا اور ایک پولیس اہلکار نے تصدیق کی کہ ہجوم نے وہاں سے اسلحہ اور گولہ بارود لوٹ لیا۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ ۹؍ ماہ سے جب سے اس تشدد کاآغاز ہوا ہے حفاظتی اہلکاروں سے اسلحہ اور گولہ بارود چھیننے کے مقصد سے حفاظتی اداروں پر حملہ کا سلسلہ جاری ہے۔ اس طرح کی ایک کوشش میں مشرقی امپھال ضلع میں سب سے زیادہ اسلحہ لوٹا گیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK