Inquilab Logo

اپوزیشن کا ۲۱؍ رکنی وفدمنی پور کے دورہ پر، انوراگ ٹھاکرکا طنز

Updated: July 29, 2023, 3:19 PM IST | Imphal

۲؍ روزہ دورے پر اپوزیشن لیڈران منی پور کے ریلیف کیمپوں کا دورہ کریںگےاور تشدد کے متاثرین سے ملاقات بھی کریںگے۔ انوراگ ٹھاکر نے طنز کیا کہ ’’کیا اپوزیش مغربی بنگال اور راجستھان میں خواتین پر ہوئے مظالم کی بھی رپورٹ پیش کرے گا؟‘‘

INDIA `s delegation on Manipur visit. Photo:PTI
انڈیا کا وفد منی پور کیلئے پرواز کرتے ہوئے ۔ تصویر: پی ٹی آئی

۳؍ ماہ سےجاری منی پور تشددکے دوران اپوزیشن کا ۲۱؍ ممبران پر مشتمل وفد آج منی پور کے دورہ پر ہے۔ واضح رہے کہ اس وفد میں کانگریس کے ادھیر رنجن چودھری اور گورو گوگوئی ، ترنمول کی سشمتا دیو ، ڈی ایم کے کی کنیموزی، آر جے ڈی کے منوج کمارجھا، جے ڈی یو کے چیف راجیورانجان ( للن ) سنگھ اور دیگر شامل ہیں۔ اپوزیشن کے اتحاد ’’انڈیا‘‘ کے قیام کےبعد یہ ان کا منی پو ر کا پہلا دورہ ہے جس کا دورانیہ ۲؍ دن ہے۔ اس ضمن میں بتایا جا رہاہےکہ آج وہ امپھال پہنچ جائیں گے، اس کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے منی پورکےچورا چاند پور ضلع میں جائیںگے جہاں وہ کوکی قبائلی گروہ کے لیڈران، شہری تنظیموں اورخواتین کے گروہوں سے ملاقات کریں گے۔ خبروں کے مطابق وہ اپنے۲؍ روزہ دورے کے دوران منی پور کے ریلیف کیمپوں میں جائیں گے اور امپھال واپس آنے سے پہلے تشدد کے متاثرین اور میتی برادری سے بھی ملاقات کریں گے۔ 
اس ضمن میں بی جے پی نے اپوزیشن کے ممبران پارلیمان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہےاور راجستھان اور مغربی بنگال میں خواتین کے خلاف ہونے والے مظالم کو دہرایا ہے۔ انوراگ ٹھاکرنے کہا کہ ’’یہ صرف دکھاوا ہے۔ جب انڈیا کا وفد منی پور سے لوٹے گا تو میں ادھیر رنجن چودھری سے پوچھنا چاہوں گا کہ کیاانہوں نے اپنی ریاست مغربی بنگال میں خواتین کےخلاف ہونےوالے مظالم میں ان کے ساتھ تعاون کیا تھا یا نہیں۔ کیا انڈیا کا یہ وفد راجستھان اور مغربی بنگال پر رپورٹ دے گا؟‘‘ 
کانگریس کےگورو گوگوئی نے کہا کہ ’’ ہم منی پور جا کر سچائی تلاش کریںگےاور اسے پارلیمنٹ میں واضح کریں گے۔ ‘‘ ترنمول کانگریس کی سشمتا دیو نے کہا کہ ’’ حکومت ہار گئی ہے، اس لئے ہمیں وہاں جانا ہے اور ڈھونڈنا ہے کہ اس مسئلہ کیا حل ہوسکتا ہے۔‘‘
آر جے ڈی کے منوج جھانےکہا کہ ’’ منی پور کو سننے کی ضرورت ہے اور ہم منی پور کے عوام کی آواز سننے اور ان کے مسائل کو سمجھنے کیلئے جا رہے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کے آغاز ہی سے منی پور اہم مسئلہ بنا ہوا ہے۔ اپوزیشن نےپارلیمنٹ میں منی پور پر بحث اور وزیر اعظم کے بیان کا مطالبہ کیا ہے لیکن مرکز کا کہناہے کہ وزیر داخلہ امیت شاہ منی پور کے مسئلے پر اپوزیشن کو جواب دیںگے۔ اسی معاملے کے پیش نظر تحریک عدم اعتماد بھی پیش کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK