Updated: February 11, 2026, 10:15 PM IST
| Gaza
اسرائیل کے ذریعے غزہ میں تھرموبارک ، اور آتشی ہتھیاروں کے استعمال کے نتیجے میں ہزاروں فلسطینی بخارات بن کر ہوا میں تحلیل ہوگئے، جن کی لاش تک نہ مل سکی،تحقیقات کے مطابق یہ ہتھیار ۲۵۰۰؍ سے ۳۰۰۰؍ درجہ سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت پیدا کرتے ہیں، جس کی شدت سے انسانی جسم مکمل طور پر خاک ہو جاتا ہے۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ میں تھرموبارک اور آتش زن ہتھیاروں کے استعمال کے نتیجے میں کم از کم ۲۸۴۲؍فلسطینی ایسے غائب ہوگئے جن کی لاشیں تک برآمد نہ ہوسکیں۔ تحقیقات کے مطابق یہ ہتھیار ۲۵۰۰؍ سے ۳۰۰۰؍ درجہ سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت پیدا کرتے ہیں جس سے انسانی جسم مکمل طور پر بخارات میں تبدیل ہو جاتا ہے۔الجزیرہ کے پروگرام،’’دی ریسٹ آف دی سٹوری،‘‘ میں یہ انکشاف غزہ کی سول ڈیفنس ٹیموں کے اعدادوشمار کی بنیاد پر کیا گیا۔ سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بصل کے مطابق جب کسی عمارت میں موجود افراد کی تعداد اور برآمد ہونے والی لاشوں میں فرق ہو تو تلاش کے بعد بھی اگر صرف خون یا جسم کے چھوٹے ٹکڑے ملتے ہیں تو انہیں بخار زدہ شمار کیا جاتا ہے۔متاثرہ خواتین میں یاسمین مہانی نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے کی تلاش میں تھیں مگر انہیں دفنانے کے لیے اس کی لاش تک نہ ملی۔
یہ بھی پڑھئے: محمد صفا کے ایپسٹین فائلز پر بیان نے دنیا کے ’’دہرے معیار‘‘ پر نئی بحث چھیڑ دی
بعد ازاں فوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے ایم کے۸۴؍، بی ایل یو ۱۰۹؍ بنکر بسٹر اور جی بی یو۳۹؍ والے بم استعمال کیے۔واضح رہے کہ جی بی یو۳۹؍ بم تباہی مچائے بغیر اندرونی دباؤ اور حرارت سے سب کچھ خاک کر دیتا ہے۔ المبینی اسکول اور المواسی محفوظ علاقے پر حملوں میں بھی یہی ہتھیار استعمال ہوئے۔سابق امریکی کانگریس وومن مارجوری ٹیلر گرین نے کہا کہ اگر یہ ہتھیار امریکہ نے فراہم کیے تو یہ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم ہیں۔غزہ کے وزارت صحت کے ڈاکٹر منیر البرش کا کہنا ہے کہ شدید حرارت سے جسمانی رطوبتیں فوری طور پر ابلنے لگتی ہیں جس سے ٹشوز بخارات بن جاتے ہیں۔قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہریوں اور جنگجوؤں میں تمیز نہ کرنے والے ہتھیاروں کا استعمال جنگی جرم ہے۔ جبکہ وکیل ڈیانا بٹو کا کہنا تھا کہ ان ہتھیاروں کی نوعیت جاننے کے باوجود ان کی فراہمی جاری ہے۔ یاد رہے کہ یہ انکشاف ایسے وقت میں ہوا ہے جب عالمی عدالت انصاف اور بین الاقوامی فوجداری عدالت میں اسرائیل کے خلاف مقدمات زیر التوا ہیں۔