• Mon, 01 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

منوج جرنگے اور حکومت میں پھر ٹکرائو کی صورتحال

Updated: August 26, 2025, 11:12 PM IST | Jalna

مراٹھا کارکن نے حکومت کے نمائندے کو بیرنگ لوٹایا ، احتجاج کے فیصلے پر قائم، ہائی کورٹ نے آزاد میدان پر دھرنے کی اجازت نہیں دی

Maratha social activist Manoj Jharnge and the Farnavi government face to face again (file photo)
مراٹھا سماجی کارکن منوج جرنگے اور فرنویس حکومت پھر آمنے سامنے( فائل فوٹو)

مراٹھا سماجی کارکن منوج جرنگے اور فرنویس حکومت کے درمیان ایک بار پھر ٹکرائو کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ یاد رہے کہ جرنگے آج جالنہ سے ممبئی کی طرف کوچ کرنے والے ہیں۔ ان کا ارادہ ممبئی کے آزاد میدان میں بھوک ہڑتال پر بیٹھنے کا ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ وہ تہوار (گنپتی) کے موقع پر احتجاج نہ کریں اور  اپنے پروگرام کو ملتوی کردیں۔ اس کیلئے جرنگے کے پاس حکومت کا نمائندہ بھی بھیجا گیا تھا لیکن جرنگے نے نمائندے کو بیرنگ لوٹا دیا اور  ۲۹؍ اگست کو ممبئی پہنچ کر آزاد میدان میں بھوک ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کیا۔ 
  یاد رہے کہ منوج جرنگے نے ۴؍ ماہ قبل ہی اعلان کر دیا تھا کہ وہ ۲۹؍ اگست کو اپنے حامیوںکے ساتھ ممبئی پہنچیں گے اور آزاد میدان میں بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے۔ اس کیلئے وہ ۲۷؍ اگست کو جالنہ سے نکلیں گے ۔ ان کے ساتھ ہزاروں کی تعداد میں مراٹھا باشندوں کا قافلہ بھی ہوگا۔ اب جبکہ ان کے جالنہ سے کوچ کرنے سے ایک روز قبل یعنی منگل کو وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے  اپنے آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی ( او ایس ڈی)  راجندر سابلے کو جالنہ روانہ کیا۔ سابلے منوج جرنگے سے ملاقات کی اور انہیں سمجھانے کی کوشش کی کہ اس وقت تہوار کا موقع ہے ، ممبئی میں یوں بھی بھیڑ ہوگی۔ ایسی صورت میں مراٹھا سماج کے مارچ کی وجہ سے  ٹریفک اور نظم ونسق کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔ جرنگے نے صاف لفظوں میں کہہ دیا کہ وہ بدھ کو کسی بھی صورت میں اپنا مار چ شروع کر یں گے۔ 
  مراٹھا کارکن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’’ ہم نے اپنی بھوک ہڑتال کی تاریخ کا اعلان ۴؍ ماہ قبل ہی کر دیا تھا۔  اب تک حکومت خاموش تھی۔ اب وہ کہہ رہے ہیں ہمارے مارچ کی وجہ سے  ٹریفک کا مسئلہ پیدا ہوگا۔ جرنگے کا کہنا تھا ’’ ٹریفک کا کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوگا ۔ ہم سب(مراٹھا) غریبوں کی اولاد ہیں، ہم خود بھی گنیش بھکت ہیں ۔ ہم ممبئی میں ماحول خراب نہیں ہونے دیں گے۔‘‘ انہوں نے کہا ’’ ممبئی جانے کے ہزاروں راستے ہیں  حکومت ہمیں کوئی بھی ایک راستہ دیدے۔ ہم اسی راستے سے جائیں گے اور اسی راستے سے واپس آجائیں گے۔ ‘‘ حکومت کے نمائندے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر جرنگے نے کہا ’’  میں نے ان سے کوئی بات نہیں کی ، اب جوبھی بات ہوگی وہ ممبئی میں ہوگی۔ 
 آزاد میدان پر بھوک ہڑتال کی اجازت نہیں 
  اس دوران بامبے ہائی کورٹ نے منوج جرنگے کے  مارچ کے خلاف داخل کی گئی عرضداشت پر سماعت کرتے ہوئے مراٹھا کارکن کو آزاد میدان پر بھوک ہڑتال اور دھرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ منوج جرنگے  نے اپنے دھرنے کیلئے پیشگی اجازت نہیں لی ہے۔ ایسی صورت میں ان کی ممبئی آمد سے نظم ونسق کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔ عدالت نے عرضداشت پر غور کرنے کے بعد حکم دیا کہ منوج جرنگے کو آزاد میدان میں بغیر اجازت دھرنا دینے یا بھوک ہڑتال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔  انہیں چاہئے کہ وہ ممبئی سے باہر کھارگھر یا نوی ممبئی میں کہیں احتجاج کریں ۔ یاد رہے کہ جرنگے جالنہ میں اپنے گاؤں انتراولی سراتی سے مارچ شروع کریںگے اور شیونیری قلعہ پہنچیں گے، پھر گرو نگر ، تلے گاؤں، لوناؤلہ، پنویل ، واشی اور چمبور ہوتے ہوئے آزاد میدان پہنچیں گے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK