Updated: August 23, 2026, 1:01 PM IST
| Washington
برغوثی کے اہل خانہ اور حامیوں کی طرف سے شروع کی گئی ’فری مروان مہم‘ (Free Marwan Campaign) کے ذریعے جاری کردہ اس بیان کی اب فلم، موسیقی، ادب اور ثقافت کی دنیا سے تعلق رکھنے والی ۲۰۰ سے زائد معروف شخصیات کی حمایت کر چکی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ”ہم مروان برغوثی کی مسلسل قید، ان کے ساتھ پرتشدد بدسلوکی اور قید کے دوران قانونی حقوق سے انکار پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔“
مارول فلمز اسٹارز بینیڈکٹ کمبربیچ، مارک رفالو اور ڈان چیڈل سمیت ۲۰ سے زائد اداکاروں نے ایک مشترکہ بیان کی حمایت کرکے اسرائیلی جیل میں قید فلسطینی لیڈر مروان برغوثی کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ برغوثی کے اہل خانہ اور حامیوں کی طرف سے شروع کی گئی ’فری مروان مہم‘ (Free Marwan campaign) کے ذریعے شیئر کئے گئے اس بیان کی اب فلم، موسیقی، ادب اور ثقافت کی دنیا سے تعلق رکھنے والی ۲۰۰ سے زائد معروف شخصیات کی حمایت کر چکی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیل کا مقبوضہ بیت المقدس میں’ ای ون‘ آبادکاری منصوبے پر کام شروع
بیان میں کہا گیا ہے کہ ”ہم مروان برغوثی کی مسلسل قید، ان کے ساتھ پرتشدد بدسلوکی اور قید کے دوران قانونی حقوق سے انکار پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔“ اس میں اقوام متحدہ نیز عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ”اسرائیلی جیل سے مروان برغوثی کی رہائی کیلئے فعال طور پر کوششیں کریں۔“
مارول فلموں میں ڈاکٹر اسٹرینج کا کردار ادا کرنے والے کمبربیچ، بروس بینر/ہلک کے کردار نبھانے کے حوالے سے معروف رفالو اور وار مشین کا کردار ادا کرنے والے چیڈل کے ساتھ مارول سے وابستہ دیگر اداکار کیٹ بلانشٹ، ٹلڈا سوئنٹن، ڈینیئل بروہل، ربیکا ہال، تاتیانا مسلانی اور کنگسلے بین-ایڈیر شامل ہیں۔ دستخط کرنے والے دیگر افراد میں ایان میک کیلن، برائن کاکس، رض احمد، ایلیٹ پیج اور ہیوگو ویونگ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ میں اسرائیل کے فضائی حملے جاری، حماس کے کمانڈر سمیت۱۰؍ فلسطینی شہید،۱۵؍زخمی
مروان برغوثی کون ہیں؟
واضح رہے کہ ۶۷ سالہ برغوثی، جو فتح کے ایک سینئر رکن ہیں، دوسری انتفاضہ کے دوران ۲۰۰۲ء میں گرفتاری کے بعد سے، دو دہائیوں سے زائد عرصے سے اسرائیل میں قید ہیں۔ ۲۰۰۴ء میں ایک اسرائیلی عدالت نے انہیں ۵ افراد کی ہلاکت کے حملوں کے الزام میں عمر قید کی پانچ سزاؤں کے علاوہ ۴۰ سال کی اضافی سزا سنائی تھی۔ برغوثی ان الزامات کی تردید کرتے ہیں اور عدالت کی قانونی حیثیت کو تسلیم کرنے سے بھی انکار کرتے ہیں۔ اپنی قید کے باوجود وہ فلسطینی سیاست میں ایک مقبول شخصیت بنے ہوئے ہیں، جہاں وہ ممکنہ مستقبل کے صدر کے طور پر رائے عامہ کے جائزوں میں مسلسل مضبوط پوزیشن پر ہیں اور ان کے حامی ان کا موازنہ نیلسن منڈیلا سے کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ترکی:غزہ فلوٹیلا پر حملہ کے حوالے سے نیتن یاہو کے خلاف نسل کشی کا وارنٹ جاری
’فری مروان مہم‘ مہم کو اس سے قبل مصنفین مارگریٹ ایٹ ووڈ اور اینی ایرنو، نیز موسیقاروں اسٹنگ، پال سائمن اور برائن اینو کی حمایت حاصل رہی ہے، جنہوں نے اس جدوجہد کا موازنہ منڈیلا کی رہائی میں مدد کرنے والی عالمی تحریک سے کیا۔ برغوثی کے اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ انہیں دورانِ حراست تشدد اور بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے ۲۰۱۱ء میں جیل میں خفیہ طور پر ۲۵۵ صفحات پر مشتمل ایک کتاب لکھی تھی۔ وہ ۵ نومبر کو پینگوئن (Penguin) پبلشرز کے ذریعے اپنی کتاب ”Unbroken: In Pursuit of Freedom for Palestine“ شائع کرنے جا رہے ہیں، جس کا تعارف ان کی اہلیہ فدویٰ برغوثی نے تحریر کیا ہے۔