Inquilab Logo

سرمائی اجلاس کے آخری دن ودھان بھون کے باہرزبردست احتجاج

Updated: December 31, 2022, 11:38 AM IST | Nagpur

ودھان بھون کی سیڑھیوں پر مہا وکاس اگھاڑی کے ایم ایل ایز نے ریاستی حکومت اور گورنر کے خلاف جم کر نعرے بازی کی ، ’’گورنر ہٹاؤ،ریاست بچاؤ‘‘ کانعرہ بلند کیا گیا

Opposition members, led by Ajit Pawar and Ambadas Danve, standing near the steps of Vidhan Bhavan and shouting slogans. Photo: PTI
اجیت پوار اور امباداس دانوے کی قیادت میں اپوزیشن کے اراکین، ودھان بھون کی سیڑھیوں کے پاس کھڑے ہوکر نعرے بازی کرتے ہوئے ۔تصویر: پی ٹی آئی

سرمائی اجلاس  کے آخری دن(جمعہ کو)  عظیم شخصیات کے متعلق توہین آمیز بیانات اور دیگر معاملات کے تعلق سے اپوزیشن   نے گورنر اور ریاستی حکومت کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ اس دوران ودھان بھون کامپلیکس ’’گورنر ہٹاؤ، ریاست بچاؤ‘‘ جیسے نعروں سے گونج اٹھا۔ 
عظیم شخصیات کے متعلق متنازع بیانات کے تعلق سے کارروائی نہ کرنے پر اپوزیشن برہم 
 تفصیلات کے مطابق مہاوکاس اگھاڑی کے ایم ایل ایز نے سیشن کے آخری دن  ودھان بھون کی سیڑھیوں کے پاس جم کر احتجاج کیا ۔اس دوران  ’’گورنر ہٹاؤ، مہاراشٹر بچاؤ،چور ہے چور ہے راجیہ پال چور ہے۔‘‘ جیسے نعرے لگائے گئے۔ مظاہرین اپنے ہاتھوں میں  کالی ٹوپیاں لہرا رہے تھے۔ احتجاج کے دوران   علامتی پتلوں پر بھی ناراضگی و غصہ نکالا گیا ۔ کچھ اراکین نے پلےکارڈ  اٹھارکھے تھے جن پر ’’بھاجیہ پال، بھرشٹاچاری سرکار‘‘ لکھا ہوا تھا۔ جبکہ مظاہرین نے ایک بینر دکھارہے تھے جس پر ’’راجیہ پال ہٹوا مہاراشٹر واچوا(گورنر ہٹائیے اور ریاست کو بچائیے‘‘درج تھا۔
مہاراشٹر کے گورنر کو جلد سے جلد عہدے سے ہٹانے کامطالبہ 
 مظاہرین کی قیادت قانون ساز اسمبلی میں  حزب اختلاف کے لیڈر اجیت پوار، قانون ساز کاؤنسل میں حزب اختلاف کے لیڈرامباداس دانوے ، مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے او ر این سی پی لیڈر روہت پوار کررہے تھے۔ مظاہرین نے کہا کہ   جس طرح فصلوں کی حفاظت کے لئے  کھیتوں میں کسان پتلے کھڑا کرتے ہیں۔ ان مجسموں کا مقصد پرندوں کو کھیتوں کی پیداوار برباد کرنے سے روکنا ہوتا ہے۔ جیسے ریاست میں وزیر اعلی اور نائب وزیر اعلی کی شکل میں دو مجسمے ہیں۔ اس وقت اپوزیشن نے کڑی تنقید کی کہ ان دونوں کے سامنے چراگاہوں کی زمینیں فروخت کی جارہی ہیں، اراضی چوری ہو رہی ہے، ریاست میں عظیم ہستیوں کی توہین ہو رہی ہے اور حکومت خاموش ہے۔  چیخ چیخ کر مطالبہ کیا گیا  تھا کہ مہاراشٹر کے گورنر کو جلد سے جلد عہدے سے بے دخل کیا جائے۔ اس موقع پر اپوزیشن نے ودھان بھون کی سیڑھیوں پر زور دار احتجاج کرتے ہوئے برسراقتدار لیڈران کو گھیرنے کی کوشش کی۔ مشتعل اراکین  اسمبلی کے نعروں  کی شدت سے  یہ اندازہ ہورہا تھا کہ ایم ایل ایز  میں گورنر کے تئیں کتنا عدم اطمینان ہے۔ احتجاج ختم ہونے کے بعد، علامتی مجسموں کو لاتیں مار کر غصہ کا اظہار کیا گیا۔ اس احتجاج میں    ویبھو نائک، وکاس ٹھاکرے، ورشا گائیکواڑ اور دیگر تمام ایم ایل ایز شامل تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK