Inquilab Logo

پنجاب میں دلت وزیر اعلیٰ کی حلف برداری پر مایاوتی کی تنقید، اسے کانگریس کا سیاسی ہتھ کنڈہ

Updated: September 21, 2021, 7:35 AM IST | Lucknow

بی ایس پی سپریمو کے مطابق کانگریس نے یہ فیصلہ اسمبلی الیکشن میں انتخابی فائدہ حاصل کرنے کیلئے کیا ہے، بی جے پی کو بھی کانگریس کا فیصلہ راس نہیں آیا، کہا: دلتوں سے کانگریس کی محبت کا دعویٰ جھوٹا ہے

Sunil Jakhar.Picture:INN
سنیل جاکھڑ تصویر آئی این این

صوبہ پنچاب میں کانگریس لیڈر چرن جیت سنگھ چنی کے ریاست کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف لینے کے بعدبی ایس پی نے کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے  اسے اس کا انتخابی ہتھکنڈہ قرار دیا ہے۔ بی جے پی کو بھی کانگریس کا یہ فیصلہ پسند نہیں آیا ہے۔ اس نے دلتوں سے کانگریس کی محبت کو جھوٹا قرار دیا۔ 
 خیال رہے کہ دلت سماج سے تعلق رکھنے والے کانگریس لیڈر چرن جیت سنگھ چنی نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف لے لیا ہے۔ پنجاب کی سیاست میں یہ پہلی بار  ایسا ہوا ہے جب کسی دلت لیڈر کو ریاست کی کمان سونپی گئی ہےلیکن مایاوتی کو کانگریس کا یہ فیصلہ پسند نہیں آیا۔اس پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس کو دلتوں سے کوئی محبت نہیں ہے، وہ صرف ان کے ووٹ لینا چاہتی ہے۔ 
 مایاوتی نے کہا کہ کانگریس نے یہ فیصلہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں انتخابی فائدہ حاصل کرنے کیلئے کیا ہےجبکہ سچ تو یہ ہے کہ کانگریس کو دلتوں پر بھروسہ نہیں ہے۔اسے صرف مصیبت میں دلت یاد آتے ہیں۔ یہ کانگریس کا ہتھکنڈہ ہے کہ پنجاب میں دلتوں کا ووٹ لینے کی خاطر کچھ مہینوں کیلئے چرن جیت سنگھ چنی کو پنجاب کا وزیر اعلیٰ بنا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے باشندوں کو کانگریس سے محتاط رہنا ہوگا۔
 انہوں نے بی جے پی کو بھی ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اسی طرح سے بی جے پی میں او بی سی سماج کیلئے محبت اُبھر آئی ہے۔ اگر بی جے پی اوبی سی کیلئے کچھ کرنا چاہتی ہے تو ذات پر مبنی مردم شماری کیوں نہیں کراتی؟ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ابھی تک سرکاری نوکریوں میں ایس سی، ایس ٹی کے خالی اسامیاں کیوں نہیں بھری گئی ہیں؟ انہوں  نے عوام کو محتاط کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بی جے پی اور کانگریس کے انتخابی ہتھکنڈوں سے محتاط رہنا ہوگا۔ملحوظ رہے کہ پنجاب میں دلت دو طبقوں میں بٹے ہوئے ہیں۔ یہاں پر روی داس اور والمیکی دو بڑے طبقے دلت سماج کی نمائندگی کرتے ہیں۔ مقامی علاقوں میں رہنے والے دلتوں کا بڑا طبقہ ڈیروں سے وابستہ ہے۔ انتخاب کے وقت یہ ڈیرے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔پنجاب میں چرن جیت سنگھ ساتھ ہی سکھ جندر رندھاوا اور اوم پرکاش سونی نے بھی پنجاب کے نئے نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا ہے۔
 دوسری طرف بی جے پی نے بھی اس پر تنقید کی ہے ۔ بی جے پی نے کہا کہ پنجاب کے دلت کانگریسی لیڈر چرنجیت سنگھ چنّی کو محض ۶؍ ماہ کیلئے  وزیراعلیٰ بناکر کانگریس نے دلت محبت کاجھوٹا دکھاوا کیا ہے۔بی جےپی کے سیکریٹری اور درج فہرست ذات  محاذ کے سابق صدر ونود سونکر نے کہا کہ ریاست میں چنی کو وزیراعلیٰ بناکر کانگریس ملک میں دلتوں کو بااختیار بنانے کا راگ الاپ رہی ہے لیکن سچ یہ ہےکہ پنجاب کے عوام نے کانگریس کو مسترد کردیاہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام اور دلت فرقہ بھولا نہیں ہے کہ کانگریس  نے آئین  کے معمار بابا بھیم راؤ امبیڈکر کے ساتھ کیسا سلوک کیا تھا؟ کانگریس نے بابو جگ جیون رام کو ملک کا وزیراعظم نہیں بننے دیا ۔
  سونکر نے کہا کہ’’عوام کو یاد ہے کہ۰۴۔۲۰۰۳ء میں کانگریس کے اقتدار والے مہاراشٹر میں اُس وقت کے وزیراعلیٰ ولاس راؤ  دیشمکھ کے خلاف عوام کھڑے ہوگئے تھے تب دلتوں سے محبت کا دکھاوا کرکے کانگریس نے سشیل کمار شندے کو وزیراعلیٰ  بنایا تھا لیکن۲۰۰۴ء میں چناؤ نتیجے کے بعد کانگریس نے شندے کو ہٹاکر دوبارہ  دیشمکھ کو وزیراعلی بنا دیا۔‘‘انہوں نے کہا کہ ٹھیک ایسے ہی۱۹۸۰ء میں راجستھان میں جگن ناتھ پہاڑیاں کو انتخاب سے  پہلے وزیراعلیٰ بنایا  اورالیکشن بعد ہٹا دیا۔

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK