• Thu, 12 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بی جے پی کے دباؤ میں میئر انتخاب مؤخر کیا جا رہا ہے :رشید طاہر مومن

Updated: February 12, 2026, 5:42 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

سابق رکن اسمبلی نے کہا کہ ریاست کے تقریباً تمام میونسپل کارپوریشنوں میں میئر کے انتخابات مکمل ہو چکے ہیں، مگر بھیونڈی میں تاحال نہ ہونا سوال کھڑے کرتا ہے

Former Member of Assembly Abdul Rashid Tahir Momin
سابق رکن اسمبلی عبدالرشید طاہر مومن

بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کو تین ہفتوں سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کا اعلان نہ ہونے پر بھیونڈی شہر کانگریس کمیٹی کے ضلع صدر اور سابق رکن اسمبلی ایڈوکیٹ عبدالرشید طاہر مومن نے سخت ردِعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی کے دباؤ کے باعث جان بوجھ کر میئر کے انتخاب میں تاخیر کی جا رہی ہے۔ایڈوکیٹ عبدالرشید طاہر مومن نے اپنے بیان میں کہا کہ ریاست مہاراشٹر کے تقریباً تمام میونسپل کارپوریشنوں میں میئر کے انتخابات مکمل ہو چکے ہیں مگر بھیونڈی میں تاحال اس کا اعلان نہ ہونا  سوال کھڑے کرتا ہے ۔ ان کے مطابق اس تاخیر کے پیچھے سیاسی مصلحتیں کارفرما ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کسی بھی صورت میں بھیونڈی میں اپنا میئر بنانا چاہتی ہے، حالانکہ عددی اعتبار سے اسے اکثریت حاصل نہیں ہے۔انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور شندے سینا کو ملا کر کل۳۴؍ کارپوریٹر بنتے ہیں جبکہ میئر   کیلئے۴۶؍ کارپوریٹروں کی ضرورت ہے۔ اسی کمی کو پورا کرنے کے لیے سیاسی جوڑ توڑ اور کارپوریٹروں کو توڑنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ تاہم کانگریس، این سی پی (ایس پی) اور دیگر جماعتوں کے منتخب نمائندے کسی دباؤ یا لالچ میں آنے والے نہیں ہیں جس کی وجہ سے میئر کے انتخاب کا اعلان مؤخر کیا جا رہا ہے۔
 رشید طاہر نے مزید کہا کہ میئر اورڈپٹی میئر الیکشن میں غیر ضروری تاخیر سے شہر کی ترقی متاثر ہو رہی ہے۔ میونسپل انتخابات کے دوران شہریوں سے سڑکوں، نالوں اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے وعدے کیے گئے تھے۔ بعض مقامات پر ترقیاتی کام شروع بھی ہوئے اور جے سی بی مشینوں کے ذریعے سڑکیں کھودی گئیں، مگر سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باعث کئی کام ادھورے چھوڑ دیے گئے ہیں۔ 
 انہوں نے کہا کہ عوام اس تاخیر کا خمیازہ بھگت رہے ہیں اور شہری زندگی شدید مشکلات کا شکار ہے۔انہوں نے مبینہ ہارس ٹریڈنگ پر بھی تشویش ظاہر کی۔ ایڈوکیٹ عبدالرشید طاہر مومن نے کوکن ڈویژنل کمشنر سے مطالبہ کیا کہ میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کی تاریخ فوری طور پر مقرر کی جائے اور انتخابی عمل کو مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں تاخیر اور سیاسی دباؤ ناقابلِ قبول ہے اور عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا جانا چاہیے۔رکن ِ اسمبلی رئیس شیخ نے بتایا کہ وہ بھی متعدد مرتبہ کوکن ڈویژنل کمشنر سے میئر انتخاب کے اعلان کا مطالبہ کر چکے ہیں۔ نیز درخواست کر چکے ہیں کہ انتخاب کے دوران کسی بھی قسم کی ہارس ٹریڈنگ نہ ہونے دی جائے۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK