• Tue, 03 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی : ممبئی میونسپل کارپوریشن کی تانسا پائپ لائن پھٹ گئی

Updated: February 03, 2026, 1:18 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

لاکھوں لیٹر پانی ضائع، بھیونڈی میں منگل کو پانی کی فراہمی متاثر، پرانی بھیونڈی کے بیشتر علاقے شامل۔

Water is flowing after the pipeline burst. Picture: Inquilab
پائپ لائن پھٹنے کے بعد پانی بہہ رہاہے۔ تصویر :انقلاب
ممبئی شہر کو پانی فراہم کرنے والی تانسا آبی پائپ لائن بھیونڈی کے ٹیمگھر (گووند نگر) علاقے میں اچانک پھٹ گئی جس کے باعث لاکھوں لیٹر پانی بہہ کر ضائع ہو گیا۔ اس حادثے کے نتیجے میں نہ صرف ممبئی بلکہ بھیونڈی شہر کی پانی کی فراہمی بھی شدید طور پر متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ پیر کی شب اور منگل کو بھیونڈی کے بیشتر علاقوں میں پانی کی کٹوتی رہے گی۔محکمۂ آب رسانی کے ایگزیکٹیو انجینئر سندیپ پٹناور کے مطابق تانسا پائپ لائن کے قریب تاڈالی سے ٹیمگھر تک سڑک کی کنکریٹائزیشن اور ایک چھوٹے پل کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ اسی دوران حفاظتی دیوار کی تعمیر کے لئے کی جانے والی کھدائی کے وقت پوکلین مشین کی زد میں آ کر مرکزی پائپ لائن پھٹ گئی، جس کے بعد بڑی مقدار میں پانی بہنے لگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسی پائپ لائن کے ذریعے بھیونڈی شہر کو یومیہ تقریباً۳۵؍ ایم ایل ڈی پانی فراہم کیا جاتا ہے، اس لئے پائپ لائن میں آنے والی خرابی کا براہِ راست اثر شہر کی آبی سپلائی پر پڑے گا۔محکمۂ آب رسانی نے واضح کیا ہے کہ منگل کو شہر کے کئی اہم علاقوں میں پانی کی فراہمی مکمل طور پر بند رہے گی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ممبئی میونسپل کارپوریشن کے محکمۂ آب رسانی کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جہاں خبر لکھے جانے تک جمع شدہ پانی کی نکاسی اور پائپ لائن کی مرمت کا کام جنگی پیمانے پر جاری تھا، تاکہ جلد از جلد پانی کی سپلائی بحال کی جا سکے۔
پانی کی بندش سے مغربی حلقہ کے پرانی بھیونڈی کے بیشتر علاقے متاثر ہونگے جن میں پدما نگر ، پٹیل کمپاؤنڈ، مادھو نگر، شمع نگر، وٹھل نگر، نیو ٹاورے کمپاؤنڈ، دودھ باوڑی ، حافظ نگر، نیو اسلام آباد، اعظمی نگر، دیوان شاہ، عیدگاہ روڈ، قاری ولی روڈ، درگاہ روڈ، کوتوال شاہ، دھوبی تالاب، بابو چونی والا بلڈنگ، چارچالی، حمال واڑہ ،تنڈیل محلہ، سوداگر محلہ، مقری شاہ، بھوئی واڑا، بھوسار محلہ، برہمن آلی، بازار پیٹھ، ہفسان آلی،زیتون پورہ، صمد سیٹھ باغیچہ، بنگال پورہ،سونا پور، تیلی محلہ، قیصر باغ، تھانہ روڈ، بوبڑے محلہ، غوری پاڑہ، کھجور پورہ، ناچن کمپاؤنڈ، صمد نگر، کنیری،  دھامنکر ناکہ، تین بتی، فیضان کمپاؤنڈ، روشن باغ، نظام پورہ  اور دیگر علاقے شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK