• Tue, 29 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج حکومت مہاراشٹر اور انجمن اسلام کا ’میگاجاب فیئر‘

Updated: September 29, 2026, 11:37 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

انجمن اسلام کیمپس، صابو صدیق کالج اور کالسیکر ٹیکنیکل کیمپس میںشرکت کیلئے سیکڑوں اُمیدواروںنے رجسٹریشن کرایا۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

مہاراشٹر حکومت اور انجمن اسلام کے اشتراک سے آج (منگل) ’میگاجاب فیئر ‘ کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ انجمن اسلام کیمپس (سی ایس ایم ٹی)، صابوصدیق کالج (ناگپاڑہ ) اور انجمن اسلام کالسیکر ٹیکنیکل کیمپس (نیوپنویل) میں روزگار میلہ لگایا جارہا ہے۔ روزگار کے متلاشی اُمیدواروں سے شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ ا س ’جاب فیئر‘ کا انعقاد ’پنڈت دین دیال اُپادھیائے روزگار مہا کمبھ‘ کے تحت کیا جا رہا ہے جس کا افتتاح ایس این ڈی ٹی مہیلا ودیا پیٹھ، ممبئی سے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس ویڈیوکانفرنسنگ کے ذریعہ صبح ۱۱؍ بجے کریں گے۔

  اس روزگار میلے کو ہنر، روزگار، انٹرپرینیورشپ  کے  ریاستی وزیر منگل پربھات لودھا کے ایماء پر منعقد کیا جارہا ہے ۔ ریاستی سطح کا روزگار میلہ کوکن اور ناسک کے ۱۲؍ اضلاع میں ۴۱۸؍ سے زیادہ اداروں کے ذریعے منعقد کیا جائے گا ۔ ان میں ممبئی   شہر و مضافات، تھانے، پال گھر، رائے گڑھ، رتناگیری، سندھو درگ کے ساتھ  ناسک، احمدنگر (اہلیہ نگر)، جلگاؤں، دھولیہ اور نندوربار اضلاع شامل ہیں ۔ میگا جاب فیئر کے ذریعے ۲۵؍ہزار سے زائد ملازمتوں کے مواقع دستیاب ہوں گے اور ایک ہزار ۵۰۰؍ سے زائد کمپنیاں اور ادارے اس میں شرکت کریں گے۔ امیدواروں کو ان کی تعلیمی قابلیت، مہارت اور تجربے کی بنیاد پر دستیاب اسامیوں کے تحت ملازمت کا موقع دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے:’’معاشرہ سے خرافات اور برائیوں کے خاتمے کیلئےغوث اعظمؒ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے‘‘

انجمن اسلام کی ایجوکیشن ڈائریکٹر اور حکومت ِ مہاراشٹر کی سابق سیکریٹری عین العطار نے انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ انجمن اسلام کیمپس( سی ایس ایم ٹی) اور صابو صدیق کالج( ناگپاڑہ ) کے جاب فیئرمیں شرکت کیلئے پیر کی شام ۷؍بجے تک تقریباً ایک ہزار۵۰؍ اور کالسیکر کیمپس نیوپنویل کیلئے ۲؍ ہزار ۳۰۰؍ اُمیدواروں نے رجسٹریشن کرایا ہے جبکہ مجموعی طور پر تقریباً ۱۳۰؍ کمپنیوں نے شرکت کرنےکی خواہش ظاہر کی ہے۔ ‘‘انہوں  نے یہ بھی کہا کہ ’’جن اُمیدواروں نے رجسٹریشن نہیں کرایا ہے،  وہ بھی جاب فیئر میں شرکت کرسکتے ہیں۔ ہم نے سوشل میڈیا کے علاوہ انجمن اسلام کے تمام اداروں اور ممبئی واطراف کے علاقوں کی مساجد سے بھی تعلیم یافتہ ، ہنرمند اور ضرورتمند نوجوانوں تک اطلاع پہنچانے کی کوشش کی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس موقع سے استفادہ کرسکیں۔‘‘

اس روزگار میلے کا مقصد مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی معروف کمپنیوں اور ملازمت کے متلاشی امیدواروں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ امیدواروں کو اپنی قابلیت، مہارت، تعلیمی اہلیت اور تجربے کے مطابق روزگار کے بہتر مواقع حاصل ہو سکیں ۔یہ جاب فیئر نوجوانوں، ہنرمند افراد، تکنیکی ماہرین، نئے فارغ التحصیل امیدواروں اور تجربہ کار افراد کیلئے بہت کارآمد ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK