Inquilab Logo

من کی بات میں’ `ہمار ہاتھی - ہمار گوٹھ ‘ نامی ریڈیو پروگرام کا ذکر

Updated: January 29, 2024, 12:10 PM IST | Agency | New Delhi

وز یر اعظم مودی نے اس دور میں ریڈیو کی اہمیت کا احساس دلایا۔ طلبہ سے’پرکشا پہ چرچا‘ میں ریکارڈ تعداد میں  حصہ لینے کی اپیل۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

وز یر اعظم نریندر مودی نے من کی بات میں ’ `ہمار ہاتھی - ہمار گوٹھ ‘ نامی ریڈیو پروگرام کا ذکر کیا اور اس دور میں  ریڈیو کی اہمیت کا احساس دلایا۔ ان کے مطابق ریڈیو پورے ملک کو جوڑنے کا ایک طاقتور ذریعہ ہے۔ 
اتوار کو اپنے ماہانہ پروگرام ’من کی بات‘ میں مودی نے کہا، ’’من کی بات کے ذریعے ہمارا اور آپ کا رشتہ ایک دہائی پرانا ہے۔ سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کے اس دور میں بھی ریڈیو پورے ملک کو جوڑنے کا ایک طاقتور ذریعہ ہے۔ ‘‘
انہوں نے اس دورا ن ریڈیو کی طاقت کا احساس دلانے کیلئے ایک مثال پیش کی۔ ان کا کہناتھا، ’’ریڈیو کی طاقت کتنی تبدیلی لا سکتی ہے؟ اس کی انوکھی مثال چھتیس گڑھ میں دیکھنے کو مل رہی ہے۔ گزشتہ ۷؍سال سے یہاں کے ریڈیو پر ایک مقبول پروگرام نشر کیا جا رہا ہے جس کا نام ’ہمار ہاتھی - ہمار گوٹھ‘ ہے۔ نام سن کر آپ سوچیں گے کہ ریڈیو اور ہاتھی میں کیا رشتہ ہو سکتا ہے؟ لیکن یہی ریڈیو کی خوبصورتی ہے۔ ‘‘
 انہوں نے مزید کہا، ’’چھتیس گڑھ میں یہ پروگرام ہر شام آل انڈیا ریڈیو کے ۴؍ مراکز امبیکاپور، رائے پور، بلاس پور اور رائے گڑھ سے نشر کیا جاتا ہے اور آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ چھتیس گڑھ کے جنگلات اور آس پاس کے علاقوں میں رہنے والے لوگ اس پروگرام کو بڑی توجہ سے سنتے ہیں۔ ’ہمار ہاتھی – ہمار گوٹھ‘ میں بتایا جاتا ہے کہ ہاتھیوں کا ریوڑ جنگل کے کس علاقے سے گزر رہا ہے؟ یہ اطلاعات یہاں کے باشندوں کیلئے بہت مفید ہے۔ جیسے ہی عوام کو ریڈیو کے ذریعے ہاتھیوں کے ریوڑ کی آمد کی اطلاع ملتی ہے وہ چوکنے ہوجاتے ہیں۔ جن سڑکوں سے ہاتھی گزرتے ہیں، کسی کے وہاں ادھر جانے کا خطرہ بھی ٹل جاتا ہے۔ ‘‘
 اس بارے میں وزیراعظم نریندر مودی نے مزیدبتایا، ’’جہاں ایک طرف اس سے ہاتھیوں کے ریوڑ سے نقصان کا امکان کم ہو رہا ہے، وہیں دوسری طرف اس سے ہاتھیوں کے بارے میں ڈیٹا اکٹھا کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ اس ڈیٹا کے استعمال سے مستقبل میں ہاتھیوں کے تحفظ میں بھی مدد ملے گی۔ یہاں سوشل میڈیا کے ذریعے ہاتھیوں سے متعلق معلومات بھی عوام تک پہنچائی جا رہی ہیں۔ اس سے جنگل کے آس پاس رہنے والوں کیلئے ہاتھیوں کے ساتھ چلنا آسان ہو گیا ہے۔ ملک کے دیگر جنگلاتی علاقوں میں رہنے والے لوگ بھی چھتیس گڑھ کے اس منفرد اقدام اور اس کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ‘‘
 نئی دہلی( ایجنسی): وزیراعظم مودی نے من کی بات میں ’پرکشا پر چرچا‘ میں ریکارڈ تعداد میں حصہ لینے کی اپیل کی۔ ان کے مطابق اب تک دوکروڑ طلبہ کا اندراج ہوچکا ہے۔ وزیر اعظم کے مطابق `پرکشا پہ چرچا تعلیم اور امتحانات سے متعلق بہت سے مسائل پر بات چیت کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ مودی نے اتوار کو اپنے ماہانہ پروگرام من کی بات میں کہا، ’’ کل۲۹؍تاریخ کو صبح۱۱؍ بجے ہم `’پرکشا پہ چرچا‘ بھی کریں گے۔ یہ ’پرکشا پہ چرچا‘ کا ساتواں ایڈیشن ہوگا۔ یہ ایک ایسا پروگرام ہے، جس کا میں ہمیشہ انتظار کرتا ہوں۔ اس سے مجھے طلبہ کے ساتھ گفت و شنید کرنے کا موقع ملتا ہے اور میں ان کے امتحان سے متعلق تناؤ کو کم کرنے کی بھی کوشش کرتا ہوں۔ گزشتہ۷؍ برس میں ’پرکشا پہ چرچا‘ تعلیم اور امتحانات سے متعلق مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کا ایک بہترین ذریعہ ثابت ہوا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ اس بار۲ء۵۲؍ کروڑ سے زیادہ طلبہ نے اس کیلئے اندراج کرایا ہے اور اپنی رائے بھی پیش کی ہے۔ ۲۰۱۸ء میں جب ہم نے پہلی بار یہ پروگرام شروع کیا تھا تو یہ تعداد صرف۲۲؍ ہزار تھی۔ ‘‘انہوں نے کہا، ’’طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنے اور امتحان سے متعلق تناؤ کے بارے میں بیداری کیلئے بہت ساری اختراعی کوششیں بھی کی گئی ہیں۔ میں آپ سبھی، خاص طور پر نوجوانوں اور طلبہ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کل ریکارڈ تعداد میں شامل ہوں۔ میں بھی آپ سے بات چیت کرنا پسند کروں گا۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK