Inquilab Logo

میٹرو ریل۳ ؍ پروجیکٹ مالی مشکلات سے دوچار

Updated: October 17, 2022, 11:22 AM IST | Agency | Mumbai

ء۳۳ء۵؍کلومیٹر طویل زیر زمین میٹرو پروجیکٹ پر لاگت۲۳؍ ہزار ۱۳۶؍ کروڑ سے بڑھ کر۳۷؍ ہزار۲۷۶؍کروڑ ہوگئی ہے۔ مزید ۲؍ہزار کروڑ روپے کا قرض لینے کافیصلہ

Like Marol, the construction of underground metro station is in progress in many areas of the city and its suburbs.Picture:INN
مرول کی طرح شہرومضافات کے کئی علاقوں میں زیرزمین میٹرواسٹیشن کی تعمیر کا کام جاری ہے لیکن مالی مشکلات کے سبب اس میں رکاوٹ پیدا ہوگئی ہے ۔ تصویر:آئی این این

 جنوبی ممبئی سے شروع ہونے والے زیرزمین میٹرو۳؍ پروجیکٹ کیلئے فنڈ ختم ہوجانے کی وجہ سے اس کی تعمیر کیلئے فوری طور پر مزید ۲؍ ہزار کروڑ روپے قرض لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کف پریڈ سے سیپز کے درمیان ۳۳ء۵؍ کلومیٹر طویل اس میٹرو لائن  پروجیکٹ کا ابتدائی تخمینہ ۲۳؍ ہزار ۱۳۶؍کروڑ روپے لگایا گیا تھا لیکن گزشتہ برس اس پر نظرثانی کے بعد اس کی تعمیر پر آنے والی لاگت بڑھ کر ۳۳؍ ہزار ۴۰۶؍ کروڑ روپے تک پہنچ گئی تھی اور اب اس پر آنے والا خرچ مزید بڑھ کر ۳۷؍ہزار ۲۷۶؍ کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے۔ ریاستی حکومت کے ذرائع کے مطابق میٹرو-۳؍ پروجیکٹ کی لاگت میں اضافہ کی وجوہات میں اس پروجیکٹ سے متاثر ہونے والوں کی بازآبادکاری اور ان کے ٹرانزٹ کے کرایہ میں اضافہ کے ساتھ مختلف مد میں آنے والے اخراجات میں اضافہ شامل ہے۔ اگرچہ اس پروجیکٹ کیلئے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جے آئی سی اے) ابتداء سے  ہندوستان کو قرض دیتی آئی ہے لیکن ۲؍ہزار کروڑ روپے کی جو اچانک ضرورت آن پڑی ہے، یہ رقم ریاستی حکومت ’اسٹیٹ بینک آف انڈیا‘ (ایس بی آئی) سے قرض لینے کی کوشش کررہی ہے۔  واضح رہے کہ جے آئی سی اے سے ۲۰۱۳ء میں ۴؍ ہزار ۱۵۶؍ کروڑ روپے، ۲۰۱۶ء میں ۶؍ہزار ۴۶۰؍ کروڑ روپے  اور ۲۰۱۸ء میں ۲؍ہزار ۸۰۰؍ کروڑ روپے بطور قرض قسط وار مل چکے ہیں۔ ریاستی حکومت نے اس پروجیکٹ کیلئے اس کمپنی سے مزید ۶؍ہزار ۶۸۹؍کروڑ روپے قرض طلب کئے تھے لیکن اس سے مزید ۳؍ہزار ۸۷۰؍ کروڑ روپے اضافی قرض کا مطالبہ کیا گیا ہے ساتھ ہی ریاستی حکومت نے مرکزی حکومت کو خط لکھ کر درخواست کی ہے کہ جے آئی سی اے کو پروجیکٹ کے قرض کی چوتھی قسط ادا کرنے کو کہا جائے۔سرکاری ذرائع کے مطابق اس پروجیکٹ کا ۷۵؍ فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اوراگلے برس دسمبر تک باندرہ کرلا کمپلیکس (بی کے سی) سے آرے کالونی تک کی میٹرو لائن مکمل کرلی جائے گی  پھر جون ۲۰۲۴ء تک جنوبی ممبئی میں کف پریڈ سے بی کے سی تک کی لائن مکمل ہونے کا امکان ہے۔اس پروجیکٹ کے تعلق سے یہ بھی کہا جارہا ہے کہ جاپان کے سفیر نے فروری ۲۰۲۱ء میں اُدھو ٹھاکرے کی سربراہی والی مہاوکاس اگھاڑی حکومت کو خط لکھ کر پروجیکٹ کے اخراجات میں اضافہ کی وجہ سے پیسوں کی کمی کے خدشہ کی طرف توجہ دلائی تھی ساتھ ہی جاپان کی جانب سے مزید مالی مدد کی پیشکش کی تھی لیکن اس پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا۔
 واضح رہے کہ شہرومضافات کے مختلف علاقوں میں زیرزمین میٹرو کیلئے سرنگ اور اسٹیشن بنانے کا کام تیزی سے  جاری کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK