Updated: September 03, 2026, 5:02 PM IST
| Mumbai
یکم ستمبر ۲۰۲۶ء سے ملک بھر میں کروڑوں صارفین کے اسمارٹ فون پر نیٹ ورک کمپنی کے بجائے SRK is on Vi کا پیغام درج ہے۔ یہ دیکھنے کے بعد صارفین حیران رہ گئے، اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک دوسرے سے پوچھنے لگے کہ یہ کیا معاملہ ہے۔ دراصل یہ ووڈافون آئیڈیا کی تشہیری مہم ہے ’’وی آئی بدل رہا ہے، دیکھتے رہئے‘‘ اور کمپنی نے بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ کو اپنا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا ہے۔
اگر ووڈافون آئیڈیا (وی آئی، وِی) صارفین نے اپنے موبائل فون کی اسکرین کے اوپری حصے میں اچانک نیٹ ورک نام کی جگہ ’’SRK is on Vi‘‘ لکھا دیکھا ہے تو یہ کسی خرابی، ہیکنگ یا فون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا نتیجہ نہیں، بلکہ کمپنی کی نئی برانڈنگ مہم کا حصہ ہے۔ شاہ رخ خان کو نئی برانڈ مہم کا چہرہ بنانے کے فوراً بعد Vi نے اپنے بعض صارفین کے موبائل پر نیٹ ورک ڈسپلے میں بھی یہی پیغام نمایاں کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بیت المقدس: اگست میں مسجد الاقصیٰ پر ۵۲۰۹؍ اسرائیلی آبادکاروں کے حملے
دلچسپ بات یہ ہے کہ کمپنی کی جانب سے عام ٹی وی اشتہار یا سوشل میڈیا پوسٹ تک محدود رہنے کے بجائے برانڈ کا پیغام براہِ راست صارف کے فون کی اس جگہ تک پہنچایا گیا ہے جہاں وہ ہر بار سگنل اور نیٹ ورک دیکھتا ہے۔ Vi کے کسٹمر کیئر اکاؤنٹ نے بھی سوشل میڈیا پر اس تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے ’’SRK is right in my phone‘‘ کے انداز میں اسے اپنی مہم کا حصہ قرار دیا ہے۔ یہ اقدام Vi کی بڑی برانڈ تبدیلی کے ساتھ سامنے آیا ہے۔ کمپنی نے اپنے پرانے ’’V!‘‘ لوگو کو تبدیل کرکے ’’Vi‘‘ کی نئی شکل متعارف کرائی ہے، جس میں مخصوص 3D sphere کو اوپر منتقل کیا گیا ہے۔ اسی کے ساتھ ’’Vi بدل رہا ہے… تیار رہئے‘‘ مہم شروع کی گئی اور شاہ رخ خان کو اس کا چہرہ بنایا گیا۔ نئی برانڈ شناخت کو کمپنی نے صارفین کے ڈجیٹل پلیٹ فارم، ریٹیل اور دیگر رابطوں میں مرحلہ وار نافذ کرنا شروع کیا ہے۔
تاہم فون کی اسکرین پر شاہ رخ خان کی موجودگی نے برانڈنگ سے زیادہ تجسس اور مزاح پیدا کیا ہے۔ ریڈ اٹ پر ایک صارف نے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے سوال کیا کہ آخر اسے یہ جاننے کی کیا ضرورت ہے کہ ’’SRK is on Vi‘‘۔ پوسٹ پر درجنوں صارفین نے ردعمل ظاہر کیا اور بعض نے بتایا کہ ان کے فون پر بھی یہی عبارت نمودار ہوئی ہے۔ ایک صارف نے مذاق میں لکھا، ’’SRK is yet to reach you‘‘، جبکہ ایک اور نے اسے محض نئی برانڈنگ قرار دیا۔
کچھ صارفین نے اس تبدیلی کو پسند بھی کیا۔ سوشل میڈیا پر ایک صارف نے اسے ایسا آئیڈیا قرار دیا جس پر اس کے تخلیق کار کو ’’raise‘‘ ملنا چاہیے، جبکہ شاہ رخ خان کے مداحوں کی جانب سے اسے خاصا جوش و خروش ملا۔ ایک مداح نے لکھا کہ شاہ رخ خان فون کی اسکرین پر ’’aura farming‘‘ کر رہے ہیں اور Vi صارف ہونے پر فخر محسوس ہو رہا ہے۔ لیکن ردعمل کا دوسرا رخ زیادہ طنزیہ تھا۔ بعض صارفین نے سوال کیا کہ موبائل کیریئر کو مشہور اداکار کا نام دکھانے کے بجائے نیٹ ورک سروس بہتر کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔ ایک پوسٹ میں کہا گیا کہ اشتہارات پر خرچ کرنے کے بجائے ملک بھر میں فائیو جی کوریج بڑھائی جائے۔ ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں پوچھا کہ کیا شاہ رخ خان کو برانڈ ایمبیسیڈر بنانے سے نیٹ ورک کی خرابی بھی دور ہوگئی؟
یہ بھی پڑھئے: ’’کانگریس کے نظریات کیلئے ڈٹ کر کھڑے رہیں‘‘
کچھ صارفین تو اس حد تک الجھن میں پڑ گئے کہ انہیں لگا فون میں کوئی مسئلہ ہوگیا ہے۔ ایک ریڈ اٹ صارف نے پوچھا کہ اس کے آئی فون پر اچانک یہ نام کیوں آرہا ہے، جس پر دوسرے صارفین نے جواب دیا کہ شاہ رخ خان Vi کے نئے برانڈ ایمبیسیڈر ہیں۔ کچھ نے یہ بھی بتایا کہ ہر فون پر عبارت ایک جیسی نہیں دکھ رہی؛ بعض ڈیوائسز پر اب بھی ’’Vi India‘‘، ’’Vodafoneidea‘‘ یا حتیٰ کہ پرانا ’’Idea‘‘ نام نظر آ رہا ہے۔ وی آئی کے لیے یہ مہم محض لوگو تبدیل کرنے سے کہیں بڑی کوشش بھی ہے۔ کمپنی ایسے وقت میں اپنی شناخت کو دوبارہ مضبوط کرنے کی کوشش کر رہی ہے جب وہ بڑے حریفوں کے مقابلے میں مارکیٹ میں اپنی جگہ مستحکم کرنے کے ساتھ نیٹ ورک اور سرمایہ کاری کو بڑھانے پر کام کر رہی ہے۔ Business Standard کے مطابق وی نے جولائی میں ۲۴۰۱۱۴؍ نئے صارفین حاصل کیے تھے، جو ۲؍ سال میں اس کا سب سے بڑا ماہانہ اضافہ تھا۔ کمپنی اگلے ۳؍ سال کے دوران تقریباً ۴۵؍ ہزار کروڑ کے کیپیکس منصوبے کے لیے فنڈنگ حاصل کرنے کی کوشش بھی کر رہی ہے۔
ایسے میں شاہ رخ خان جیسی بڑی اسٹار پاور کے ذریعے Vi کا مقصد صرف نئی شناخت کو نمایاں کرنا نہیں بلکہ صارفین کے ذہن میں برانڈ کو دوبارہ نمایاں کرنا بھی دکھائی دیتا ہے۔ ’’SRK is on Vi‘‘ اس حکمت عملی کا شاید سب سے غیر معمولی حصہ ہے، کیونکہ یہاں اشتہار صارف کے فون پر کسی الگ ایپ یا ویب پیج میں نہیں بلکہ اسی جگہ نمودار ہورہا ہے جہاں وہ اپنا موبائل نیٹ ورک دیکھتا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس مہم کے بارے میں ایک بات البتہ واضح ہے: وِی نے اپنے صارفین کو یہ ضرور بتا دیا ہے کہ SRK Vi پر ہیں، اب صارفین یہ دیکھ رہے ہیں کہ Vi واقعی کتنا بدلتا ہے۔