راہل گاندھی کی ناسک دورے پر پارٹی کارکنان کو تلقین، کانگریس کے ضلع صدور کی رہنمائی، قبائلی طلبہ کے وفد سے بھی ملاقات کی۔
EPAPER
Updated: September 03, 2026, 11:56 AM IST | Agency | Nashik
راہل گاندھی کی ناسک دورے پر پارٹی کارکنان کو تلقین، کانگریس کے ضلع صدور کی رہنمائی، قبائلی طلبہ کے وفد سے بھی ملاقات کی۔
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی بدھ کے روز ناسک دورے پر آئے تھے جہاں انہوں نے کانگریس کے مہاراشٹر بھر کے ضلع صدور سے ملاقات کی ۔ ایک تقریب کے دوران انہوں نے ان پارٹی عہدیداروں کی رہنمائی کی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اس موقع پر راہل گاندھی نے کانگریس کارکنان اور لیڈران کو تلقین کی وہ پارٹی کے نظریاست کی خاطر ڈٹ کر کھڑے رہیں۔
یہ بھی پڑھئے: یہودی آباد کاروں کے تشدد کے سبب دنیا ہمیں غنڈہ ومجرم سمجھنے پر مجبور: پولیس چیف
یاد رہے کہ کانگریس نے گزشتہ مئی مہینے میں ریاست کے ۶۹؍ ضلع صدر اور شہر صدر کا تقرر کیا تھا۔ راہل گاندھی بدھ کو انہی عہدیداروں سے ملاقات کیلئے آئے تھے۔ اس دوران انہوں نے پارٹی کے اعلیٰ لیڈران سے ملاقات کی۔ ساتھ ہی ان قبائلی طلبہ کےوفد سے بھی ملے جو ناگپور، امراوتی اور پونے سمیت مختلف مقامات پر اپنے حقوق کی خاطر احتجاج کر رہے ہیں۔ راہل گاندھی سے ملنے والے لیڈران میں سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان اور سابق وزیر عارف نسیم خان بھی شامل تھے۔ پرتھوی راج چوہان نے کہا کہ راہل گاندھی نے اس موقع پر مختلف مسائل پر گفتگو کی جن میں سب سے اہم تھا ایس آئی آر کے دوران مہاراشٹر کے ۲؍ کروڑ سے زائد ووٹروں کے نام کٹ جانا۔ ساتھ انہوں نے ہمارے ساتھ کسانوں کی خود کشی کے مسئلے پر بھی بات کی۔ کانگریس شکتی پیٹھ ہائی وے کی مخالفت کے معاملے میں کسانوں کا ساتھ دے گی۔اس کی وجہ سے کسانوں کو بڑے پیمانے پر نقصان ہونے کا اندیشہ ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ٹائیگر ووڈس پر لاپرواہی سے گاڑی چلانے کا الزام، ۵؍ سال کیلئے لائسنس معطل
راہل گاندھی کے ساتھ میٹنگ میں موجود سابق وزیر عارف نسیم خان نے انقلاب کو بتایاکہ اس اہم میٹنگ میں راہل گاندھی نے پارٹی کے رہنماؤں اور نئے ضلعی صدور کو ہدایت دی کہ وہ کانگریس کے نظریے پر سختی سے قائم رہیں اور عوام کے حقوق و انصاف کیلئے جدوجہد کریں۔ اس کے علاوہ ریاست کے کسانوں کو درپیش دشواریوں اور زرعی مسائل پر بھی گفتگو ہوئی۔ حال ہی میں ایس آئی آر۲۰۲۶ء کی جاری ڈرافٹ ووٹر لسٹ سے بڑی تعداد میں ووٹروں کے نام خارج کئے جانے پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس پر پارٹی کے آئندہ لائحہ عمل پر گفتگو ہوئی۔‘‘ انہوںنے مزید کہا کہ’’میٹنگ میں اقلیتوں کو درپیش مسائل پر بھی بات چیت کی گئی ۔راہل گاندھی نے قبائلی برادری کے طلبہ اور نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے ہوسٹل سے متعلق مسائل کو حل کروانے کی یقین دہانی کروائی۔
یہ بھی پڑھئے: اندور میں ’’چھاتروں کی گونج‘‘ میں حکومت کی رخنہ اندازی، ایک ہفتے کیلئے ملتوی
یاد رہے کہ راہل گاندھی کا بہت کم عرصے میں مہاراشٹر کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ اس سے قبل وہ ۲۲؍ اگست کو پونے میں منعقدہ ’چھاتروں کی گونج ‘ پروگرام سے خطاب کرنے آئے تھے جو خصوصی طور پر لڑکیوں کیلئے منعقد کیا گیا تھا۔ اس پروگرام کو عوام کی جانب سے خوب پذیرائی حاصل ہوئی تھی لیکن بدھ کے روز راہل گاندھی نے میڈیا سے کوئی بات نہیں کی نہ ہی کوئی خطاب کیا۔
انہوں نے پارٹی کے کارکنان اور ان سے ملنے آئے وفود سے ملاقات پر توجہ مرکوز رکھی۔ یاد رہے کہ آئندہ سال ناسک میں کمبھ میلے کا انعقاد ہونے جا رہا ہے جس کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں۔ اس پر کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں ۔ راہل گاندھی نے کمبھ میلے اور اس پر ہونے والے اخراجات کے تعلق سے بھی پارٹی لیڈران کےساتھ تبادلۂ خیال کیا۔