ہدایت کی تعمیل نہ کرنے والوں پر کارروائی کا سلسلہ شروع، مگر۳۰؍ جون سے قبل تک ایچ ایس آر پی نمبر پلیٹ کی درخواست دینے والے کارروائی سے مستثنیٰ۔
EPAPER
Updated: July 02, 2026, 10:20 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
ہدایت کی تعمیل نہ کرنے والوں پر کارروائی کا سلسلہ شروع، مگر۳۰؍ جون سے قبل تک ایچ ایس آر پی نمبر پلیٹ کی درخواست دینے والے کارروائی سے مستثنیٰ۔
یکم اپریل ۲۰۱۹ء سے قبل خریدی جانے والی تمام گاڑیوں پر ہائی سیکوریٹی( ایچ ایس آر پی ) نمبر پلیٹ لگانے کو لازمی قرار دیا گیا تھا ۔ ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ اور آر ٹی او نے شہر اور ریاست کے الگ الگ مقامات پر اسے نصب کرنےکی سروس فراہم کرنے کیلئے سینٹر قائم کئے تھے ۔ اس کے ساتھ ہی نمبر پلیٹ لگانے کیلئے ۴؍ بار دی گئی تاریخوں میں توسیع کی گئی تھی ۔ بعد ازیں ۳۰؍ جون کو دی گئی مہلت ختم ہوگئی ہے ۔ قابل ذکرہے کہ عروس البلاد ممبئی میںلاکھوںاور ریاست مہاراشٹر میںایک کروڑ سے زائد گاڑی مالکان نے اب تک ایچ ایس آر پی نمبر پلیٹ نہیں لگائی ہے ۔یہ بھی واضح رہے کہ ہائی سیکوریٹی نمبر پلیٹ لگانا اس لئے بھی لازمی قرار دیا گیا ہے کہ اس پر دیئے گئے بار کوڈ میں گاڑی سے متعلق اور گاڑی مالک سے متعلق تمام تر تفصیلات موجود ہوگی ۔ اس معاملہ میں دی گئی مہلت ختم ہونے کے ساتھ جہاں ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ اور آر ٹی کے علاوہ ٹریفک پولیس نےمذکورہ ہائی سیکوریٹی نمبر پلیٹ نہ ہونے پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے وہیں ان لوگوں کو راحت بھی دی ہے جنہوںنے ۳۰؍ جون سے قبل شہر و اطراف یا ریاست میں مختلف سینٹروں پر نمبر پلیٹ لگانے کی درخواست دی ہے ۔جن گاڑی مالکان نے ۳۰؍ جون سے قبل نمبر پلیٹ لگانے کی درخواست دی ہے ، ان کے خلاف نمبر پلیٹ لگانے کی دی گئی تاریخ تک کارروائی نہ کئے جانے کا فرمان جاری کیا گیا ہے ۔ساتھ ہی ان گاڑی مالکان کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا جنہوںنے اب تک نہ تو نمبر پلیٹ لگانے میں دلچسپی دکھائی ہے اور نہ اس کے لئے طے شدہ تاریخ تک درخواست دی ہے ۔
یہ بھی پڑھئے: غیر قانونی آئی وی ایف مراکز پر کارروائی کا مطالبہ
محکمہ ٹرانسپورٹ اور ریجنل ٹرانسپورٹ کے جاری کردہ فرمان کے مطابق جن گاڑی مالکان نے نمبر پلیٹ نہیں لگائی ہے وہ گاڑی فروخت کرنے سے لے کر انشورنس اور دیگر دستاویزی خدمات سے محروم کر دیئے جائیں گے ۔اطلا ع کے مطابق ممبئی و ریاست میںیکم اپریل ۲۰۱۹ء سے قبل خریدی جانے والی کل ۲؍ کروڑ ایک لاکھ گاڑیاں تھی جن میں ہائی سیکوریٹی نمبر پلیٹ لگانے کو لازمی قرار دیا گیا تھا ۔ریجنل آر ٹی او سے موصولہ اطلاع کے مطابق ۴؍ مرتبہ نمبر پلیٹ لگانے کی تاریخوں میں توسیع کی گئی باوجود اس کے اب بھی ایک کروڑ ۸؍ لاکھ گاڑیوں میں نمبر پلیٹ نہیں لگائی گئی ہے ۔