Inquilab Logo

ممبرامیں ۱۰؍ دن میں ٹریفک سگنل نہیں لگائے گئےتو احتجاج کیا جائےگا: ایم آئی ایم

Updated: November 21, 2022, 11:48 AM IST | Mumbra

یہاں ٹریفک کے مسئلے کے حل کیلئے اہم چوراہوں پر سگنل لگانے،زیبرا کراسنگ بنانےاور ممبرا میونسپل زچگی خانہ کو دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

Members of the MIM member Kalwa delegation giving a memorandum containing their demands to the municipal officers. .Picture:INN
میونسپل افسر کوایم آئی ایم ممبرا کلوا کے وفد کے شرکاء اپنے مطالبات پر مشتمل میمورنڈم دیتے ہوئے۔ ۔ تصویر:آئی این این

  یہاں ٹریفک کے مسئلے کے حل کیلئے اہم چوراہوں پر سگنل لگانے،زیبرا کراسنگ بنانےاور ممبرا میونسپل زچگی خانہ کو دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ مجلس اتحاد المسلمین (  ایم آئی ایم ) ممبرا کلوا اسمبلی حلقہ کے صدر سیف پٹھان نے   پارٹی کے دیگرعہدیداروں  کےہمراہ ممبرا کے ڈپٹی میونسپل کمشنر اور اسسٹنٹ میونسپل کمشنر کو میمورنڈم دے کر ٹریفک سگنل لگانے اور ممبرا میٹرنیٹی ہوم دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا ۔ وفد نے متنبہ کیا کہ اگر ۱۰؍ دن میں سگنل نصب نہیں کئے گئے تو مین روڈ پر احتجاج کیا جائے گا ۔  اس سلسلے میں سیف پٹھان نے بتایاکہ ’’ممبرا سے کوسہ جانے والے مین روڈ پر اسکول  چھوٹنے کے وقت اکثر ٹریفک جام رہتا ہے اور شام کے وقت یہ مسئلہ مزیدسنگین ہو جاتا ہے۔ اس سلسلے میں پارٹی کی جانب سے ۲۰۲۱ ء سے خط و کتابت کر کے مطالبہ کیاجارہا ہے کہ متل گراؤنڈ، امرت نگراور شملہ پارک جیسے اہم چوراہوں پر ٹریفک سگنل لگایا جائے اور پولیس اہلکاروں کو تعینات کیاجائے تاکہ یہ مسئلہ حل کیاجاسکے ۔ اسی سلسلےمَیں ہمارے وفد نے ڈپٹی میونسپل کمشنر منیش جوشی کو ۱۸؍  نومبر کوایک اور لیٹر دیا  جس میں ہمارے پرانے خطوط کا حوالے دے کر مطالبہ کیاگیا ہے کہ ۱۰؍دن میں ٹریفک سگنل نصب کئے جائیں۔‘‘  اس تعلق سے ایم آئی ایم ممبرا کلوا اسمبلی حلقہ کے خزانچی جاوید صدیقی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’’ ٹریفک کے سنگین مسئلہ کو حل کرنے کیلئے ٹی ایم سی اور محکمۂ ٹریفک سنجیدہ نظر نہیں آتا کیونکہ جب ہم نے ٹی ایم سی سے ممبراکوسہ میں ٹریفک سگنل لگانے کی درخواست کی تو انہوںنے  ایسا ظاہر کیا کہ انہیں نہیں معلوم کہ ممبرا میں ٹریفک جام کہاں ہوتا ہے۔ البتہ بعد میں انہوںنے ٹریفک سگنل اور زیبرا کراسنگ کیلئے فنڈ مختص کرنے کا یقین دلایا۔‘‘ انہوںنےمزید کہا کہ’’ ہم نے ممبرا حلقے کے اسسٹنٹ پولیس کمشنر سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ اہم چوراہوں پر ٹریفک سگنل اورزیبراکراسنگ کی ضرورت کی تصدیق کریں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK