او بی سی سماج کے نوجوانوں کی جانب سے اتل ساوے کو سیاہ جھنڈے دکھانے کی کوشش کو پولیس نے ناکام بنا دیا ، احتجاج کرنے سے پہلے ہی حراست میں لے لیا گیا۔
EPAPER
Updated: September 18, 2025, 12:32 PM IST | ZA Khan | Nanded
او بی سی سماج کے نوجوانوں کی جانب سے اتل ساوے کو سیاہ جھنڈے دکھانے کی کوشش کو پولیس نے ناکام بنا دیا ، احتجاج کرنے سے پہلے ہی حراست میں لے لیا گیا۔
مراٹھواڑہ مکتی سنگرام دن کے موقع پر ناندیڑ کے ماتا گجری جی وساوا گارڈن میں ریاستی وزیر اور ناندیڑ کے نگراں وزیر اتل ساوے کے ہاتھوں پرچم کشائی کی گئی۔پروگرام کا آغاز روایت کے مطابق شہیدوں کی یادگار پر پھول چڑھا کر کیا گیا۔ اتل ساوے اور دیگر معززین نے یہ رسم ادا کی۔ اس موقع پر پولیس دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔تقریب میں موجود شخصیات میں سابق وزیراعلیٰ اور راجیہ سبھا رکن اشوک چوان، رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر اجیت گوپچھڑے، اراکین اسمبلی بالاجی کلیانکر، بھیم راؤ کیرام، آنندراو تڑکے، ضلع کے اعلیٰ سرکاری افسران، سینئر صحافی، مجاہدینِ آزادی اور بڑی تعداد میں عام لوگ شریک تھے۔
اتل ساوے کو مخالفت کا سامنا
پروگرام سے قبل ریاستی حکومت کے مراٹھا ریزرویشن سے متعلق فیصلے سے ناراض او بی سی سماج کے کچھ نوجوانوں نے وزیر اتل ساوے کی مخالفت کی کوشش کی لیکن پولیس نے ان کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ درحقیقت پولیس کا اس احتجاج کے تعلق سے پہلے ہی علم ہو گیا تھا۔ لہٰذا اس نے وقت رہتے نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔ اطلاع کےمطابق مراٹھا ریزرویشن کے جی آر سے ناراض او بی سی برادری کے کچھ نوجوانوں نے ناندیڑ شہر کے پھلے چوک پر جمع ہو کر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ان کا ارادہ تھا کہ نگراں وزیر اتل ساوے کو سیاہ جھنڈے دکھائے جائیں ۔لیکن ان کے اس منصوبے کی معلومات پولیس کو پہلے ہی ہو گئی ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس فوراً حرکت میں آئی اور اس نے ان دونوں نوجوانوں کو موقع پر پہنچتے ہی حراست میں لے لیا، جس سے مظاہرے کو ہونے سے روک دیا گیا۔پولیس کے مطابق، حراست میں لیے گئے نوجوانوں کے خلاف ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کر دیے گئے ہیں۔