شہر کے مشہور چوک کا نام تبدیل کرنے کی تجویز کارپوریشن میں منظور۔
EPAPER
Updated: February 21, 2026, 8:27 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
شہر کے مشہور چوک کا نام تبدیل کرنے کی تجویز کارپوریشن میں منظور۔
ممبئی کے میرا روڈ علاقےمیں واقع نیا نگر ٹیپو سلطان چوک کا نام تبدیل کرکے اشفاق اللہ خان رکھنے کا ریزولوشن بی جے پی کی سربراہی والی میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن نے پاس کردیا ہے۔ ۲۰۱۶ء میں میونسپل کارپوریشن نے یہ چوک تعمیر کرکے اسے ٹیپو سلطان سے منسوب کیا تھا۔
یاد رہے کہ ۲۰۲۴ء کے انتخابات سے قبل بی جے پی ایم ایل اے نریندر مہتا نے ٹیپو سلطان چوک کا نام تبدیل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اب ایک ماہ قبل ہونے والے ’میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن‘ (ایم بی ایم سی) کے انتخابات میں بی جے پی کو اقتدار حاصل ہوگیا ہے۔ اس دوران میونسپل کارپوریٹر سنجے پوار نے میرا روڈ کے نیا نگر میں واقع ٹیپوسلطان چوک کا نام تبدیل کرنے کی باقاعدہ تجویز پیش کی تھی۔
اس تجویز پر جنرل اسمبلی میں بحث کے بعد بالآخر ۱۰؍ برس قبل دیئے گئے نام کو تبدیل کرنے کو بدھ کی شام منظوری دے دی گئی۔
ایم بی ایم سی نے ۲۰۱۶ء میں یہ چوک تعمیر کرکے اسے برٹش حکومت کے خلاف جنگ آزادی میں شہید ہونے والے ٹیپو سلطان سے منسوب کیا تھا۔ تاہم ایک طویل عرصہ سے بی جے پی کے لوگ ٹیپوسلطان کی کردار کشی کررہے ہیں اور انہیں مخصوص فرقہ کے خلاف ظلم کرنے والا قرار دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ حالانکہ کئی تاریخ داں بی جے پی کے دعوئوں سے اختلاف رکھتے ہیں لیکن برسراقتدار ہونے کی وجہ سے بی جے پی نے میرا روڈ میں چوک کا نام تبدیل کرنےمیں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ یاد رہے کہ ان دنوں ہندوتوا وادیوں کو ٹیپو سلطان کے نام سے ہر چیز کھٹک رہی ہے۔ حتیٰ واٹس ایپ کے ڈی پی پر ٹیپو سلطان کی تصویر لگانے سے معاملہ درج کیا جا رہا ہے۔