Inquilab Logo

جاپان میں آج کواڈ کانفرنس، مودی بھی پہنچے،کاروباریوں سے ملاقات

Updated: May 23, 2022, 11:59 PM IST | Tokyo

وزیراعظم نےجاپانی کمپنی این ای سی فاسٹ ریٹیلنگ کمپنی ،سوزوکی موٹر کارپوریشن اورسافٹ بینک گروپ کارپوریشن کے سربراہان کو ملک میں سرمایہ کاری کی دعوت دی

Prime Minister Narendra Modi can be seen with top executives and CEOs of two major Japanese companies
جاپان کی ۳۰؍اہم کمپنیوں کے اعلیٰ عہدے داران اور سی ای اوز کے ساتھ وزیراعظم نریندر مودی کو دیکھا جاسکتاہے

):امریکہ، آسٹریلیا، ہندوستان اور جاپان  پر مشتمل کواڈرینگولر الائنس(کواڈ) کاسربراہی اجلاس منگل کو جاپان میں منعقد کیا جارہا ہے۔اس کانفرنس میں شرکت کے لئےوزیراعظم مودی بھی۲؍روزہ دورے پر پہنچ چکے ہیں۔ یہاں پہنچنےپر وزیراعظم مودی کا شاندار خیر مقدم کیا گیا۔ یہاںوزیر اعظم نریندر مودی نےپہلی بارپیر کو یہاں جاپان کے۴؍اعلیٰ کاروباری لیڈروں سے ملاقات کی اور انہیں ہندوستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے امکانات اور ان سے فائدہ اٹھانے کے بارے میں بتایا۔
 کواڈ کانفرنس میں شرکت کے لیے آئےوزیراعظم مودی نےاپنی کاروباری ملاقاتوں کی شروعات این ای سی کارپوریشن کے صدرڈاکٹر نبوہیرو اینڈوسےکی،اور پھرفاسٹ ریٹیلنگ کمپنی کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر تاداشی یانائی ،سوزوکی موٹر کارپوریشن کے سینئر ایڈوائزر اوسامو سوزوکی اورسافٹ بینک گروپ کارپوریشن کے بورڈ ڈائریکٹر ماسایوشی سون سے بھی ملاقات کی۔
 اینڈوکے ساتھ اپنی ملاقات میں،مودی نے ہندوستان کے ٹیلی کام سیکٹر میں این ای سی کے کردار کی تعریف کی۔چنئی انڈمان اور نکوبار جزائر اور کوچی لکش دیپ آپٹیکل فائبر پروجیکٹس میں این ای سی کا تعاون اہم ہے۔ وزیر اعظم نے پروڈکٹیوٹی لنک انسینٹیو اسکیم کاخاکہ پیش کیا اور نئی ابھرتی ہوئی ٹکنالوجی کے بارے میں تبادلہ خیال کیااور ساتھ ہی ہندوستان میں ٹیکسیشن اورلیبر قوانین میں لبرلائزیشن کے بارے میں معلومات فراہم کی۔
 تاداشی یانائی کے ساتھ اپنی ملاقات میں، مودی نےہندوستان میں ٹیکسٹائل کے کاروبار کی ترقی اور پروڈکٹیوٹی لنک انسینٹیو اسکیم کے تحت سرمایہ کاری کے مواقع اور صنعتی ترقی، انفراسٹرکچر، ٹیکسیشن اور لیبر ریفارمز اورغیرملکی سرمایہ کاروںکو کاروبار کرنے میں آسانی کے شعبوں میں اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے یونیکلیو کو ہندوستان میں ٹیکسٹائل مینوفیکچرنگ ہب بنانے کی سمت میں زیادہ سے زیادہ شراکت پر زور دیا۔مودی نے یونیکلو کو ’پی ایم متر‘ اسکیم کا فائدہ اٹھانے کی پیشکش بھی کی۔
 اوسامو سوزوکی کے ساتھ اپنی ملاقات میں، مودی نےہندوستان میں سوزوکی موٹرز کے تعاون کو یاد کیا اور کہا کہ اس نے ہندوستان میں آٹوموبائل انڈسٹری کو بدل دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ سوزوکی موٹر گجرات پرائیویٹ لمیٹڈ اور ماروتی سوزوکی انڈیا لمیٹڈ آٹوموبائل اور آٹو کمپونینٹس سیکٹر میں پروڈکٹیوٹی لنک انسینٹیو اسکیم کے پہلے مستفید ہوئے ہیں۔ انہوں نے ہندوستان میں الیکٹرک گاڑیوں اور بیٹریوں کے لئے سرمایہ کاری اور مینوفیکچرنگ اور ری سائیکلنگ مراکز کے قیام کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ہندوستان میں مقامی اختراعی نظام قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
 ماسایوشی سون کے ساتھ اپنی ملاقات میں وزیر اعظم نے ہندوستان کے اسٹارٹ اپ سیکٹر میں سافٹ بینک کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے ہندوستان میں ٹیکنالوجی، توانائی اور مالیات کے شعبے میں مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے ہندوستان میں کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK