Inquilab Logo

مودی سرکار نے کورونا اور پیٹرول کی قیمتوں کو اَن لاک کردیا ہے

Updated: June 25, 2020, 9:12 AM IST | Agency | New Delhi

کورونا مریضوں کی تعداد اورپیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر راہل گاندھی کا طنز 

Petrol - Pic : INN
پیٹرول ۔ تصویر : آئی این این

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے پیٹرول اور ڈیزل کے مسلسل بڑھتے ہوئے دام  اور کورونا کے مریضوں کی تعداد میں ہر روز ہونے والے اضافے  پر مودی سرکار کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ بدھ کو انہوں  نے ایک ٹویٹ کےذریعہ  حکومت پر طنز کیا اور کہا ہے کہ مودی حکومت، کورونا کی وبا کا پھیلاؤ روکنے اور پٹرول ڈیزل کے دام قابو کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ انہوں  نے ٹویٹ کیا ہے کہ ’’مودی حکومت نے کورونا کی  وبا اورپیٹرول ڈیزل کی قیمتیں ’ان لاک‘ کردی ہیں۔‘‘ 
 اس ٹویٹ کو ٹیگ کرتےہوئے کانگریس نے ایک گراف  کے ذریعہ یہ بتایا ہے کہ ملک میں صرف کورونا کے مریضوں کا گراف ہی نہیں بڑھ رہا ہے بلکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا گراف بھی اوپر کی طرف جارہا ہے۔ واضح رہے کہ بدھ کو لگاتار ۱۸؍ ویں دن ایندھن کی  قیمتوں میں اضافہ کیاگیا ہے ۔ یہ اضافہ کچھ اس طرح کیا جارہاہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا فرق بھی ختم ہوتا نظر آرہا ہے بلکہ دہلی میں ڈیزل پیٹرول سے مہنگا ہوگیاہے۔ 
 کانگریس کا کہنا ہے کہ جب عالمی بازار میں خام تیل نچلی سطح پر ہے تو حکومت دام بڑھاکر لوگوں کو کیوں لوٹ رہی ہے۔پارٹی  کی ورکنگ کمیٹی   میں بھی منگل کو اس حوالے سے حکومت کی مذمت کی گئی اور کورونا کا پھیلاؤ روکے میں ناکام رہنے کے لئے  اسے تنقید کا نشانہ بنایاگیا۔ 

 دہلی میں ڈیزل پیٹرول سے مہنگا ہوگیا

ملک کی تاریخ میں پہلی بار ڈیزل کی قیمت  پیٹرول سے زیادہ ہو گئی ہے۔ اس سے عام لوگوں کی جیب پر مہنگائی کے بوجھ میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا  ہے کیونکہ ڈیزل کی قیمت میں اضافے سے سڑک کے ذریعہ مال برداری کے کرائے میں اب تک  ۱۲؍ فیصد اضافہ ہوگیا ہے اور اندیشہ ہے کہ دام اسی طرح بڑھتے رہنے سے یہ کرایہ اور کئی فیصد بڑھے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK