کانگریس نے پوچھا ’’ کیا یہی ہیں اچھے دن ؟‘‘ سی پی ایم نے شدید تنقید کی ، اضافہ فوری طور پر روکنے اورسلنڈر ۴۰۰؍ سے ۵۰۰؍ روپےکے درمیان لانے کا مطالبہ
Updated: July 07, 2022, 10:08 AM IST | new Delhi
کانگریس نے پوچھا ’’ کیا یہی ہیں اچھے دن ؟‘‘ سی پی ایم نے شدید تنقید کی ، اضافہ فوری طور پر روکنے اورسلنڈر ۴۰۰؍ سے ۵۰۰؍ روپےکے درمیان لانے کا مطالبہ
: عوا م کو مودی حکومت نے مہنگائی کا ایک اور بڑا جھٹکا دیا ہے۔ اس نے گھریلو گیس سلنڈر کے دام میں ۵۰؍ روپے کا اضافہ کردیا ہے۔ بدھ کو ۵۰؍ روپے فی سلنڈر اضافہ اس بہانے سے کیا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں گیس کے دام بڑھ گئے ہیں۔ بڑھتی ہوئی قیمتوں کا اطلاق بدھ سے ہی ہو گیا ہے ۔ اس اضافے کے بعد دہلی میں ایل پی جی سلنڈر ۱۰۵۳؍ ر وپے فی سلنڈر کے حساب سے دستیاب ہوگا۔پانچ کلو کے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اس میں ۱۸؍روپے فی سلنڈر کا اضافہ کیا گیا ہے لیکن ۱۹؍ کلو کے کمرشیل سلنڈر کی قیمت میں ۸ء۵۰؍روپے کی کمی کی گئی ہے۔
نئی قیمتیں نافذ ہونے کے بعد ممبئی میں گھریلو سلنڈ ۱۰۵۲؍ روپے میں دستیاب ہو گا جبکہ چنئی میں ۱۰۶۸؍ روپے میں ملے گا۔ دریں اثناء ۱۹؍کلو والے کمرشیل سلنڈر کی قیمت ۶؍دنوں میں دوسری بار کم کی گئی ہے۔کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں اس سے پہلے یکم جولائی کو۱۹۸؍ روپے کی کمی کی گئی تھی۔ اس کے بعد کئی شہروں میں کٹوتی ہوئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ ۲؍ ماہ میں گھریلو سلنڈ کی قیمت میں ۱۵۰؍ روپے کا اضافہ ہو چکا ہے ۔
اس تعلق سے کانگریس نے اپنے آفیشیل ٹویٹر اکائونٹ سے ٹویٹ کیا کہ ’’ کیا یہی ہیں اچھے دن ؟ جن کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن بی جے پی تو عوام کے برے سے برے دن لانے کو تیار ہے۔ ‘‘ دوسری طرف سی پی آئی (ایم) نے بھی مرکز پر شدید تنقید کی اور مطالبہ کیا کہ بڑھے ہوئے دام فوراً واپس لئے جائیں اور سلنڈر کی قیمت ۴۰۰؍ سے ۵۰۰؍ کے درمیان لائی جائے۔