Inquilab Logo

’’ مودی ایک باوقار عہد ہ پر رہ کر ایک عا م بی جے پی کارکن کی زبان بول رہے ہیں‘‘

Updated: April 23, 2024, 9:15 AM IST | Agency | New Delhi

وزیراعظم مودی کے مسلمانوں کے تعلق سے دئیے گئے انتہائی قابل اعتراض بیان پرکہ کانگریس ملک کی دولت دراندازوں میں تقسیم کردینا چاہتی ہے، کانگریس لیڈر کنہیا کمار نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہےکہ وزیر اعظم ایک باوقار عہدہ پر رہ کر ایک عام بی جے پی کارکنان کی کی زبان بول رہے ہیں۔

Congress candidate Kanhaiya Kumar. Photo: INN
کانگریس امیدوار کنہیا کمار۔ تصویر : آئی این این

وزیر اعظم مودی کے مسلمانوں  کے تعلق سے دئیے گئے انتہائی قابل اعتراض بیان پرکہ کانگریس ملک کی دولت دراندازوں میںتقسیم کردینا چاہتی ہے، کانگریس لیڈر کنہیا کمار نے سخت  تنقید کرتے ہوئے کہا  ہےکہ وزیر اعظم ایک باوقار عہدہ پر رہ کر ایک عا م بی جے پی کارکنان کی کی زبان بول رہے ہیں۔کنہیا نےیہاں ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ وزیر اعظم مودی کے جو دل میں ہے وہ اب ان کی زبان پر عیاں ہور ہاہے اور جس کی جیسی ذہنیت ہوتی ہے وہ ویسی ہی بات کرتا ہے ۔کنہیا نے کہا کہ اپنے دور اقتدار میں وزیر اعظم نے ملک کی فلاح وبہبود کیلئے کچھ نہیں کیا ، اس لیے وہ اب تفریق کی سیاست پر اتر آئے ہیں او ر پورے انتخابات میں یہی کریں گے ۔ کنہیا نے آگے کہا کہ وزیر اعظم مودی مہنگائی ،بے روزگاری پر کچھ نہیں کہیں گے ،آج ملک پر تقریباً۱۵۰؍ لاکھ کروڑ سے زائد قرضہ ہے ،وہ اس پر نہیں بولیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے لیے یہ خوش قسمتی کی بات ہے کہ ملک کے عوام نے ان کو دو مرتبہ ملک کا وزیر اعظم بنایا لیکن پورے ۱۰؍ سال تک اس باوقارعہدہ پر رہتے ہوئے وہ آج بھی اس زبان کا استعمال کر رہے ہیں جب وہ گجرات میں بی جے پی کے ایک عام کارکن تھے ۔
 کنہیا کمارنے کہاکہ وزیر اعظم مودی نے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے بیان کو تور مروڑ کر پیش کیا ہے ۔ ڈاکٹر صاحب نے اپنے۱۰؍ سالہ دور اقتدار میں ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے، یہ ساری دنیا جانتی ہے،آج وہ سیاست میں بھی سرگرم نہیں ہیں ،لیکن پھر بھی وزیر اعظم مودی اپنے ۱۰؍ سالہ دور اقتدار پر بات کرنے بجائے ان کے بیان کو تور مروڑ کر جھوٹ پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم مودی ’پھوٹ ڈالو راج کرو‘ کی حکمت عملی اپنا نا چاہتے ہیں اور ان کا حالیہ بیان ا س کی ایک کڑی ہے۔کنہیا کمار نے طنزیہ لہجے میں کہا کہ وزیر اعظم خود کو ’ سمراٹ ‘ اور ملک کے عوام کو ’ پرجا‘ سمجھتے ہیں، اگر ملک کے عوام میں عام شہری ہونے کا احسا س باقی ہے تو ان کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر سوا ل کریں کہ۲۰؍ کروڑ نوکریوں کہاں ہیں ؟ کسانوں کی آمدنی دوگنی کیوں نہیں ہوئی ؟کسانوںکا قرضہ معاف کیوں نہیں ہوا؟بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو کا نعرہ دینے کے بعد بھی آج بیٹیاں محفوظ کیوں نہیں ہیں ؟جس آدمی نے ملک کا آئین بدلنے کی بات کی تھی کیااس کو بی جے پی سے نکالا گیا؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK