ونچت بہوجن اگھاڑی کی ’مودی ہٹائو ، دیش بچائو ‘ مہم، پرکاش امبیڈکر نے کہاکہ ملک کی سالمیت کیلئے مودی کو اقتدار سے ہٹانا ضروری ہے
EPAPER
Updated: March 03, 2026, 11:21 PM IST | Mumbai
ونچت بہوجن اگھاڑی کی ’مودی ہٹائو ، دیش بچائو ‘ مہم، پرکاش امبیڈکر نے کہاکہ ملک کی سالمیت کیلئے مودی کو اقتدار سے ہٹانا ضروری ہے
ونچت بہوجن اگھاڑی کے سربراہ پرکاش امبیڈکر نے وزیر اعظم مودی کو انتباہ دیا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیں ورنہ وہ ان کے ’۲؍ ریل ‘ ( سوشل میڈیا ویڈیو) جاری کردیں گے۔پرکاش امبیڈکر نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کے پاس نریندر مودی کے وہ کون سے ۲؍ ویڈیو ہیں جن کی بنا پر مودی کا اقتدار سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے ۔ البتہ انہوں نے وزیر اعظم کو اس کیلئے اپریل تک کا وقت دیا ہے۔
ایک روز قبل ونچت بہوجن اگھاڑی کی جانب سے ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس( اسٹیشن) کے سامنے’مودی بھگائو دیش بچائو‘ عنوان سے زبردست احتجاج کیا گیا ۔ اسی جلسے کے دوران خطاب کرتے ہوئے امبیڈکر نے وزیر اعظم مودی کو براہ راست انتباہ دیا۔ امبیڈکر نے پر زور طریقے سے کہا کہ ، ’’وزیر اعظم نریندر مودی، اپریل تک ٹھہر جائیں ۔ اس بات کو ذہن میں رکھیں جب تک کہ آپ کی دو ریلیں جاری نہیں ہو جاتیں ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اگر آپ نہیں چاہتے کہ وہ ریل باہر آئیں، تواپنی کرسی چھوڑ دیں۔‘‘ انہوں نے کہا ’’ ہماراے پاس دو ہی راستے ہیں۔ یا تو ہم اپنے ملک کو بچائیں یا پھر آپ کو؟ اگر ہمیںاپنے ملک کی سالمیت کو بچانا ہے تو ہمیں آپ کی حکومت کو ختم کرنا ہوگا۔ اگر آپ کو اپنی عزت بچانی ہے تو آپ اپنی کرسی سے اتر جائیے۔ باقی ہم سب دیکھ لیں گے۔‘‘ انہوں نے کہا ’’ ہم بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانے کی بات نہیں کر رہے ہیں۔ حکومت آپ ( بی جے پی ) ہی کی رہے گی۔ عوام نےآپ کو ۵؍ سال کیلئے منتخب کیا ہے۔ آپ اپنی حکومت کے دوران الیکشن تو کروائیں گے نہیں لیکن اگر بی جے پی کو ملک کی خود مختاری قائم رکھنی ہے تو اسے نریندر مودی کی( حکومت کی) قربانی دینی ہوگی۔ ‘‘
پرکاش امبیڈکر نے دعویٰ کیا کہ ایپسٹن فائلوں میںزیر اعظم نریندر مودی کا نام درج ہے جس کی شفاف تحقیقات ہونی ضروری ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ امریکہ کے ساتھ جاری تجارتی معاہدے کی وجہ سے ملک کے معاشی مفادات متاثر ہو رہے ہیں۔
اس احتجاج کے دوران مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ان مسائل پر واضح موقف کا اعلان کرے۔ پرکاش امبیڈکر نے آر ایس ایس اسرائیل تعلقات، خارجہ پالیسی اور امریکہ کے ساتھ معاہدوں پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان دوبارہ غلامی کی طرف بڑھ رہا ہے، امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدہ ملک کے مفاد کے خلاف ہے۔ ونچت بہوجن اگھاڑی کے سربراہ یہ بھی مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم ایپسٹن کیس کے تعلق سے بھی وضاحت کریں۔ پرکاش امبیڈکر نے خلیجی ممالک میں کام کرنے والے ہندوستانی شہریوں کے تحفظ کے بارے میں بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دو کروڑ سے زیادہ ہندوستانی خلیجی ممالک میں کام کر رہے ہیں، اور اگر بین الاقوامی کشیدگی بڑھتی ہے تو ان کی حفاظت کا مسئلہ ہو سکتا ہے۔ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی دوسرے ممالک کے سامنے ناچتے ہیں، یہاں کے میڈیا مالکان ان سے سوال نہیں کرتے۔ عوام کا غصہ اس وقت عروج پر ہے۔ میڈیا سے ہمارا سوال ہے کہ آپ اسے دکھانے جا رہے ہیں یا نہیں؟
اس احتجاج کے دوران سی ایس ایم ٹی علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔ اس احتجاج میں ممبئی اور اس کے مضافات سے کارکنان کی بڑی تعداد شرکت کیلئے پہنچی تھی۔ اس احتجاج میں ریکھا ٹھاکر، پریہ درشی تلنگ، اتکرشا روپاوتے، دیشا پنکی شیخ، سجات امبیڈکر، چیتن اہیرے سمیت سیکڑوں عہدیداروں اور ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی۔مظاہرین نے ’مودی ہٹائو ، دیش بچائو کے نعرے لگائے۔