زکریا مسجد اسٹریٹ ،ابراہیم محمد مرچنٹ روڈ اوردیگر علاقوں کی ہائوس گلیاں بھرجا نے سےگندہ پانی سڑک پربہہ رہا ہے۔ شکایتوں کے باوجود توجہ نہ دینے کابی ایم سی پر الزام۔ مسئلہ حل نہ ہونے پر بی وارڈ کے گھیراؤ کا انتباہ۔
EPAPER
Updated: July 15, 2024, 10:57 AM IST | Saadat Khan | Mohammed Ali Rd
زکریا مسجد اسٹریٹ ،ابراہیم محمد مرچنٹ روڈ اوردیگر علاقوں کی ہائوس گلیاں بھرجا نے سےگندہ پانی سڑک پربہہ رہا ہے۔ شکایتوں کے باوجود توجہ نہ دینے کابی ایم سی پر الزام۔ مسئلہ حل نہ ہونے پر بی وارڈ کے گھیراؤ کا انتباہ۔
یہاں میمن واڑہ ، زکریا مسجد اسٹریٹ ، ابراہیم محمد مرچنٹ روڈ، کامبیکر اور سارنگ اسٹریٹ وغیرہ کی ہائوس گلیوں میں کوڑاکرکٹ کا انبار ہے بارش کے دنوں میں یہ ہاؤں گلیاں بھر گئی ہیں جس کی وجہ سے گندہ پانی راستے پر بہہ رہا ہے۔ گرائونڈ فلور کے مکانات میں ہائوس گلی کا گندہ پانی داخل ہو جانے سے مکینوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مقامی افراد نےشکایات کے باوجود توجہ نہ دینے کا شہری انتظامیہ پر الزام عائد کیا ہے۔
ابراہیم محمد مرچنٹ روڈ ، ۱۶۷/۱۶۹؍ کھڑک پر واقع کشمیری منزل کے شبیر منصوری نے اس نمائندے کو بتایا کہ ’’یوں تو عام دنوں میں بھی یہاں کی ہائوس گلیوں میں کوڑاکرکٹ کاا نبار ہوتا ہے لیکن بارش کے دنوں میں ان ہائوس گلیوں سے گندہ پانی اورکوڑاکرکٹ راستوں پر پھیل جانے سے راہگیروں اور مقامی افراد کو بڑی دقت ہورہی ہے۔ جب سے بارش شروع ہوئی ہے، یہاں کی ہائوس گلیوں سے نکلنے والے کچرے، گندگی اور تعفن سے لوگ پریشان ہیں۔ ہم لوگ ایک ڈیڑھ مہینے سے بی ایم سی کی اس جانب توجہ مبذول کروا رہے ہیں لیکن صاف صفائی کے نام پر صرف ہائوس گلی کے بیرونی حصہ کی صفائی کی جاتی ہے جس کی وجہ سے یہ مسئلہ جوں کاتوں ہے۔ ‘‘ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’’ہائوس گلی میں کوڑاکرکٹ بھی ان ہی بلڈنگوں میں رہنے والے پھینکتے ہیں۔ انہیں ایسا نہیں کرنا چاہئے لیکن لوگوں کاسوال ہے کہ ہائوس گلی میں نہیں تو پھر کچرا کہاں پھینکا جائے؟ بڑی بڑی عمارتوں کا کوڑاکرکٹ جمع کرکے بی ایم سی کی گاڑی میں پھینکنے کا پروگرام ایک مرتبہ ترتیب دیا گیا تھا لیکن وہ متعدد وجوہات کی بنا پرکارگرنہ ہوسکا۔ مقامی افراد کو بھی اس تعلق سے بیدار ہونا چاہئے۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے:ممبئی : جون میں بارش کم ہوئی مگر جولائی کی بارش نے تلافی کردی
زکریا مسجد اسٹریٹ کےمحمد ابراہیم غلام حسین امریلیانے کہا کہ ’’جب سے بارش شروع ہوئی ہے یہاں کی ہائوس گلیوں کا برا حال ہے۔ بارش کے پانی کے ساتھ ہائوس گلیوں کا کوڑاکرکٹ اور غلاظت راستوں پر بہہ رہی ہے جس سے راہ گیروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ان دنوں علاقہ میں محرم کی مجالس اور سبیل وغیرہ کانظم کیا جارہا ہے۔ ایسے میں گندہ پانی راستوں پر بہنے سے لوگوں میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ ‘‘
اس علاقے کے کانگریس کے بلاک پریسیڈنٹ امین پاریکھ نے مذکورہ مسائل سے متعلق بی وارڈ کے اسٹارم واٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ انجینئر نکھل کرتنے کو ایک لیٹر بھی دیا ہے جس میں ا ن علاقوں کی ہائوس گلیوں کی جلد از جلد صفائی کا مطالبہ کیاگیا ہے ساتھ ہی ۱۰؍ دن میں صفائی نہ ہونے کی صورت میں بی وارڈ کا گھیرائو کا انتباہ دیا گیا ہے۔
۴۷؍ زکریا مسجد اسٹریٹ کے مدثر گملیا کے بقول ’’ بارش کے پانی کے ساتھ ہائوس گلیوں کا کچرا اور گندگی راستوں پر بہہ رہی ہے جس کی وجہ سے گوہرہ محلہ مسجد اور سلطان شاہ بابا کی درگاہ جانے والوں کو سخت تکلیف ہو رہی ہے۔ سڑک پر بہنے والے گندے پانی سے اُٹھنے والی بدبو ناقابل برداشت ہے۔ بی ایم سی سے متعدد مرتبہ شکایت کی گئی ہے لیکن ابھی تک مسئلہ حل نہیں ہوا۔‘‘
مقامی رکن اسمبلی امین پٹیل سے اس بارے میں استفسار کرنےپر انہوں نےکہاکہ ’’ہائوس گلیوں کی صفائی کا مسئلہ سنگین ہے لیکن بی ایم سی نے ان دنوں ہائوس گلیوں کی صفائی اور مرمت سے متعلق دیئے گئے فنڈکو روک رکھا ہے جس کی وجہ سے یہ پریشانی ہو رہی ہے ، اس کے باوجود ہائوس گلیوں کی صفائی جلد کرائی جائے گی۔ ‘‘
بی وارڈ کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر ڈھونڈے صاحب سے بھی متعدد مرتبہ ان کے موبائل فون پر رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے فون ریسیو نہیں کیا۔ بعدازیں اسسٹنٹ انجینئر نکھل کرتنے سے استفسار کرنے پر انہوں نے ہائوس گلیوں کے مسائل سے متعلق لاعلمی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ’’آپ مجھے ان ہائوس گلیوں کی تفصیلات اور تصاویر وہاٹس ایپ کریں، میں فوراً ان کی صفائی کراتا ہوں۔
وہاٹس ایپ پر تفصیلات اور تصاویر دیکھنے کے بعد انہوں نے جواب دیا کہ’’ ان ہائوس گلیوں کی صفائی کرواکر آپ کو ان ہائوس گلیوں کی تازہ تصاویر روانہ کروں گا۔ ‘‘