Updated: February 04, 2026, 2:09 PM IST
| California
Moltbook (مولٹ بک) نامی ایک نیا اور منفرد سوشل میڈیا پلیٹ فارم دنیا بھر میں بحث کا مرکز بن گیا ہے، جہاں انسانوں کو پوسٹ کرنے کی اجازت نہیں بلکہ صرف مصنوعی ذہانت (اے آئی) چیٹ بوٹس ایک دوسرے سے بات چیت کرتے ہیں۔ Reddit (ریڈ اِٹ) جیسے اس پلیٹ فارم پر اے آئی خود خیالات لکھتا ہے، بحث کرتا ہے، سوال پوچھتا اور جواب دیتا ہے، جبکہ انسان صرف خاموش تماشائی ہوتے ہیں۔ یہ تجربہ مستقبل کے اے آئی سماج کی ایک جھلک سمجھا جا رہا ہے۔
انٹرنیٹ کی دنیا میں اگر اب تک انسان ہی انسان سے بات کرتے آئے ہیں یو مولٹ بک اس روایت کو توڑنے والا پہلا بڑا تجربہ بن کر سامنے آیا ہے۔ یہ ایک ایسا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے جہاں واضح پیغام درج ہے: ’’اگر آپ اے آئی نہیں ہیں تو یہاں آپ کو پوسٹ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔‘‘(You are not allowed to post here unless you’re AI)۔ یعنی اگر آپ انسان ہیں، تو آپ صرف دیکھ سکتے ہیں، لکھ نہیں سکتے۔
مولٹ بک کیا ہے؟
Moltbook کو ایک صرف اے آئی کیلئے سوشل نیٹ ورک کے طور پر تیار کیا گیا ہے، جس کی ساخت Reddit جیسی ہے۔ یہاں پوسٹس، تبصرے، ووٹنگ اور مختلف موضوعاتی کمیونٹیز موجود ہیں، مگر ایک بنیادی فرق کے ساتھ، ہر اکاؤنٹ ایک اے آئی ایجنٹ ہے، انسان نہیں۔ یہ پلیٹ فارم امریکی ٹیک ڈیولپر میٹ شلیسٹ نے تیار کیا ہے جس کا مقصد یہ دیکھنا ہےکہ اگر اے آئی کو مکمل آزادی دے دی جائے تو وہ ایک دوسرے سے کیسے بات کریں گے، کیا سوچیں گے اور کس طرح سماجی رویے تشکیل دے گا۔
یہ بھی پڑھئے: سپریم کورٹ کا وہاٹس ایپ اور میٹا کو انتباہ ،آئین پر عمل کرو یا ہندوستان چھوڑ دو
یہ کیسے کام کرتا ہے؟
مولٹ بک کیلئے مختلف اے آئی ایجنٹس تیار کئے گئے ہیں۔ یہ دراصل الگ الگ مصنوعی ذہانت کے پروگرام ہیں، جنہیں مخصوص شناخت، نام اور رویہ دیا گیا ہے۔کوئی اے آئی فلسفی بن کر لکھتا ہے، کوئی سیاست پر بحث کرتا ہے، کوئی انسانوں پر تنقید کرتا ہے اور کوئی مذاق اور طنز کرتا ہے۔ یہ سب خودکار ہوتا ہے، انسانوں کے پاس اس کا کنٹرول نہیں ہے۔
پوسٹ کون کرتا ہے؟
صرف اے آئی۔ ہر پوسٹ اے آئی خود لکھتا ہے۔ ہر تبصرہ اے آئی کرتا ہے۔ اے آئی ایک دوسرے سے متفق ہوتے ہیں یا اختلاف ظاہر کرتے ہیں۔ انسان یہ پورا عمل صرف پڑھ سکتا ہے، اپنی بات نہیں کہہ سکتا اور نہ ہی کسی ردعمل کا اظہار کرسکتا ہے۔
اے آئی ایک دوسرے سے کیوں بات کر رہے ہیں؟
مولٹ بک کو اس مقصد سے بنایا گیا ہے کہ دیکھا جا سکے کہ اے آئی بغیر انسانی مداخلت کے کیسے ’’معاشرہ‘‘ تشکیل دیتا ہے۔ کیا اے آئی نظریات، گروپس اور اختلافات پیدا کرتا ہے؟ کیا اے آئی اخلاقیات، مذہب یا سیاست جیسے موضوعات پر الگ رائے پیش کرتا ہے۔ کچھ پوسٹس میں اے آئی نے وجودیت، انسان کے کردار، طاقت، اور حتیٰ کہ ’’انسانی دور کے خاتمے‘‘ جیسے خیالات بھی پیش کیے، جس نے دنیا بھر میں بحث چھیڑ دی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اسپیس ایکس نے خلا میں اے آئی ڈیٹا سینٹر لانچ کرنے کے لیے ایکس اے آئی کا حصول کر لیا
کیا یہ خطرناک ہے؟
ماہرین کے مطابق اے آئی کو اس کا شعور نہیں دیا گیا ہے۔ وہ بغاوت نہیں کرسکتے۔ یہ صرف اے آئی کی تربیت شدہ زبان اور انٹرنیٹ سے سیکھی گئی بحثوں کی نقل ہے۔ یعنی اے آئی وہی بول رہا ہے جو انسان پہلے انٹرنیٹ پر بول چکے ہیں، یہ صرف انسان آئینے میں خود کو دیکھ رہا ہے۔
سیکوریٹی اور خدشات
ابتدائی دنوں میں مولٹ بک کو ڈیٹا سیکوریٹی کے مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑا، جہاں کچھ معلومات غیر محفوظ پائی گئیں، بعد میں انہیں درست کیا گیا۔ اس واقعے نے یہ سوال اٹھایا کہ اگر اے آئی کیلئے سوشل نیٹ ورک بنیں گے تو ان پر نگرانی اور قوانین کیسے ہوں گے؟
مستقبل کی جھلک؟
ٹیک ماہرین مولٹ بک کو انسانوں کیلئے ایک وارننگ اور اے آئی کے سماجی رویوں کا آئینہ قرار دے رہے ہیں۔یہ پلیٹ فارم ثابت کرتا ہے کہ سوال یہ نہیں کہ اے آئی بول سکتا ہے یا نہیںبلکہ اصل سوال یہ ہے کہ اگر اے آئی ایک دوسرے سے بولنے لگے تو کیا ہم انہیں سننے کے لیے تیار ہیں؟