Inquilab Logo

جموں کشمیر اور ہماچل پردیش میں بادل پھٹنے سے سیلابی صورتحال، راحت رسانی کا کام جاری

Updated: July 22, 2023, 9:12 PM IST | Srinagar/Jammu/Shimla

دریائے چناب کی سطح آب میں اضافہ۔ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔ چڑ گاؤں (ہماچل پردیش) میں تودے کی زد میں آکر دادا، دادی اور پوتا لاپتہ۔ آئندہ ۳؍ دنوں تک بھاری بارش کی پیشین گوئی۔ انتظامیہ کی لوگوں سے گھروں سے نہ نکلنے کی اپیل۔

People are moving to safer places after the water level of river Chenab rises. Photo: PTI
دریائے چناب کی سطح آب بڑھنے کے بعد لوگ محفوظ مقامات کی طرف جارہے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

ہندوستان میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں بادل پھٹنے کے واقعات بھی رونما ہورہے ہیں۔ کولگام (کشمیر) کے متعد د علاقوں میں بادل پھٹنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جس کے سبب لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو پولیس نے محفوظ جگہ منتقل کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق سہ پہر کے بعد ضلع کولگام کے دمہال ہانجی پورہ کے چوگال پورہ، کھور بٹہ پورہ ، چوچہ مولہ ، ٹنگمرگ ، کارول اور جابل علاقوں میں بادل پھٹنے کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آئی۔ اس کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی اور پانی بستی میں بھی گھس آیا جس وجہ سے اسکول کی عمارت کی دیواریں گرگئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سیلابی پانی کی وجہ سے کھڑی فصلوں اور میوؤں کے باغات کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ پورے علاقے میں خوف اوردہشت کا ماحول ہے جبکہ لوگوں کو محفوظ جگہ منتقل کرنے کی خاطر اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایس ڈی پی او دمال ہانجی پورہ کی سربراہی میں پولیس ٹیم فوری طورپر جائے وقوع پر پہنچی اور لوگوں کو دوسری جگہ منتقل کیا گیا۔لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔
جموں کے اکھنور میں سیلابی صورتحال
اسی طرح جموں کے اکھنور میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اس دوران ۹۷؍ خاندانوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کیا گیا ہے۔ جموںکشمیر میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسلا دھار بارش ہورہی ہے۔ دریائے چناب میں پانی کی سطح بڑھنےکے بعد اکھنور میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے نتیجے میں کئی رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ وادیٔ کشمیر کے شمال اور جنوب میں بھی بادل پھٹنے کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آئی ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق جموںکشمیر میں موسلا دھار بارش کے نتیجے میں ایک دفعہ پھر سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دریائے چناب کی حفاظتی دیواروں میں شگاف پڑنے کے بعد اکھنور سب ڈویژن کے کئی علاقوں میں سیلابی پانی گھس آیا جس کے بعد فوری طورپر بچاؤ کا کام شروع ہوا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چند روز قبل۴۳؍ کنبوں کو یہاں سے منتقل کیا گیا تھا۔ تاہم، سنیچر کی صبح سے بارش جاری رہنے کی وجہ سے صورتحال مزید بگڑ گئی۔آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا خدشہ ہے جس کے باعث دریائے چناب میں پانی کی سطح مزید بڑھ جائے گی اور اکھنور میں صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔
چڑگاؤں، ہماچل پردیش میں بادل پھٹا، دادا، دادی اور پوتا لاپتہ
ہماچل پردیش میں موسلادھار بارش کی وجہ سے کئی مقامات بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ شملہ ضلع کے روہڑو سب ڈویژن کی تحصیل چڑگاؤں میں بادل پھٹنے سے زبردستتباہی ہوئی ہے۔دوسری جانب چڑگاؤں کی ذیلی تحصیل جانگلہ ڈسوانی پنچایت کے جگوٹی میں بادل پھٹنے سے مقامی لیلیٰ کھڈ میں سیلاب آ گیا۔ چند افراد کے لاپتہ ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ اس دوران ایک ڈھابہ مٹی کے تودے کی زد میں آ گیا جس میں دادا دادی اور پوتا ملبے تلے دب گئے۔ ان کی شناخت روشن لال (۶۲؍ سال) ،بیوی بھاگا دیوی(۵۷؍ سال) اور پوتا کارتک (۱۱؍ سال) کے طور پر کی گئی ہے۔ سنیچر کی صبح پیش آنے والے واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں ۔ تاحال لاپتہ افراد کے بارے میں کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔ بادل پھٹنے سے علاقے میں شدید نقصان ہواہے۔ پولیس اور انتظامیہ نے مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر جے سی بی کی مدد سے راحت اور بچاؤ کا کام شروع کر دیا ہے۔چڑگاؤں کے نائب تحصیلدار سوربھ دھیمان نے اس کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈھابہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد اس کے ملبے میں دب کر لاپتہ ہو گئے ہیں ۔ ان میں دادا دادی اور پوتا شامل ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ 
غور طلب بات یہ ہے کہ محکمہ موسمیات نے ریاست میں اگلے تین دنوں تک موسلادھار بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ ریاست میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے۶۰۰؍ سے زیادہ سڑکیں بند ہیں ۔ اس کے علاوہ بڑی تعداد میں بجلی کے ٹرانسفارمرز ٹھپ پڑ گئے ہیں ۔ یاد رہے کہ دو دن پہلے چڑگاؤں کے کھابل میں ایک کار کھائی میں گرنے سے تین لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK